ویڈیوز

قومی آواز بلیٹن: رمضان میں زیادہ عبادت کریں، مودی، دہلی میں لاک ڈاؤن میں نرمی نہیں، کیجریوال

پیش خدمت ہیں آج کی کچھ اہم خبریں: وزیر اعظم مودی کی مسلمانوں سے رمضان میں پہلے سے زیادہ عبادت کی اپیل، دہلی میں لاک ڈاؤن میں نرمی سے کیجریوال کا انکار، سعودی عرب میں کرفیو میں جزوی نرمی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

رمضان میں زیادہ عبادت کریں تاکہ عید سے قبل دنیا کورونا سے پاک ہو جائے: وزیر اعظم مودی کی مسلمانوں سے اپیل

کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے نافذ لاک ڈاؤن کے درمیان وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘ کے ذریعے قوم سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر کوئی اپنی قوت کے مطابق کورونا کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے۔ اپنے خطاب کے دوران وزیر اعظم مودی نے رمضان کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ رمضان خیرسگالی، حساسیت اور خدمت خلق کی علامت ہے اور اس مہینہ میں اس بار پہلے سے زیادہ عبادت کریں۔ وزیر اعظم نے کہا، ’’دوستو! رمضان کا مقدس مہینہ بھی شروع ہو چکا ہے۔ اب موقع ہے کہ اس رمضان کو اعتدال، خیر سگالی، حساسیت اور خدمت خلق کی علامت بنایا جائے۔ اس بار ہم پہلے سے زیادہ عبادت کریں تاکہ عید آنے سے پہلے ہی دنیا کورونا سے پاک ہو جائے۔‘‘

Published: 26 Apr 2020, 8:00 PM IST

دہلی میں لاک ڈاؤن میں نرمی نہیں، رہائشی علاقوں میں اکا دکا دکانیں ہی کھلیں گی: کیجریوال کا اعلان

دہلی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ قومی راجدھانی میں لاک ڈاؤن میں کسی طرح کی کوئی ڈھیل نہیں دی جائے گی اور مرکزی وزارت داخلہ نے جو رہنما ہدایات جاری کی ہیں اسی کے مطابق رہائشی علاقوں میں اکا دکا دکانوں کو کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔ وزیراعلی اروند کیجریوال نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزارت داخلہ نے رہائشی علاقوں کی جن اکا دکا دکانوں کو کھولنے کی اجازت دی ہے، دہلی حکومت صرف ان کو ہی اجازت دے گی۔ ریڈ زون علاقہ میں ان کو اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کا 27 اپریل کو جائزہ لیا جائے گا۔ دہلی میں شاپنگ مال اور تھوک بازاروں کو کھولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Published: 26 Apr 2020, 8:00 PM IST

سعودی عرب میں مکہ مکرمہ کے سوا، مملکت کے تمام علاقوں میں کرفیو میں جزوی نرمی

سعودی عرب کے فرماںروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کورونا کے سبب شہریوں اور غیر ملکی مقیمین کو در پیش لاک ڈاؤن میں نرمی کے لیے بعض اقدامات کی منظوری دی ہے۔ اس سلسلے میں آج 26 اپریل کو مملکت کے تمام علاقوں میں جزوی طور پر کرفیو اٹھا لیا گیا ہے۔ تاہم مکہ مکرمہ اور سابقہ طور پر الگ تھلگ کیے گئے علاقوں میں "مکمل" کرفیو رہے گا۔ فیصلے کے تحت 20 رمضان تک صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کرفیو میں نرمی رہے گی۔

Published: 26 Apr 2020, 8:00 PM IST

پوری دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد 29 لاکھ سے تجاوز

پوری دنیا میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد دو لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے اور کورونا متاثرین کی تعداد 29 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

امریکہ میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 54 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے اور وہاں اس وبا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ساڑے نو لاکھ سے اوپر پہنچ گئی ہے۔ اٹلی میں اموات کی تعداد 26 ہزار سے زیادہ ہے، اسپین اور فرانس میں 22 ہزار سے زیادہ ہے جبکہ برطانیہ میں یہ تعداد ساڑے 20 ہزار سے زیادہ ہے۔

تازہ اعداد و شمار کے مطابق ایران میں کورونا متاثرین کی تعداد 90 ہزار ہے اور وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 5710 ہو گئی ہے۔ سعودی عرب میں متاثرین کی تعداد 16 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے اور وہاں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 136 بتائی جا رہی ہے۔

Published: 26 Apr 2020, 8:00 PM IST

جامع مسجد کی ایک شاندار تصویر بیان کرتی ہے کورونا وائرس کی کہانی

دو دن سے ایک ایسی تصویر سوشل میڈیا پر گشت کر رہی ہے جو کورونا وائرس کی کہانی چیخ چیخ کر بیان کر رہی ہے۔ فوٹو گرافی کے اعتبار سے اس لاجواب تصویر کے تعلق سے بتایا جا رہا ہے کہ یہ تصویر صہیب الیاس نامی فوٹوگرافر کی ہے اور یہ ڈرون کیمرے سے لی گئی ہے۔ یہ تصویر گزشتہ جمعہ کی ہے، اس تصویر سے صاف عیاں ہو رہا ہے کہ زبردست بھیڑ بھاڑ والے علاقہ میں موجود عالی شان جامع مسجد پوری طرح خالی ہے۔ تصویر میں مسجد کے چاروں طرف بلڈنگوں کا ایک جھنڈ نظر آ رہا ہے اور جن سڑکوں پر کبھی پیدل چلنے کی جگہ نہیں ہوتی تھی وہ سڑکیں سنسان اور ویران نظر آ رہی ہیں۔ یہ تصویر جہاں جامع مسجد کی خوبصورتی اور فن تعمیر کا مظاہرہ کر رہی ہے وہیں یہ بھی بتا رہی ہے کہ کوئی بھی چیز بغیر انسانوں کے بیکار ہے۔ اس تصویر سے ایک پہلو اور سامنے آتا ہے کہ ہندوستانی مسلمان قانون کی پاسداری زبردست طریقے سے کرتے ہیں۔

Published: 26 Apr 2020, 8:00 PM IST

روزہ و افطار کے تعلق سے حدیث و روایت

رمضان المبارک کا مقدس مہینہ اپنی تمام تر نعمتوں و برکتوں کے ساتھ شروع ہو چکا ہے۔ ہم 'قومی آواز' کے قارئین کے لیے اس پاکیزہ مہینے میں روزہ و افطار کے تعلق سے روزانہ کچھ احادیث و روایت پیش کر یں گے تاکہ آپ اس کی اہمیت و افادیت سے روشناس ہو سکیں. آج ہم آپ کو بتانے جا رہے ہیں روزہ کھولنے یعنی افطار کرنے کی خصوصی دعا کے بارے میں۔ روزہ افطار کرنے کی دعا مختلف الفاظ کے ساتھ کتبِ حدیث میں بیان ہوئی ہے، جن میں سے ایک حضرت معاذ بن زہرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم روزہ افطار کرتے وقت یہ دعا پڑھتےتھے: اَللَّهُمَّ لَکَ صُمْتُ وَعَلَی رِزْقِکَ اَفْطَرْتُ. (ترجمہ) ’’اے ﷲ! میں نے تیرے لئے روزہ رکھا اور تیرے ہی دیئے ہوئے رزق پر افطار کیا۔‘‘

بعض کتب حدیث میں یہ دعا مختلف الفاظ کے ساتھ آئی ہے، جیسے وَعَلَيْکَ تَوَکَّلْتُ (ترجمہ) ’’اور میں نے تیرے اوپر بھروسہ کیا‘‘ یا فَتَقَبَّلْ مِنِّی، اِنَّکَ اَنْتَ السَّمِيْعُ الْعَلِيْمُ (ترجمہ) ’’پس تو (میرا روزہ) قبول فرمالے، بے شک تو خوب سننے والا اور جاننے والا ہے۔‘‘

Published: 26 Apr 2020, 8:00 PM IST

قومی آواز کے قارئین سے ضروری گزارش، لاک ڈاؤن کے ضابطوں کی پابندی کریں۔ شکریہ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 26 Apr 2020, 8:00 PM IST