ہند-امریکہ تعلقات کی تاریخ میں نئے باب کا آغاز: بائیڈن

بائڈن کا کہنا ہے کہ ’’جمہوری اقدار کو برقرار رکھنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، ملک میں رہنے والے تقریباً 40 لاکھ ہند نژاد امریکیوں کا امریکہ کی ترقی اور مضبوط بنانے میں تعاون ہے۔‘‘

جو بائیڈن، تصویر یو این آئی
جو بائیڈن، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن نے جمعہ کو کہا کہ دنیا کے سب سے بڑے جمہوری ملک ہندوستان اور امریکہ دوطرفہ تعلقات کی تاریخ میں نیا باب شروع کر رہے ہیں۔ بائیڈن نے کہا کہ ’’ہندوستان اور امریکہ کے قریبی اور مضبوط تعلقات سے پوری دنیا کو فائدہ ہوسکتا ہے اور میرے خیال میں ایسا ہونا شروع ہو گیا ہے۔ آج ہم امریکہ ہندوستان تعلقات کی تاریخ کا ایک نیا باب شروع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "مجھے طویل عرصے سے یقین ہے کہ ہندوستان اور امریکہ کے تعلقات کئی عالمی چیلنجوں سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ 2006 میں نائب صدر بننے کے بعد میں نے کہا تھا کہ 2020 تک ہندوستان اور امریکہ دنیا کے قریب ترین ممالک میں شامل ہوں گے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور امریکہ مل کر کووڈ کی وبا کو ختم کر سکتے ہیں۔ آب و ہوا کی تبدیلی اور ہند بحرالکاہل کے خطے کو محفوظ بنانے کے بارے میں بھی وہ وزیر اعظم کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ "وزیر اعظم اور میں آج اس بات پر تبادلہ خیال کریں گے کہ ہم کووڈ- 19 سے لڑنے کے لیے مزید کیا کر سکتے ہیں اور دنیا کے سامنے آنے والے آب و ہوا کے چیلنجوں کا سامنا اپنے کواڈ اتحادیوں کے ساتھ ہند بحرالکاہل خطے کا استحکام کیسے یقینی بنا سکتے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ ’’جمہوری اقدار کو برقرار رکھنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ تنوع کے لیے ہمارا مشترکہ عزم ہے۔ ملک میں رہنے والے تقریباً 40 لاکھ ہند نژاد امریکیوں کا امریکہ کی ترقی اور مضبوط بنانے میں تعاون ہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ "اگلے ہفتے مہاتما گاندھی کی سالگرہ ہے اور یہ موقع ہم سب کو یاد دلاتا ہے کہ عدم تشدد، احترام، رواداری کا ان کا پیغام آج شاید پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے۔ لہذا میں آج وزیر اعظم کے ساتھ اپنی بات چیت کا منتظر ہوں۔ شکریہ۔”

جو بائیڈن نے اس سے قبل ایک ٹوئٹ کرکے کہا کہ آج صبح وہ وائٹ ہاؤس میں ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کی دوطرفہ ملاقات کی میزبانی کریں گے۔ وہ دونوں ممالک کے مابین گہرے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور آزاد اور کھلے ہند بحرالکاہل خطے کے قیام اور کووڈ وباو موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔