کورونا کے ایک اور خطرناک ویرینٹ ’ایکس ای‘ کا ظہور، ہندوستان میں پایا گیا پہلا مریض

کورونا کے نئے ویرینٹ ’ایکس ای‘ سے متاثرہ خاتون جنوبی افریقہ سے ہندوستان لوٹی تھی اور وہ کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا چکی ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق یہ ویرینٹ بہت زیادہ خطرناک ہے

ہندوستان میں کورونا / Getty Images
ہندوستان میں کورونا / Getty Images
user

قومی آواز بیورو

ممبئی: ملک میں کورونا کا نیا یرینٹ ’ایکس ای‘ (XE Variant) داخل ہو گیا ہے اور ممبئی میں سب سے پہلا معاملہ درج کیا گیا ہے۔ یہاں ایک 50 سالہ خاتون کورونا کے ایکس ای ویرینٹ سے متاثر پائی گئی ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ خاتون کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا چکی ہے، اس کے باوجود وہ متاثر ہو گئی۔

’آج تک‘ کی رپورٹ کے مطابق کورونا کے ایکس ای ورینٹ سے متاثر پائی گئی خاتون میں وبا کی علامات ظاہر نہیں ہو رہی ہیں۔ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کی حالیہ سیرو سروے رپورٹ سے یہ معلومات منظر عام پر آئی۔

کورونا کے ایکس ای ویرینٹ سے متاثرہ پائی گئی خاتون پیشہ سے کاسٹیوم ڈیزائنر ہے اور وہ شوٹنگ کی ٹیم کا بھی حصہ ہے۔ اطلاعات کے مطابق مذکورہ خاتون 10 فروری 2022 کو جنوبی افریقہ سے ہندوستان آئی تھی۔ اس سے پہلے اس کی سفر کے سفر سے متعلق کوئی ریکارڈ نہیں ہے۔


خاتون نے کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا لی تھیں۔ وطن واپسی کے بعد اس کی کورونا کی جانچ رپورٹ نگیٹو پائی گئی تھی لیکن 2 مارچ کو معمول کی جانچ ہوئی تو وہ کورونا سے متاثر پائی گئی۔ خاتون کو اس کے بعد ہوٹل تاج کے ایک کمرے میں قرنطین کر دیا گیا۔ اگلے دن 3 مارچ کو جب اس کی پھر سے جانچ کی گئی تو اس کی رپورٹ پھر نگیٹو پائی گئی تھی۔

وہیں، ذرائع کے مطابق وزارت صحت نے ممبئی میں پائے گئے ویرینٹ کو ایکس ای ماننے سے انکار کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق انساکوگ کے جینومک ماہرین نے اپنی جان میں یہ پایا کہ یہ ویرینٹ ایکس ای ویرینٹ کی جینومک تصویر سے میل نہیں کھا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔