جیکسن نے عالمی کپ میں داغا ہندوستان کا پہلا گول
نئی دہلی: جیکسن تھونوجم نے فیفا انڈڑ 17 عالمی کپ فٹبال ٹورنامنٹ کی تاریخ میں ہندوستان کا پہلا گول اسکورر ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا لیکن میزبان ٹیم کو قابل ستائش کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے باوجود پیر کو کولمبیا کے ہاتھوں گروپ اے میں ایک۔ دو سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ جیکسن نے میچ کے 82 ویں منٹ میں گول کرکے ہندوستان کو ایک۔ ایک کی برابری دلائی لیکن کولمبیا نے اگلے ہی منٹ میں جوابی حملہ کرکے فتح کا گول داغ دیا۔ ہندوستان کی اس شکست نے جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں شائقین کا دل توڑ دیا۔
پہلی بار عالمی کپ میں کھیل رہے ہندوستان کی ٹورنامنٹ میں یہ مسلسل دوسری شکست ہے۔ اسے اپنے پہلے میچ میں امریکہ سے صفر۔ تین سے ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس ہار سے ہندوستان کی ناک آؤٹ میں جانے کی امیدیں تقریباً ختم ہوگئی ہیں۔
دوسری طرف کولمبیا نے گھانا سے ملی صفر۔ ایک کی ہار کے جھٹکے سے ابھرتے ہوئے شاندار واپسی کی اور تین پوائنٹ حاصل کرکے ناٹ آؤٹ کی اپنی امیدوں کو قائم رکھا۔ ہندوستان کو اپنا آخری گروپ میچ اسی میدان پر گھانا سے کھیلنا ہے جبکہ کولمبیا کی ٹیم اپنا آخری گروپ میچ نوی ممبئی میں امریکہ سے کھیلے گی۔
ہندوستان اس میچ میں ہار گیا لیکن اس نے کبھی ہار نہ ماننے والے جذبے سے سبھی کو اپنا دیوانہ بنالیا ہے۔ واقعی ہندوستانی فٹبال کے لئے وہ یادگار موقع تھا جب جیکسن نے شاندار ہیڈر سے برابری کا گول داغا۔
ہندوستانی ٹیم 82 ویں منٹ تک ایک گول سے پچھڑی ہوئی تھی لیکن اسی منٹ ملے کارنر پر جیکسن نے ہوا میں اچھلتے ہوئے ہیڈر سے برابری کا گول داغا تو جیسے پورا ہندوستان ہی خوشی سے اچھل پڑا۔ اس گول کی خوشی میں تھوڑی غلطی بھی ہوگئی اور وہ یہ تھی کہ ہندوستانی ڈیفنڈر کولمبیا کے جوابی حملے کا اندازہ نہیں لگا سکے تھے اور کولمبیا نے اگلے ہی منٹ میں ہندوستانی خیمے میں داخل ہوکر فتح کا گول داغ دیا۔
کولمبیا کے دونوں گول جوآن پنیلوزا نے 49 ویں اور 83 ویں منٹ میں کئے۔ جیت بھلے ہی کولمبیا کے ہاتھ آئی ہو لیکن ہندوستان نے بھی اسے برابر کی ٹکر دی۔
ہندوستان نے میچ کے پہلے ہاف میں گول کرنے کے تین موقع بنائے۔ آدھے وقت سے عین قبل راہل کینولی کا اسٹک شاٹ پوسٹ سے ٹکراگیا ورنہ ہندوستان کو اسی وقت برابری کا گول مل جاتا اور پھر میچ کی کہانی کچھ اور ہی ہوتی۔ راہل نے باکس کے اندر ملی گیند کو سینے پر روکا اور بائیں پیر سے زوردار شاٹ لگایا جو پوسٹ سے ٹکراگیا۔
پہلا ہاف گول کے بغیر رہنے کے بعد کولمبیا نے دوسرا ہاف شروع ہوتے ہی برتری بنالی۔ ہندوستان نے برابری تو کی لیکن اس نے امریکہ کے خلاف تیسرا گول کھانے کی غلطی دوہرا دی جس سے کولمبیا نے ہندوستان کے ہاتھوں سے ایک پوائنٹ چھین لیا۔
ہندوستانی گول کیپر دھیرج کی بھی تعریف کرنی ہوگی جنہوں نے میچ میں کئی شاندار بچاؤ کئے۔
پیراگوے ناک آؤٹ دور میں داخل
اس دوران نوی ممبئی میں پیراگوے نے نیوزی لینڈ کو چار۔ دو سے ہراکر گروپ بی سے ناک آؤٹ دور میں جگہ بنالی۔ پیراگوے کی لگاتار یہ دوسری جیت ہے اور اس کے چھ پوائنٹ ہوگئے ہیں۔ دوسری طرف نیوزی لینڈ کے کھاتے میں ایک پوائنٹ ہے۔
اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔