پاکستان نے ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں دوسری مرتبہ 3-0 سریز جیتی

Getty Images
Getty Images
user

سید پرویز قیصر

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو36 رن سے ہراکر تین ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں کی سریز3-0 سے جیتی۔ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں یہ دوسرا موقع تھا جب پاکستان نے تین ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں کی سریز میں سبھی میچوں میں کامیابی حاصل کی۔ اس سریز کے پہلے دو میچ متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے تھے جبکہ آخری میچ کیلئے سری لنکا کی ٹیم پاکستان آئی۔

سری لنکا کی ٹیم لگ بھگ آٹھ سال کے بعد پاکستان آئی تھی۔ اس نے پاکستان کا آخری دورہ مارچ2009 میں کیا تھا۔تب بھی لاہورکے قذافی اسٹیڈیم میں سریز کا دوسراٹسٹ کھیلا گیا تھا۔ اس ٹسٹ میں دو دن کا کھیل ہوا تھا۔ تیسرے دن سری لنکا کی بس پر ہوٹل سے اسٹیڈیم آتے ہوئے حملہ ہوا تھا جس کے بعد یہ ٹسٹ رد کردیا گیا تھا۔ گذشتہ ماہ آئی سی سی کی عالمی الیون نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور تین ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں کی سریز کھیلی تھی۔ پاکستان کرکٹ بورڈکی درخواست پر سری لنکا متحدہ عرب امارات کے دورے پر آخری میچ لاہور میں کھیلنے پر رضامند ہوگئی تھی۔

پاکستان نے سری لنکا کے خلاف پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سریز5-0 سے جیتنے کے بعد پہلا ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ سات وکٹ سے جیتا تھا۔ 26 اکتوبر کو ابو ظہبی میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے سری لنکا سے بلے بازی کرائی تھی۔ سری لنکا کے سبھی کھلاڑی 18.3 اوور میں102 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے جس کے جواب میں پاکستان نے17.2 اوور میں تین وکٹ پر 103رن بناکر میچ سات وکٹ سے جیتا تھا۔اگلے دن اسی میدان پر کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے کامیابی تو حاصل کی مگر دو وکٹ سے۔ سری لنکا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے20 اوور میں نو وکٹ پر124 رن بنائے تھے ۔ پاکستان نے19.5 اوور میں آٹھ وکٹ پر125 رن بناکر میچ میں کامیابی حاصل کی تھی۔ تیسرے میچ میں پاکستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے20 اوور میں تین وکٹ پر 180 رن بنائے تھے۔ سری لنکا نے مقررہ 20 اوور میں نو وکٹ پر144 رن بنائے تھے۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ستمبر2016 میں کھیلی گئی تین ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں کی سریز میں سبھی میچ جیتے تھے۔دوبئی میں23 ستمبرکو ہوئے پہلے میچ میں پاکستان نے نووکٹ سے کامیابی حاصل کی تھی۔اگلے دن پاکستان نے دوسرا میچ16 رن سے جیتا تھا۔ سریز کا تیسرا اور آخری میچ جو ابوظہبی میں27ستمبر کو کھیلا گیا تھا، پاکستان نے آٹھ وکٹ سے جیتا تھا۔

پاکستان کے علاوہ افغانستان کی دوسری ٹیم ہے جس نے تین ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں کی سریز میں سبھی میچ جیتے۔اس نے ایسا متحدہ عرب امارات کے خلاف متحدہ عرب امارات میں 2016-17میں کھیلی گئی سریز میں کرنے کے بعد آئیر لینڈ کے خلاف اسی سیزن میں ہندوستان میں کیا تھا۔

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمالکریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔