پہلا ٹی-20 مقابلہ: جنوبی افریقہ پر ہندوستان کی 8 وکٹوں سے جیت

جنوبی افریقہ نے ہندوستان کے سامنے 20 اوورز میں 107 رنز کا ہدف رکھا تھا جسے ٹیم انڈیا نے 16.4 اوورز میں حاصل کر لیا

تصویر ٹوئٹر / @BCCI
تصویر ٹوئٹر / @BCCI
user

یو این آئی

ترواننت پورم: ارشدیپ سنگھ (32/3) سنگھ کی مہلک گیندبازی کے بعد سوریہ کمار یادو (50 ناٹ آؤٹ) اور لوکیش راہل (51 ناٹ آؤٹ) کی نصف سنچریوں کی بدولت ہندوستان نے بدھ کے روز پہلے ٹی- 20 میچ میں جنوبی افریقہ کو آٹھ وکٹ سے شکست دے دی۔ جنوبی افریقہ نے ہندوستان کے سامنے 20 اوورز میں 107 رنز کا ہدف رکھا تھا جسے ٹیم انڈیا نے 16.4 اوورز میں حاصل کر لیا۔

آسٹریلیا کی ٹی- ٹوئنٹی سیریز میں ٹیم سے باہر ہونے کے بعد واپسی کرنے والے ارشدیپ سنگھ نے اپنی سوئنگ بولنگ سے جنوبی افریقہ کے بلے بازوں کو حیران کر دیا اور تین وکٹیں لے کر فتح کی بنیاد رکھ دی۔ سوریہ کمار اور راہل نے دوسری اننگز میں تیسری وکٹ کے لیے 93 رنز کی ناقابل شکست شراکت داری استوار کرکے ہندوستان کو فتح دلائی۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے کیشو مہاراج نے 35 گیندوں پر 41 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں پانچ چوکے اور دو چھکے شامل تھے، لیکن یہ ان کی ٹیم کی جیت کے لیے کافی نہیں تھا۔


ٹیم انڈیا نے 107 کے آسان ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے، ابتداء میں مشکلات کا سامنا کیا، جب کاگیسو رباڑا نے تیسرے اوور میں روہت شرما کو صفر پر آؤٹ کیا اور ٹیم انڈیا پہلے چھ اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر صرف 17 رنز بنا سکی۔ یہ ٹی-20 انٹرنیشنل میں ہندوستان کا سب سے کم پاور پلے اسکور ہے۔پاور پلے کے بعد ویراٹ کوہلی (03) بھی پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد سوریہ کمار اور راہل نے تیسری وکٹ کے لیے 63 گیندوں میں 93 رنز کی شراکت قائم کرکے ہندوستانی اننگز کو رفتار دی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ سوریہ کمار نے 33 گیندوں میں پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے۔ راہل نے ان کا ساتھ دیا، دو چوکوں اور 56 گیندوں میں چار چھکوں کی مدد سے 51 رنز جوڑے۔


اننگز کے آغاز میں مشکلات سے دوچار راہل نے 36 گیندوں پر صرف 15 رنز بنائے تھے لیکن 10ویں اوور کی پانچویں گیند پر جیون دان پاکر اننگز کی رفتار بدل دی۔ اوپنر نے اگلی 20 گیندوں میں 36 رنز جوڑے اور ایک چھکا لگا کر ہندوستان کو جیت میں مدد دی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کاگیسو رباڈا نے چار اوورز میں میڈن دے کر 16 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی جبکہ نارکھیا نے تین اوورز میں 32 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔