تاریخ کی عدم دستیابی کی وجہ سے بھنسالی سوشانت سنگھ کو کاسٹ نہیں کرسکے: پولیس
پوچھ گچھ کے دوران یہ بات سامنے آئی ہےکہ سوشانت سنگھ، بھنسالی کے ساتھ کام نہیں کرسکتے تھےکیونکہ ان کے پاس تاریخیں دستیاب نہیں تھیں۔
ممبئی پولیس نے منگل کے روز بتایاکہ بالی ووڈ ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی متوفی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کو چار فلموں میں کاسٹ کرنے کا ارادہ کر رہے تھے، لیکن ان کی تاریخوں کی عدم دستیابی کے سبب فلموں میں دوسرے اداکاروں کو لیاگیا۔
باندرہ پولیس، جو سوشانت سنگھ کی خودکشی کے معاملے میں پیشہ وارانہ دشمنی کا پتہ لگارہی ہے، نے بھنسالی سے پوچھ گچھ کرکے ان کا بیان ریکارڈ کیاتھا۔ اس معاملے کی تحقیقات کرنے والے ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ پوچھ گچھ کے دوران، یہ بات سامنے آئی کہ سوشانت سنگھ، بھنسالی کے ساتھ کام نہیں کرسکتے تھےکیونکہ ان کے پاس تاریخیں دستیاب نہیں تھیں۔
پولیس جانچ کررہی ہے کہ سوشانت ، بھنسالی کے ساتھ فلمیں کیوں نہیں کرپارہا تھا اور سوشانت کے دوسرے پروڈکشن ہاؤسز کے ساتھ معاہدوں کی بھی جانچ کی جارہی ہے۔ عہدیدار نے بتایا کہ اس کیس کی تمام اہم تفصیلات کی چھان بین کی جارہی ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے اب تک سوشانت کے کنبہ کے افراد ، قریبی دوستوں اور ساتھیوں سمیت 34 افراد کے بیانات قلمبند کیے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پولیس سوشانت کے مائیکرو بلاگنگ ہینڈل سے اپ لوڈ ہونے والے ان مبینہ ٹویٹس پر بھی ٹویٹر کے جواب کا انتظار کر رہی ہےجو ان کی موت سے قبل ہی سوشل میڈیا پر جاری تھیں ۔
افسران نے یہ بھی کہا کہ سوشانت جس عمارت میں رہائش پذیر تھے اس کی سی سی ٹی وی فوٹیج کو تفتیش کے لئے تحویل میں لیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم اداکار کے گھر میں کوئی سی سی ٹی وی نہیں لگا تھا۔پولیس نے اس سے قبل سوشانت کے جسمانی اعضاءکے نمونے اور جس کپڑے سے انھوں نے پھانسی لگائی تھی اسے فورنسک جانچ کیلئےکالینہ کی فورنسک لیبارٹری میں بھیج دیاہے اور رپورٹ کاانتظارہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔