نئی دہلی: ہندوستان نے یوں تو ہر شعبے میں ترقی کی منازل طے کی ہیں۔ اگر کھیلوں کی بات کی جائے تو ہندوستان دنیا کے کسی بھی ملک سے پیچھے نہیں رہا۔ خاص طور پر ہمارے ملک کی خاتون کھلاڑیوں نے تو کھیل کے شعبے میں ملک کا نام خاصہ روشن کیا۔ ہمارے ملک کی خاتون کھلاڑی ہر سال کھیل کے کسی نہ کسی میدان میں ملک کا نام روشن کرتی آئی ہیں۔ انہیں کھلاڑیوں میں سے ایک نام ہے ونیش پھوگاٹ کا۔ جن کا تعلق پہلوانوں کے خاندان سے ہے۔
Published: undefined
ونیش پھوگاٹ ایک مشہور ہندوستانی پہلوان ہیں۔ دولت مشترکہ کھیلوں اور ایشین گیمز، دونوں مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والی پہلی ہندوستانی خاتون ریسلر کے نام بھی انہیں یاد کیا جاتا ہے۔ ونیش پھوگاٹ کا تعلق ایک ایسے خاندان سے ہے جس میں ان کے والد، چچا اور ان کی کزن بہنیں سبھی ریسلنگ کرتے آئے ہیں۔ ونیش پھوگاٹ کی پیدائش 25 اگست 1994 کو ریاست ہریانہ کے گاؤں بلالی میں ہوئی۔ ان کے والد کا نام راج پال سنگھ پھوگاٹ اور والدہ پریم لتا پھوگاٹ ہیں۔ ونیش نے اپنی ابتدائی تعلیم ہریانہ کے جھوجھو کلاں کے کے سی ایم سینئر سیکنڈری اسکول سے حاصل کی، جس کے بعد انہوں نے ایم ڈی یو کالج، روہتک شہر سے گریجویشن کیا۔
Published: undefined
ونیش مشہور ہندوستانی پہلوان مہاویر سنگھ پھوگاٹ (شوقیہ پہلوان اور سینئر اولمپک کوچ) کی بھانجی ہے۔ ونیش نے اپنے دیرینہ دوست اور دو مرتبہ کے قومی چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے ہندوستانی پہلوان سوم ویر راٹھی سے سال 2018 میں شادی کی۔ ونیش پھوگٹ کے چچا مہاویر سنگھ جنہوں نے درونا آچاریہ ایوارڈ جیتا۔ انہوں نے ونیش کو کشتی کی شرطیں سکھائیں۔ والد کے قتل کے بعد اس کے چچا اور کزن نے بچپن سے ہی ونیش کی دیکھ بھال کی اور ان کو پہلوان بنانے کی تربیت دیتے رہے۔ ان کے چچا مہاویر پھوگاٹ اور ان کی بیٹیوں گیتا اور ببیتا کی زندگی پر بھی فلم ’دنگل‘ بنائی گئی ہے جس میں مرکزی اداکار کا کردار عامر خان نے ادا کیا ہے۔ ونیش چچا مہاویر پھوگاٹ کی بیٹیوں کی کزن ہے۔
Published: undefined
ونیش پھوگاٹ نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز سال 2013 میں کیا اور سال 2014 میں کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔ سال 2013 میں ونیش نے جوہانسبرگ میں منعقدہ کامن ویلتھ چیمپئن شپ کے 51 کلوگرام وزن کے زمرے میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ اس کے بعد سال 2014 میں انہوں نے گلاسگو میں منعقدہ کامن ویلتھ گیمز میں 48 کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں بہترین کارکردگی پیش کرتے ہوئے طلائی تمغہ جیتا۔ اسی سال ونیش نے انچیون میں منعقدہ ایشین گیمز کے 48 کلوگرام وزن کے زمرے میں کانسہ کا تمغہ اپنے نام کیا، پھرسال 2015 میں تمغوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے انہوں نے متحدہ عرب امارات کے دوحہ میں ہونے والی ایشین چیمپئن شپ کے 48 کلوگرام وزن کے زمرے میں چاندی کا تمغہ جیت کر ہندوستان کو عزت بخشی۔
Published: undefined
اگلے سال 2016 میں ونیش پھوگاٹ نے بشکیک میں کھیلی جانے والی ایشین چیمپئن شپ میں 50 کلوگرام وزن کے زمرے میں کانسہ کا تمغہ جیتا۔ تمغوں کا سلسلہ ابھی ختم نہیں ہوا۔ سال 2018 میں جکارتہ میں منعقدہ ایشین گیمز اور آسٹریلیا کے گولڈ کوسٹ میں منعقدہ کامن ویلتھ گیمز میں 50 کلوگرام وزن کے زمرے میں انہوں نے گولڈ میڈل جیت کر ملک کا نام پھر روشن کیا۔ اسی برس ونیش نے بشکیک میں منعقدہ ایشین چیمپئن شپ کے 50 کلوگرام وزن کے زمرے میں چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔
Published: undefined
سال 2019 میں، ونیش پھوگاٹ نے ورلڈ ریسلنگ چیمپئن شپ، قازقستان اور ایشین چیمپئن شپ، ژیان دونوں میں 53 کلوگرام وزن کے زمرے میں کانسہ کے تمغے جیتے۔ سال 2020 میں ہندوستان کے شہر دہلی میں منعقد ہونے والی ایشین چیمپئن شپ کے 53 کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں کانسہ کا تمغہ حاصل کیا۔ ان کی مسلسل کامیابیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت ہند نے سال 2016 میں ونیش کو ارجن ایوارڈ سے نوازا۔ عامر خان نے 2016 میں ایک بایوپک فلم دنگل بنائی تھی، جو ان کی اور ان کے خاندان کی زندگی پر مبنی تھی، جس نے انہیں کامیابی کا راستہ دکھایا۔
Published: undefined
سال 2018 میں، انہیں پدم شری سے نوازا گیا، جو ہندوستان کا چوتھا سب سے بڑا اعزاز ہے۔ سال 2020 میں، ونیش کو ہندوستان کا سب سے بڑا کھیل ایوارڈ، میجر دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ ملا۔ سال 2018 میں انہیں ووگ انڈیا کی طرف سے وومن آف دی ایئر کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ ہندوستان کی پہلی خاتون ایتھلیٹ کے طور پر انہیں سال 2019 میں، لارئس ورلڈ اسپورٹس ایوارڈز کے لیے بھی نامزد کیا گیا۔ انہوں نے سال 2020 میں اسپورٹس وومن آف دی ایئر کا ایوارڈ (انفرادی) بھی جیتا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز