شیئر مارکیٹ نے ’اڈانی‘ کو دیا زوردار جھٹکا، 6 گھنٹے میں دھواں ہو گئے 1.12 لاکھ کروڑ روپے
اڈانی گروپ کی شیئر بازار میں 10 فہرست بند کمپنیاں ہیں، ان سبھی کمپنیوں کے شیئر بدھ کو ریڈ زون میں رہے اور شام کو کاروبار ختم ہونے پر ان کی مجموعی مارکیٹ ویلویشن 1.12 لاکھ کروڑ روپے کم ہو گئی۔
بدھ کے روز شیئر مارکیٹ میں زبردست افرا تفری کا ماحول دیکھنے کو ملا۔ صبح سے ہی مختلف کمپنیوں کے شیئرس کی قدر گرنی شروع ہوئی اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے لاکھوں کروڑ روپے کا خسارہ ہو گیا۔ بی ایس ای سنسیکس تو دن بھر میں تقریباً 1100 پوائنٹس تک نیچے چلا گیا اور شام کو بھی ٹریڈنگ ختم ہونے کے وقت 906 پوائنٹس گر کر بند ہوا۔ یہ شیئر بازار میں ایک ہی دن میں آئی چند بڑی گراوٹوں میں سے ایک ہے۔ شیئر مارکیٹ کی اس آندھی میں گوتم اڈانی کے اڈانی گروپ کی فہرست بند کمپنیوں کے شیئر بھی دھواں ہو گئے۔
قابل ذکر ہے کہ اڈانی گروپ کی شیئر بازار میں 10 فہرست بند کمپنیاں ہیں۔ ان سبھی کمپنیوں کے شیئر بدھ کو ریڈ زون میں رہے اور شام کو کاروبار ختم ہونے پر ان کی مجموعی مارکیٹ ویلویشن 1.12 لاکھ کروڑ روپے کم ہو گئی۔ سب سے زیادہ گراوٹ اڈانی ٹوٹل گیس کے شیئر میں دیکھنے کو ملی۔ اس کمپنی کے شیئر کی قیمت 9.50 فیصد گر گئی۔ اس کے علاوہ اڈانی گرین انرجی کے شیئر کی قیمت 9.07 فیصد، اڈانی انرجی سالیوشنز کے شیئرس کی قیمت 8.54 فیصد، این ڈی ٹی وی کے شیئر کی قیمت 7.92 فیصد اور اڈانی پورٹس کے شیئر کی قیمت 6.97 فیصد تک گر گئی۔
اڈانی گروپ کی دیگر کمپنیوں کی بات کریں تو اڈانی انٹرپرائزیز کے شیئر میں 6.91 فیصد، اے سی سی کے شیئر میں 6.87 فیصد، اڈانی پاور کے شیئر میں 4.99 فیصد، امبوجا سیمنٹس کے شیئر میں 4.58 فیصد اور اڈانی ولمر کے شیئر میں 4.25 فیصد کی گراوٹ آئی ہے۔ ان سبھی کا مجموعی مارکیٹ کیپٹلائزیشن (ایم کیپ) بدھ کے روز 112780.96 کروڑ روپے گھٹ گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔