کل شام وہاٹس ایپ پر چند ویڈیو گشت کرنی شروع ہوئیں اور ان کو دیکھنے کے بعد یہ یقین نہیں ہوا کہ کوئی مسلمان اسلام کے مقدس ترین مقام مسجد الحرام ک میں خود کشی کر سکتا ہے ۔ لیکن یہ ایک حقیقت ہے کہ اسلام میں جہاں خود کشی کو حرام قرار دیا گیا ہے اس کے ماننے والے نے اتنی مقدس جگہ پر جمعہ کی شب خود کشی جیسا گناہ عظیم کیا۔
سعودی عرب کے شہر مکہ میں اسلام کے مقدس ترین مقام مسجد الحرام میں ایک غیر ملکی شہری نے چھت سے کود کر خود کشی کر لی۔سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے مکہ پولیس کے ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ غیر ملکی شہری نے جمعہ کی رات نو بج کر 20 منٹ پر مسجد الحرام کی چھت سے نیچے طواف کرنے کی جگہ پر کود کر خود کشی کی۔
حکام کا کہنا ہے کہ نیچے گرنے سے اس شخص کی فوری موت واقع ہو گئی۔ پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لاش کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا اور اس واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کے مطابق اس واقعہ میں ہلاک ہونے والے شخص نے جس مقام سے نیچے چھلانگ لگائی وہاں زائرین کو گرنے سے بچانے کے لیے حفاظتی باڑ نصب تھی۔ ترکی اور عرب ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ تیسری منزل سے کود کر خودکشی کرنے والا 26 سالہ شخص فرانسیسی شہری تھا اور اس نے اسلام قبول کیا تھا۔
گذشتہ برس فروری میں ایک شخص نے مسجد الحرام میں خود سوزی کی کوشش کی تھی۔ تفصیلات کے مطابق اس شخص نے اپنے کپڑوں پر پیٹرول چھڑک کر خود کو آگ لگانے کی کوشش کی لیکن پولیس نے اس کی یہ کوشش ناکام بناتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔ خانہ کعبہ کی سکیورٹی پر مامور پولیس حکام نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اس شخص کی حرکتوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کا ذہنی توازن درست نہیں۔ جمعہ کو خود کشی کرنے والے کی تفصیلات آنا باقی ہیں ۔
Published: 10 Jun 2018, 8:02 AM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 10 Jun 2018, 8:02 AM IST