سعودی عرب: اغواکاروں کے ذریعہ شیعہ جج کا قتل

تصادم میں ایک سکیورٹی اہلکار اور ایک اغوا کار مارا گیا۔ جبکہ دوسرے اغوا کار کو گرفتار کرلیا گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ریاض: ایک شیعہ جج کو جسے ایک سال پہلے مشرقی سعودی عرب میں اغوا کرلیا گیا تھا، اس کے اغوا کاروں نے ہلاک کردیا ہے۔ یہ اطلاع سعودی سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے نے آج دی۔ شیخ محمد الجیرانی پچھلے سال دسمبر میں قتیف علاقے میں جہاں تقریباً 10 لاکھ شیعہ مسلمان آباد ہیں، اپنے گھر کے باہر سے لاپتہ ہوگئے تھے۔

ایس پی اے نے بتایا کہ 19 دسمبر کو ایک تصادم میں ایک سکیورٹی اہلکار اور ایک اغوا کار مارا گیا۔ جبکہ دوسرے اغوا کار کو گرفتار کرلیا گیا۔ ایجنسی کے مطابق جج کی لاش دور افتادہ زرعی ضلع عوامیہ میں پائی گئی۔ تاہم ایجنسی نے یہ نہیں بتایا کہ انہیں کب ہلاک کیا گیا ہے۔ حکام نے اس سال کے شروع میں بتایا تھا کہ اس اغوا کے سلسلے میں جن تین لوگوں کو تلاش کیا جارہا ہے، وہ پہلے سے ہی مشرقی سعودی عرب میں دہشت گردانہ حملوں میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر مطلوب ہیں۔

سال 2011 کے بعد سے ہی اس خطے میں جہاں شیعہ مسلمانوں کی اکثریت ہے، بڑے پیمانے پر مظاہرے ہوتے رہے ہیں جو عموماً پرامن ہوتے ہیں۔ تاہم کچھ شیعہ جنگجوؤں نے تیل پیدا کرنے والے مشرقی صوبے میں سعودی سکیورٹی دستوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ ان جنگجوؤں کا کہنا ہے کہ ان کے فرقے کو سعودی عرب میں ظلم و ستم کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔