ویڈیوز

قومی آواز بلیٹن: پرینکا گاندھی نے کہا ’خود کشی کرنے والے بھانو کا خط ضرور پڑھیں‘؛ امریکہ کا نسل پرستانہ چہرہ پھر بے نقاب

پیش خدمت ہیں آج کی کچھ اہم خبریں: قوم کے نام خط میں پی ایم مودی نے قومی یکجہتی کی تعریف کی؛ پوری دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد 60 لاکھ سے تجاوز

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

مودی کا قوم کے نام خط، قومی یکجہتی کی تعریف کی

حالات کیسے بھی ہوں وزیر اعظم اپنی اور اپنی حکومت کی مارکیٹنگ کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔ ملک کورونا کے پھیلاؤ کی وجہ سے پریشانی کے دورسے گزر رہا ہے اور اس بیچ میں وزیر اعظم نے اپنی حکومت کی دوسری مدت کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ہم وطنوں کے نام ایک خط لکھا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے اس خط میں اپنے عزائم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 130 کروڑ لوگوں کا حال اور مستقبل فیصلہ کبھی بھی کوئی آفت نہیں کر سکتی۔

طاقتور اور مضبو ط ملک کا ذکر کرنے والے وزیر اعظم نے ملک کی بڑی آبادی اور محدود وسائل کا ذکر بھی کیا، انہوں لکھا ’’اپنے ہموطنوں کی توقعات اور حسرتوں کو پورا کرنے کی سمت میں تیز رفتار سے آگے بڑھ رہے تھے، لیکن اسی درمیان کورونا وائرس وبا نے دنیا کے ساتھ ہمارے ملک کو بھی الجھا دیا۔ جہاں ایک طرف عظیم اقتصادی وسائل اور جدید ہیلتھ سسٹم کے ساتھ طاقتیں ہیں، وہیں دوسری طرف ہمارا ملک ایک بہت بڑی آبادی اور محدود وسائل کے درمیان مسائل سے گھرا ہوا ہے‘‘۔ اس خط میں انہوں نے ملک کی یکجہتی کی تعریف کی۔

Published: undefined

خود کشی کرنے والے بھانو گپتا کا خط ضرور پڑھیں، پرینکا گاندھی

کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے مودی حکومت کی دوسری مدت کی پہلی سالگرہ پر حکومت کی تنقید کی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر ایک مزدور کی خود کشی کا ذکر کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے ’’یہ ایک بہت افسوسناک واقعہ ہے کہ بھانو گپتا نے ٹرین کے سامنے آ کر خودکشی کر لی ہے۔کام بند ہو چکا تھا، اس شخص کو اپنا اور اپنی والدہ کا علاج کرانا تھا۔ حکومت سے صرف راشن ملا تھا لیکن ان کا خط بتاتا ہے کہ اور بھی چیزیں خریدنی پڑتی ہیں، اور بھی ضرورتیں ہوتی ہیں، یہ خط شائد ایک سال کے جشن والے خط کی طرح گاجے باجے کے ساتھ آپ کے پاس نہ پہنچے، لیکن اس کو پڑھیے ضرور۔ ہندوستان میں آج بہت سارے لوگ اسی طرح کی تکلیف میں مبتلا ہیں‘‘۔

Published: undefined

کانگریس کا وار، 60 سال بنام 60 ماہ

کانگریس نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ مودی حکومت کے چھ سال کے اختتام پر ملک کے عوام حکومت کی نا اہلی اور جھوٹے وعدوں کی وجہ سے پریشان حال ہے۔ انہوں نے اس موقع پر کانگریس اقتدار کے ساٹھ سال کا مقابلہ مودی حکومت کے60 ماہ کے اقتدار سے کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ ساٹھ سالوں میں مشکل حالات میں ملک نے ترقی کی جبکہ گزشتہ 60 ماہ ملک کے عوام کے لئے تکلیف دہ رہے ہیں۔ کانگریس نے کہا ہے کہ مودی حکومت کے وعدے بہت بڑے تھے لیکن عوام کو اس نے دیا بہت تھوڑا سا۔ اس موقع پر کانگریس نے کہا کہ ترقی کے نام پر حکومت نے خراب معیشت دی، سب کا وکاس اور اسب کے ساتھ کی جگہ حکومت نے دوستوں کا ساتھ اور بی جے پی کی ترقی کی ہے، پردھان سیوک کی جگہ ایک تاناشاہ، کسانوں کی دوگنی آمدنی کی جگہ خراب زرعی معیشت، اچھے دن کی جگہ تکلیف دہ دن اور مضبوط قیادت کی جگہ بے تکے فیصلوں والی قیادت دی ہے۔

Published: undefined

امریکہ کا نسل پرستانہ چہرہ ایک بار پھر بے نقاب

کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک امریکہ میں پولس کے نسل پرستانہ رویہ کی وجہ سے پورے ملک میں احتجاج و مظاہرہ جاری ہیں۔ واضح رہے پیر کے روز امریکہ کے شہر مینا پولس میں ایک سفید فام پولیس اہلکار کے ہاتھوں ایک سیاہ فام شخص ہلاک ہو گیا تھا جس کے بعد سے ملک کے بڑے حصہ میں احتجاج و مظاہروں کا دور شروع ہو گیا ہے۔ دریں اثنا اس سفید فام پولیس اہلکار کے اس معاملہ کو اقدام قتل قرار دیا گیا ہے اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ چھیالیس سالہ، سیاہ فام فلائیڈ لائید کے فوت ہونے کا اعلان اس وقت کیا گیا جب کچھ ہی دیر قبل پولیس افسر، ڈیریک شوون نے اس کےکاندھے پر اپنی ٹانگ رکھ کر دبوچہ اور ہتھکڑی لگائی۔ واضح رہے جس وقت پولیس اہلکار نے فلائیڈ لائیڈ کو دبوچا اس وقت اس کو کہتے سنا گیا کہ ’میں سانس نہیں لے پا رہا‘۔ واضح رہے گرفتاری کے بعد فلائیڈ لائیڈ کو ایک قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔ اس کارروائی کی وڈیو سامنے آتے ہی امریکہ کے کئی شہروں میں احتجاج پھوٹ پڑے جس میں سب سے پر تشدد احتجاج منیاپولس میں ہوا۔ لوگوں نے وہاں پولیس اسٹیشن کو آگ لگا دی، کئی ا سٹورز بھی آگ سے متاثر ہوئے اور بعض جگہ لوٹ مار بھی کی گئی۔ کل یعنی جمعہ کی شام کو ایک بڑا ہجوم وہائٹ ہاؤس کے باہر جمع ہوا اور اس سیاہ فام فلائیڈ لائیڈ کے حق میں نعرے بلند کیے اور انصاف طلب کیا۔

Published: undefined

پوری دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد 60 لاکھ سے تجاوز

دنیا بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد تین لاکھ 67 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے، جبکہ متاثرین کی تعداد 60لاکھ سے زیادہ ہو چکی ہے۔ عالمی سپر پاور امریکہ میں اس وبا سے اب تک 17.93 لاکھ لوگ متاثر ہو چکے ہیں اور اس کے سبب ایک لاکھ چار ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔ برازیل میں کورونا متاثرین کی تعداد ساڑھے چار لاکھ سے زیادہ ہو چکی ہے اور 28 ہزار کے قریب اموات ہو چکی ہیں۔ روس میں کورونا انفیکشن سے اب تک چار لاکھ کے قریب متاثر ہو چکے ہیں اور 4555 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔

Published: undefined

قومی آواز کے قارئین و ناطرین سے ضروری گزارش، اپنے آس پاس رہنے والے ہر غریب کی مدد کریں۔ شکریہ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined