شری دیوی بلندی کے اس مقام پر تھیں جس کے آگے کوئی سیڑھی نہیں تھی
شری دیوی چاہتی تھیں کہ متھن چکرورتی اپنی اہلیہ یوگیتا بالی کو طلاق دے دیں جبکہ یوگیتابالی نے متھن کو خودکشی کرنے کی دھمکی دے دی تھی۔
سری دیوی اتنی بلندی پر پہنچ گئیں تھیں کہ اس کے آگے کوئی سیڑھی باقی ہی نہیں رہی تھی۔ جب شری دیوی اپنے کیریئر کے عروج پر تھیں اس وقت پردے کے پیچھے ان کی اصل زندگی میں ایک محبت کی کہانی لکھی جا رہی تھی۔
شری دیوی کی آنکھوں کی شوخی، چہرےپر بچوں جیسی چنچلتا اور خوبصورت جسم نے انہیں فلم انڈسٹری کا سپر اسٹار بنا دیا تھا۔ شری دیوی کی شکل میں ہندی فلموں کو ایک ایسی اداکارہ ملی جس نے اپنے دور کی تمام اداکاراؤں کو مقبولیت کے معاملے میں پیچھے چھوڑ دیا۔
پانچ سال کی عمر میں تمل فلم’’تنیون‘‘ میں ننہی اداکارہ کی شکل میں اپنا کیریئر شروع کرنے والی شری دیوی کی پیدائش 13اگست1963 کو ہوئی۔ جنوب کی کئی فلموں میں ننہی اداکارہ کی شکل میں اسکرین پر نظر آنے والی شری دیوی نے ہندی فلم ’’جیسے کو تیسا‘‘ (1973)اور جولی (1975) میں ننہی اداکارہ کی شکل میں اپنا کردار ادا کیا۔ ادکارہ کی شکل میں ان کی پہلی فلم تھی ’سولہواں ساون‘ (1979) لیکن شری دیوی کو مقبولیت اور شہرت فلم ’ہمت والا‘(1983) میں ملی جس میں انہوں نے جتیندر کے ساتھ کام کیا تھا۔ ان دونوں کی جوڑی کتنی مقبول ہوئی اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ سال 1983سے 1987کے درمیان ان دونوں نے 16فلموں میں ایک ساتھ کام کیا۔
شری دیوی بچپن سے ہی جتیندر کی فین تھیں اور جب ان کے ساتھ ان کی جوڑی ہٹ ہوئی تو دونوں کے رشتوں کے تعلق سے چرچا بھی عام ہونے لگی۔ جتیندر نے بڑی محنت اور سمجھداری سے ان چرچاؤں پر روک لگائی۔ شری دیوی کی گلیمر گرل کی شبیہ نے ان کو اسٹار بنا دیا لیکن ان کی اداکاری کے بارے میں زیادہ لوگ بات نہیں کرتے تھے۔ سال 1983میں شری دیوی نے کمل حسن کے ساھ فلم ’صدمہ‘ کی۔ اس فلم میں ان کی اداکاری کو دیکھ کرلوگ دنگ رہ گئے۔ ’صدمہ‘ شری دیوی کے کیرئیر میں میل کا پتھر بن گئی۔ شری دیوی ہندی فلموں کے ساتھ ساتھ جنوب کی فلموں میں بھی کام کرتی رہیں۔
شری دیوی نے جس وقت ہندی فلم انڈسٹری میں خود کو منوا یا اس وقت تک وحیدہ رحمان، شرمیلا ٹیگوراور آشا پاریکھ کے دور کی ہیروئن ٹھنڈی پڑ چکی تھیں، ہیما مالنی، رینا رائے، ریکھا کے کیرئیر میں بھی ٹھراؤ آنے لگا تھا۔ زینت امان کی مقبولیت ختم ہوتی جا رہی تھی، نیتو سنگھ گھر بسا کر اور پروین بابی اپنے جنون میں فلم انڈسٹری چھوڑ چکی تھیں۔ راکھی، ودیا سنہا، دیپتی ناول، شبانہ اعظمی اور ڈمپل کپاڈیا اسکرین پر شری دیوی کے مقابلہ سنجیدہ اور عمر دراز نظر آ رہی تھیں۔ مادھوری دکشت کا سکّہ جب تک نہیں چل پایا تھا۔ ایسے میں ساریکا، رامیشوری، رنجیتا، جیا پردا، پدمنی کولہاپوری کے مقابلے شری دیوی کی خوبصورتی اور مردوں کو پاگل بنا دینے والی اداؤں نے انہیں نمبر ون کے مقام پر پہنچا دیا۔
چاندنی، لمحے، چالباز، خدا گواہ، جدائی، مسٹرانڈیا اور روپ کی رانی چوروں کا راجا جیسی فلموں کے ذریعہ شری دیوی اپنے دور میں سب سے زیادہ رقم لینے والی اداکارہ بن گئیں۔ کچھ مرد اداکار کو چھوڑ کر اس دور میں کسی کی بھی حیثیت نہیں تھی جو شری دیوی کے مقابلہ رقم مانگ سکے۔ شہرت اور دولت کی بارش میں شری دیوی تنہا ئی محسوس کر رہی تھیں اور اس تنہائی کو متھن چکرورتی نے دور کیا۔ متھن چونکہ شادی شدہ تھے اس لئے ان دونوں کے رشتوں نے بھونچال مچا دیا تھا۔ شری دیوی چاہتی تھیں کہ متھن چکرورتی اپنی اہلیہ یوگیتا بالی کو طلاق دے دیں جبکہ یوگیتابالی نے متھن کو خودکشی کرنے کی دھمکی دے دی تھی۔ صحیح وقت پر متھن چکرورتی نے خو د کو شری دیوی سے الگ کر لیا لیکن اس وقت تک شری دیوی بلندیوں کے اس مقام پر پہنچ گئی تھیں جہاں سے آگے کوئی اور سیڑھی نہیں تھی۔
جب شری دیوی اپنے عروج پر تھیں تب اسکرین کے پیچھے ان کی اصل زندگی میں ایک اور محبت کی کہانی لکھی جا رہی تھی۔ دو بچوں کے والد بونی کپور ان پر بری طرح فدا ہو گئےتھے۔ ہر وقت کام میں مشغول رہتے رہتے شری دیوی تھک چکی تھیں اور وہ اپنا گھر بسانا چاہتی تھیں۔ ٹینس اسٹار وجے امرت راج کے چھوٹے بھائی اشوک امرت راج سے شری دیوی کی شادی آخری مراحل میں تھی لیکن پھر نہ جانے کیا ہوا کہ شری دیوی نے اس شادی سے انکار کر دیا۔
بہر حال دل سے مجبور بونی کپور نے تمام طرح کی مخالفت کو نظر انداز کرتے ہوئے 1996میں شری دیوی سے شادی کر لی۔ شادی کے بعد شری دیوی نے خود کو فلمی دنیا سے پوری طرح الگ کر لیا۔ سال 2004میں اکشے کمار کی فلم ’میری بیوی کا جواب نہیں‘ میں شری دیوی پھر اسکرین پر نظر آئیں لیکن صحیح طور پر تو انہوں نے سال 2012میں فلم ’انگلش ونگلش‘ سے واپسی کی اور اپنی اداکاری سے مداحوں اور تنقید کرنے والوں کو حیران کر دیا۔ اس کے بعد سال 2017میں ان کی فلم ’مام‘ نے بھی لوگوں کا دھیان اپنی جانب کھینچا جبکہ یہ فلم زیادہ کاروبار نہیں کر پائی۔
اپنے کیرئیر میں پانچ فلم فیئر ایوارڈ حاصل کرنے والی شری دیوی نے اب ساری طاقت اپنی بیٹی جانہوی کا فلم کیریئر سنوارنے اور بنانے میں لگا دی تھی۔ وہ اپنے بھانجے کی شادی میں اپنے شوہر اور اپنی چھوٹی بیٹی خوشی کے ساتھ دبئی گئی تھیں جبکہ ان کی بڑی بیٹی جانہوی اپنی پہلی فلم کی شوٹنگ میں مشغول ہونے کے سبب نہیں جا سکی تھیں۔ شادی کی تقریب کے بعد رات میں انہیں دل کا دورہ پڑا اور فلموں کا ایک چمکتا ستارہ وقت کی گود میں سو گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 26 Feb 2018, 12:11 PM