محمد شامی نے حَسین جہاں سے ملنے سے انکار کیا
جب حَسین جہاں محمد شامی سے ملنے پہنچی تو محمد شامی نے ان سے یہ کہتے ہوئے ملنے سے انکار کر دیا کہ وہ انھیں عدالت میں دیکھیں گے۔
کولکتہ: ہندوستانی کرکٹر محمد شامی پر بے وفائی سے لے کر میچ فکسنگ کے تمام الزام لگانے والی ان کی بیوی حَسین جہاں شامی کے سڑک حادثے میں زخمی ہونے کی خبر سننے کے بعد منگل کو ان سے ملنے کے لیے کولکتا سے دہلی پہنچیں لیکن محمد شامی ان سے ملنے سے انکار کر دیا۔ حَسین جہاں نے اس سلسلے میں میڈیا کو بتایا کہ ’’میں زخمی محمد شامی سے ملنے پہنچی لیکن اس نے ملنے سے انکار کر دیا۔ اس نے مجھے دھمکایا اور کہا کہ میں تمھیں عدالت میں دیکھوں گا۔‘‘
گزشتہ کچھ دنوں سے کرکٹ کی دنیا میں اپنے الزامات سے تہلکہ مچا دینے والی حَسین نے اپنے شوہر اور ہندستانی فاسٹ بولر شامی کے زخمی ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان سے ملنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ حَسین اپنی بیٹی کے ساتھ صبح کولکتا سے دہلی کے لئے روانہ ہوئی تھیں جہاں شامی کا علاج چل رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ شامی کو گزشتہ ہفتے کار حادثے میں کافی چوٹ لگی تھی اور ان کے سر پر کافی ٹانكے آئے ہیں۔ حَسین نے لال بازار کے کولکتا پولس ہیڈکوارٹر میں شامی سے ملنے کی خواہش ظاہر کی تھی،اس کے بعد انہیں اپنے زخمی شوہر سے ملنے کے لیے پولس سیکورٹی مہیا کرائی گئی۔
اس سے قبل حَسین کے وکیل ذاکر حسین نے بتایا کہ ان کی موکلہ نے شامی کے حادثے کی خبر سننے کے بعد دہلی میں شامی سے ملنے کے لئے ہوائی جہاز ٹکٹ خریدے ہیں۔شامی کی کار دهرہ دون سے دہلی آنے کے دوران حادثے کا شکار ہو گئی تھی۔انہوں نے بتایا کہ شامی سے فون پر بات کرنے کے لیے بھی انہوں نے کافی کوشش کی تھی لیکن انہیں کوئی جواب نہیں ملا۔
انہوں نے کہا کہ میں نہیں جانتی کہ فی الحال شامی کہاں ہیں، مجھے پہلے یہ جاننا ہوگا کہ وہ کہاں ہیں پھر میں ان سے ملوں گی۔ لیکن پھر بھی میری جنگ جاری رہے گی۔
محمد شامی 24 مارچ کو اُس وقت حادثے کا شکار ہوگئے جب اُن کی کار ٹرک سے ٹکراگئی تھی، حادثے میں وہ معمولی زخمی ہوئے اور سر پر کچھ ٹانکے آئے۔حادثے کی خبر سن کر حَسین جہاں کا دل بھی نرم ہوگیا اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میری لڑائی اُس سے ہے جو شامی نے میرے ساتھ کیالیکن میں انہیں جسمانی طور پر نقصان پہنچانا نہیں چاہتی، وہ مجھے بیوی کی حیثیت سے مزید نہیں چاہتے لیکن میں اب بھی اُن کے لئے احساسات رکھتی ہوں اور پیار کرتی ہوں کیونکہ وہ میرے شوہر ہیں۔
شامی کی اہلیہ کا مزید کہنا تھا کہ میں دعا کروں گی کہ وہ جلد صحتیاب ہوجائیں۔اُن کا کہنا ہے کہ وہ اپنی بیٹی کے ساتھ شامی سے ملنے کے لئے بے چین ہیں لیکن انہوں نے میری کسی بھی فون کال کا جواب نہیں دیا، یہاں تک کہ شامی کے اہل خانہ بھی مجھے نہیں بتارہے ہیں کہ اس وقت وہ کہاں ہیں، میں خود کو بے بس محسوس کررہی ہوں۔
کولکتہ پولس اس معاملے میں شامی پر لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کر رہی ہے۔حَسین نے شامی پر ذہنی اور جسمانی تشدد، مارنے کی دھمکی، عصمت دری جیسے گھریلو تشدد کے الزام لگائے تھے۔انہوں نے ساتھ ہی شامی کے کئی لڑکیوں کے ساتھ تعلق ہونے کے الزامات میں عوامی طور پر ثبوت بھی پیش کئے تھے۔حَسین نے سوشل میڈیا پر شامی کے مختلف عورتوں کے ساتھ چیٹ کے ا سنیپ شاٹ بھی عام کر دیئے تھے۔
دوسری جانب ہندستانی کرکٹ بورڈ نے شامی کو اُن کی اہلیہ کی جانب سے لگائے گئے کرپشن کے الزامات سے کلیئر قرار دے دیا ہے اور گریڈ ’’بی‘‘ کا سالانہ کنٹریکٹ دے دیا ہے، جس کے بعد اُنہیں 3کروڑروپے ملیں گے۔واضح رہے کہ حَسین جہاں نے شامی کے خلاف الزامات کے حوالے سے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنر جی سے بھی ملاقات کی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 27 Mar 2018, 5:43 PM