پہلا ٹی-20: ہندوستان کی جنوبی افریقہ پر جیت

بھونیشور کی ٹونٹی۔20 کیریر کی بہترین گیند بازی اور شکھر دھون کی نصف سنچری کی بدولت ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے ٹی-20 مقابلہ میں 28 رنوں سے ہرا دیا۔

تصویر بشکریہ آئی سی سی/ٹوئٹر
تصویر بشکریہ آئی سی سی/ٹوئٹر
user

یو این آئی

شکھر کی طوفانی اننگز کی بدولت ہندوستان کی جنوبی افریقہ پر جیت

جوہانسبرگ: اوپنر شکھر دھون کی 39 گیندوں میں 10 چوکے اور دو چھکوں سے آراستہ 72 رن کی شاندار اننگز اور تیز گیند بھونیشور کمار (24 رن پر پانچ وکٹ) کی بدولت ہندوستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹونٹی۔ 20 بین الاقوامی کرکٹ میچ میں اتوار کو 28 رن سے شکست دےکر تین میچوں کی سیریزمیں 1۔0 کی برتری بنالی ہے۔

ہندوستان نے 203 رن کا مضبوط اسکور بنایا جو ہندوستان کا جنوبی افریقہ کے خلاف، ٹونٹی۔ 20 میں سب سے زیادہ اسکور تھا۔ ہندوستان نے بھونیشور کی بہترین گیند بازی کی بدولت جنوبی افریقہ کو 9 وکٹ پر 175 کے اسکور پر روک دیا۔ اس طرح ہندوستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف گزشتہ 8 میچوں میں ساتویں جیت حاصل کرلی ہے۔

بھونیشور نے اپنے ٹونٹی۔20 کیریر میں پہلی بار پانچ وکٹ حاصل کئے ہیں۔ انہوں نے میزبان ٹیم کے ٹاپ تین بلے بازوں کو پویلین بھیج کر جنوبی افریقہ کی کمر توڑ دی۔ بھونیشور نے جنوبی افریقہ کے لئے سب سے زیادہ 70 رن بنانے والے ریزا ہنرک کو آؤٹ کرکے میزبان کی جد وجہد ختم کردی۔ انہوں نے ٹونٹی۔20 میں ہندوستان کی طرف سے دوسری بہترین گیند بازی کا مظاہرہ کیا۔

جنوبی افریقہ کے لئے فرحان بیہرڈین نے 39 اور ہنرک کلاسین نے 16 رن بنائے۔ ہنرکس نے 50 گیندوں کی اپنی اننگز میں 8 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ بھونیشور کے پانچ وکٹ کے علاوہ جے دیو انادکٹ، ہاردک پانڈیا اور یجویندر چہل نے ایک ایک وکٹ لئے۔

اس سے قبل شکھر نے اپنے ٹونٹی۔ 20 کیریر کی چوتھی نصف سنچری بنائی۔ سکھر نے اپنے 50 رن محض 27 گیندوں میں چھ چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے پورے کئے۔ شکھر چوتھے بلے باز کے طور پر 15 ویں اوور میں 155 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

انہوں نے پہلے وکٹ کے لئے روہت شرما (21) کے ساتھ 32 رن، سریش رینا (15) کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے 26 رن، کپتان وراٹ کوہلی (26) کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لئے 59 رن اور منیش پانڈے (ناٹ آؤٹ 29) کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لئے 47 رنوں کا اضافہ کرکے ہندوستان کو مضبوط حالت کی طرف گامزن کردیا۔

ہٹمین روہت نے ڈین پیٹرسن کے پہلے اوور میں دو چھکوں اور ایک چوکے سمیت 18 رن حاصل کرکے ہندوستان کو اچھا آغاز دیا۔ حالانکہ وہ ایک بار پھر اپنی اننگز کو لمبا نہیں کھینچ پائے اور دوسرے اورر میں آؤٹ ہوگئے۔ روہت نے 9 گیندوں پر 21 رن میں دو چوکے اور دو چھکے لگائے۔ ایک سال بعد ٹیم میں واپس آئے بائیں ہاتھ کے بلے باز سریش رینا کو تیسرے نمبر پر بھیجا گیا لیکن وہ سات گیندوں میں دو چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 15 رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ روہت اور رینا کے وکٹ اپنا پہلا میچ کھیلنے والے تیز گیند باز جونیئر ڈالا نے لئے۔

بہترین فارم میں کھیل رہے کپتان وراٹ نے 20 گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 26 رن کی اننگز کھیلی۔ وراٹ کو چائنا مین گیند باز تبریز شمسی نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ حالانکہ وراٹ نے ریفرل کا سہارا لیا لیکن اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

سنچری کی جانب گامزن نظر آرہے شکھر نے فہلک وایو کی گیند پر وکٹ کیپر ہینرک کلاسین کو کیچ دے دیا۔ میدان پر اترے مہندر سنگھ دھونی اور جم کر کھیل رہے منیش پانڈے نے پانچویں وکٹ کے لئے 28 رنوں کا اضافہ کیا۔ دھونی نے 11 گیندوں میں 16 رن کی اننگز میں دو چوکے لگائے۔

پانڈے نے 27 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 29 رنوں میں ایک چھکا لگایا لیکن وہ آخری گیند تک میدان پرٹکے رہے۔ ہاردک پانڈیا سات گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 13 رن بناکر پویلین لوٹے۔

جنوبی افریقہ کی طرف سے ڈالا نے 47 رن پر دو کٹ لئے جبکہ کرس مورس، شمسی اور فہلک وایو کو ایک ایک وکٹ ملا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 19 Feb 2018, 8:32 AM