تمام یہودیوں کو ہلاک ہو جانا چاہیے، کیونکہ ’یہودی شیطان کی اولاد ہیں‘: رابرٹ

امریکی شہر پِٹس برگ کی یہودی عبادت گاہ میں فائرنگ کرنے والے ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے، ٹرمپ نے ایک درجن یہودیوں کی ہلاکت پر قومی پرچم سرنگوں کرنے کا اعلان کیا ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

ڈی. ڈبلیو

امریکی ریاست پینسلوینیا کے شہر پِٹس برگ کے ایک یہودی کنیسہ میں داخل ہو کر فائرنگ کرنے والے مسلح شخص رابرٹ بوئرز کو 29 فوجداری الزامات کا سامنا کرنا ہو گا۔ مقامی دفتر استغاثہ نے ملزم پر یہ الزامات عائد کر دیئے ہیں اور ان الزامات کے تحت اُسے موت کی سزا بھی سنائی جا سکتی ہے۔ اُس کی بلا اشتعال فائرنگ سے کم از کم 11 افراد ہلاک اور چھ دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

46 سالہ رابرٹ بوئرز زخمی ہونے کے بعد پولس کی تحویل میں رہتے ہوئے ایک ہسپتال میں زیرعلاج ہے۔ بوئرز نے پِٹس برگ کے اس یہودی کنیسہ میں داخل ہو کر بلند آواز میں یہ بھی کہا تھا کہ تمام یہودیوں کو ہلاک ہو جانا چاہیے۔ اُس کے سوشل میڈیا پیج پر ’یہودی شیطان کی اولاد ہیں‘ کی عبارت بھی درج ہے۔

یہ یہودی عبادت گاہ پِٹس برگ کے علاقے اسکُورِل ہِل میں واقع ہے۔ یہ نواحی علاقہ پِٹس برگ کے یہودیوں کی اکثریتی آبادی پر مشتمل ہے۔ جس کنیسہ میں فائرنگ کی گئی، اُس میں ایک نومولود بچے کے نام رکھنے کی مذہبی تقریب جاری تھی۔ اسکُورِل ہِل کا کنیسہ قریب ڈیڑھ سو برس قبل تعمیر کیا گیا تھا اور اس کا نام ’ٹری آف لائف سیناگوگ‘ ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پِٹس برگ کے اس یہودی عبادت خانے میں فائرنگ اور ہلاکتوں پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔ امریکی صدر نے اس واقعے کو ’بدی کی مثال‘ قرار دیا۔ انہوں نے امریکا کی سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم کو 31 اکتوبر تک سرنگوں رکھنے کا اعلان بھی کیا۔

صدر ٹرمپ نے فائرنگ کے اس واقعے کو سامیت دشمنی کا شاخسانہ کہنے کے علاوہ ’قاتل کے حملے‘ کو ’سارے امریکا پر حملہ‘ قرار دیا۔ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ تمام امریکیوں کو متحد ہو کر سامیت دشمنی کا مقابلہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے ایسے جرائم میں ملوث افراد کو موت کی سزا دینے کی حمایت بھی کی۔ امریکی صدر ان دنوں وسط مدتی الیکشن کی مہم کے سلسلے میں ریاست اِلینوئے کے دورے پر ہیں۔

صدر ٹرمپ کے بڑی بیٹی ایوانکا ٹرمپ نے بھی اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا سامیت دشمنی کے ایسے واقعات سے زیادہ مضبوط ہوا ہے۔ ایوانکا ٹرمپ نے ایک یہودی کاروباری شخصیت جیئرڈ کُشنر سے شادی کر رکھی ہے اور وہ بطور مذہب یہودیت قبول کر چکی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔