ہندوستان نے دو ماہ کی معطلی کے بعد کینیڈا کے شہریوں کے لیے ای-ویزا خدمات دوبارہ شروع کر دیں

ہندوستان نے سفارتی تنازعہ کے درمیان دو ماہ کے وقفے کے بعد کینیڈین شہریوں کے لیے ای-ویزا خدمات دوبارہ شروع کر دی ہیں، یہ معلومات ذرائع کے حوالے سے سامنے آئی ہیں

<div class="paragraphs"><p>ہندوستان، کینیڈا / سوشل میڈیا</p></div>

ہندوستان، کینیڈا / سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کینیڈا میں خالصتانی دہشت گرد ہردیپ سنگھ نجّر کی ہلاکت کے بعد ہندوستان اور کینیڈا کے درمیان سفارتی کشیدگی میں نمایاں اضافہ ہوا تھا۔ جس کے بعد ہندوستان نے کینیڈین لوگوں کے لیے ای ویزا سروسز معطل کر دی تھیں لیکن سفارتی تنازعہ کے درمیان دو ماہ کے وقفے کے بعد ہندوستان نے کینیڈینوں کے لیے ای ویزا خدمات دوبارہ شروع کر دی ہیں، یہ معلومات ذرائع کے حوالے سے سامنے آئی ہے۔

ذرائع نے بدھ کو میڈیا کو بتایا کہ ہندوستان نے تقریباً دو ماہ کے وقفے کے بعد کینیڈا کے شہریوں کے لیے الیکٹرانک ویزا خدمات دوبارہ شروع کر دی ہیں۔ سفارتی تنازعہ کے درمیان 21 ستمبر کو ویزا سروسز معطل کر دی گئی تھیں۔ دراصل، کینیڈا نے الزام لگایا تھا کہ جون میں کینیڈا میں خالصتانی دہشت گرد ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں ہندوستانی حکومت کے مبینہ ایجنٹ ملوث تھے۔ تاہم، ہندوستانی حکومت نے نجر کے قتل میں کسی بھی کردار کی سختی سے تردید کی اور ان الزامات کو مضحکہ خیز اور متحرک قرار دیتے ہوئے دعوؤں کی حمایت کے لیے ثبوت پیش کرنے کو کہا۔


ٹروڈو کے بیان کو یکسر مسترد کرتے ہوئے ہندوستان نے کینیڈا کے سینئر سفارت کار کو 5 دن کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔ تب کینیڈا نے اپنے شہریوں کو ہندوستان کے بعض حصوں کا دورہ نہ کرنے کی ایڈوائزری جاری کی تھی۔ جس کے جواب میں ہندوستان نے بھی کینیڈا کے لیے ایسی ہی ایڈوائزری جاری کی تھی۔ جس کے بعد ہندوستان نے کینیڈا میں موجود ہندوستان کے ویزا اپلیکیشن سینٹر کی خدمات معطل کر دی تھیں۔ وزارت خارجہ نے ہندوستانی معاملات میں کینیڈا کے سفارت کاروں کی مداخلت کا حوالہ دیتے ہوئے کینیڈا سے ہندوستانی میں اپنے سفارت کاروں کی تعداد کم کرنے کو کہا تھا۔

وزارت خارجہ نے کہا تھا، ’’کینیڈا ویزا دینے میں امتیازی سلوک کرتا ہے۔ ویزا سروس بند کرنے کا مقصد کینیڈین شہریوں کو ہندوستان آنے سے روکنا نہیں ہے۔ جن کے پاس ویزا ہے وہ آ سکتے ہیں لیکن سیکورٹی وجوہات کی بنا پر اسے روک دیا گیا ہے۔ ویانا کنونشن کے مطابق ہندوستان ہر سفارت کار کو مناسب سیکورٹی فراہم کرتا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔