ٹی-20: سری لنکا کی 88 رن سے ہار، سیریز ہندوستان کے نام
روہت کے علاوہ گزشتہ میچ میں نصف سنچری بنانے والے راہل نے اپنی پچھلی کارکردگی کو یہاں بھی برقرار رکھا اور ٹی۔20 میں اپنی تیسری نصف سنچری مکمل کی۔
سلامی بلے باز اور کپتان روہت شرما (118)کی کریئرکی بہترین اننگز اور لوکیش راہل کے شاندار 89رن کے بعد لیگ اسپنریوجویندرچہل (52 رن پر چار وکٹ) اور چائنامین گیندباز کلدیپ یادو (53رن پر تین وکٹ) کی شاندار گیندبازی کی بدولت ہندستان نے سری لنکا کو جمعہ کو دوسرے ٹوئنٹی ۔20میچ میں 88رن سے ہراکر تین میچوں کی سیریز میں 0۔2کی ناقابل تسخیرسبقت لے لی ہے ۔
ہندستان نے پہلے بلے بازی کرتےہوئے اوپنر اور کپتان روہت شرما کی 118رن اور لوکیش راہل 89رن کی بہترین اننگز کے دم پر پانچ وکٹ پر 260رن کا بڑا اسکور بنایااور پھرسری لنکا کو 17اعشاریہ 2اوور میں 172رن پر سمیٹ کر 88رن سے میچ جیت لیا اور سیریز میں 0۔2کی ناقابل تسخیر سبقت لے لی ۔
ہندستان کی اس سال کرکٹ کے تینوں زمروں کو ملاکر یہ ریکارڈ 14ویں سیریز جیت ہے ۔ہندستان نے اس سال اب تک آٹھ ٹوئنٹی ۔20میچ جیتے ہیں اور اس نے سب سے زیادہ ٹوئنٹی ۔20میچ جیتنے کے معاملے میں پاکستان (8)کے ریکارڈ کی برابری کرلی ہے ۔ہندستان نے پچھلا ٹوئنٹی ۔20میچ 93رن سے جیتاتھا۔
ہندوستان سے ملے 261 رنوں کے پہاڑ جیسے ہدف کا تعاقب کرنے اتری سری لنکائی ٹیم 36 کے اسکور پر وکٹ کیپر نیروشن ڈکویلا (25) کی شکل میں اپنا پہلا وکٹ گنوادیا۔ ڈکویلا نے 19 گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 25 رن بنائے۔
اپل تھرنگا (47) اور کشل پریرا(77) نے دوسرے وکٹ کے لئے 109 رن کی ساجھیداری کرکے سری لنکا کو مشکل کی اس گھڑی سے باہر نکالنے کی کوشش کی لیکن چہل نے تھرنگا کو بولڈ کرکے نہ صرف ساجھیداری توڑ دی بلکہ سری لنکا کو دوسرا جھٹکا دے دیا۔ تھرنگا نے 29 گیندوں پر تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 47 رن بنائے۔ کشل پریرا نے 37 گیندوں پر چار چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے شاندار 77 رن بنائے۔
اس کے بعد کوئی بھی بلے باز کمال نہیں دکھا سکا اور پوری سری لنکائی ٹیم 2ء17 اوور میں 172 رن پر ڈھیر ہوگئی۔ پریرا اور تھرنگا کے آؤٹ ہوتے ہی سری لنکا کا کوئی بھی بلے باز عشرہ کو بھی عبور نہیں کرسکا۔ ہندوستان کے 260 رن کے پہاڑ جیسے اسکور کے سامنے سری لنکا کی پوری ٹیم اپنے گھٹنے ٹیک دیئے۔
ہندوستان کے لئے چہل نے چار اوور 52 رن دے کر چار وکٹ لیا۔ انہوں نے اپل تھرنگا (47)، سدری سماراوکرما (5)، سی ڈی سلوا (1) اور اکیلا دھنجے (5) کو آؤٹ کیا۔ کلدیپ نے 52 رن دے کر تین وکٹ لئے۔ اس کے علاوہ جے دیو انادکر نے 22 رن پر ایک وکٹ اور ہاردک پانڈیا نے 23 رن پر ایک وکٹ لیا۔
قبل ازیں 30 سالہ روہت کا ٹی۔20 میں یہ دوسری سنچری ہے۔ انہوں نے 43 گیندوں پر 12 چوکوں اور 10 چھکوں کی مدد سے 118 رن بنائے۔ ٹی۔20 میں یہ ان کا سب سے زیادہ اسکور ہے۔
روہت نے اوپنر لوکیش راہل (89) کے ساتھ پہلے وکٹ کے لئے 4ء12 اوور میں 165 رنوں کی ساجھیداری نبھائی جو ٹی۔20 میں ہندوستان کا سب سے شاندار اوپننگ ساجھیداری ہے۔ روہت کو تیز گیندباز دشمندا چمیرا نے اکیلا دھنجے کے ہاتھوں کیچ کرایا۔
روہت کے علاوہ گزشتہ میچ میں نصف سنچری بنانے والے راہل نے اپنی پچھلی کارکردگی کو یہاں بھی برقرار رکھا اور ٹی۔20 میں اپنی تیسری نصف سنچری مکمل کی۔ انہوں نے 49 گیندوں پر 89 رن میں پانچ چوکے اور آٹھ چھکے لگائے۔ راہل نے وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی (28) کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے 78 رن کی ساجھیداری نبھائی۔
گزشتہ میچ میں ناٹ آؤٹ 39 رن بنانے والے دھونی نے 21 گیندوں پر دو چوکے اور دو چھکے کی مدد سے 29 رن بنائے۔ تیز گیند باز تشارا پریریر نے دھونی کو بولڈ کیا۔ ہاردک پانڈیا نے تین گیندوں پر ایک چوکے اور چھکے کے سہارے 10 رن بنائے۔ شیرس ایر بغیر کھاتہ کھولے تشارا پریرا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ منیش پانڈے نے ناٹ آؤٹ اور اور دنیش کارتک نے ناٹ آؤٹ پانچ رن بنائے۔
سری لنکائی تیز گیند باز وں کے لئے یہ میچ کسی برے خواب سے کم نہیں تھا۔ سری لنکا کے لئے نوان پردیپ سب سے مہنگے گیند باز ثابت ہوئے۔ انہوں نے چار اوور میں 61 رن دیئے اور دو وکٹ حاصل کیا۔
تشارا پریرا نے چار اوور میں 49 رن پر دو وکٹ اور دشمنتا چمیرا نے چار اوور میں 45 رن پر ایک وکٹ لیا۔
اس کے علاوہ اکیلا دھنجے نے 4ء3 اوور میں49، ایسلا گنارتنے نے ایک اوور میں 21، سی ڈی سلوا نے ایک اوور میں 16 اور اینجیلا میتھیوز نے 2ء2 اوور میں 16 رن دیئے۔ لیکن کوئی وکٹ حاصل نہیں کرپائے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔