وَن ڈے کی کپتانی سے بھی ہو گئی وراٹ کوہلی کی چھٹی، روہت شرما نئے کپتان مقرر
جنوبی افریقہ دورے کے لیے ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کیا گیا ہے، وراٹ کوہلی کی قیادت والی ٹیم میں روہت شرما کو اجنکیا رہانے کی جگہ نائب کپتان بنایا گیا ہے، روہت کو وَن ڈے کا کپتان بھی مقرر کیا گیا ہے۔
جنوبی افریقہ کے ساتھ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز 26 دسمبر سے شروع ہونے والی ہے۔ اس کے لیے ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کیا گیا ہے۔ وراٹ کوہلی کی قیادت والی ٹیم میں روہت شرما کو اجنکیا رہانے کی جگہ نائب کپتان بنایا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی روہت شرما کو وَن ڈے ٹیم کی کپتانی سونپی گئی ہے۔ یعنی وراٹ کوہلی کی وَن ڈے کی کپتانی سے چھٹی ہو گئی ہے۔
اس درمیان اجنکیا رہانے اور چیتیشور پجارا کو خراب فارم کے باوجود ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ اس بات کی جانکاری بی سی سی آئی نے بدھ کے روز دی۔ اضافی کھلاڑی کے طور پر نودیپ سینی، سوربھ کمار، دیپک چاہر اور ارزن ناگواسوالا کو رکھا گیا ہے۔ رویندر جڈیجہ، شبھمن گل، راہل چاہر اور اکشر پٹیل زخمی ہیں، اس لیے وہ کسی بھی فارمیٹ کے لیے دستیاب نہیں ہو پائیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ جنوبی افریقہ میں کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز آئی سی سی عالمی ٹیسٹ چمپئن شپ کے نئے سرکل کا حصہ رہے گی۔ اس ٹیسٹ سیریز میں وراٹ کوہلی ٹیم کی قیادت کریں گے اور روہت شرما نائب کپتان رہیں گے۔ اس درمیان چیتن شرما کی قیادت والی سلیکشن کمیٹی نے اعلان کر دیا ہے کہ وَن ڈے اور ٹی-20 ٹیموں کی قیادت روہت شرما کریں گے۔ ان دونوں فارمیٹ میں وراٹ کوہلی کھیلنے کے لیے موجود تو رہیں گے، لیکن کپتانی نہیں کریں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔