خاتون پہلوان ونیش پھوگاٹ کے پیرس اولمپک سے باہر ہونے کی خبر نے پورے ہندوستان میں غم اور ناراضگی کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔ یہ ناراضگی آج ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوانِ زیریں لوک سبھا میں بھی دیکھنے کو ملی جب کئی اپوزیشن لیڈران نے زیادہ وزن کا حوالہ دے کر ونیش پھوگاٹ کو ڈسکوالیفائی کیے جانے پر ہنگامہ کیا۔ کچھ لیڈران نے پیرس اولمپک کا بائیکاٹ کرنے کا مشورہ دیا تو کچھ نے اس معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ اب حکومت ہند میں وزیر برائے کھیل منسکھ منڈاویا نے اس تعلق سے حقائق ایوانِ زیریں میں سبھی کے سامنے رکھے ہیں۔
Published: undefined
منسکھ منڈاویا نے پارلیمنٹ میں جانکاری دی کہ ونیش پھوگاٹ کا آج صبح 2 مرتبہ وزن کرایا گیا جس میں ان کا وزن 50 کلو 100 گرام درج ہوا جو مقرر حد سے زیادہ تھا۔ انھوں نے کہا کہ ونیش کو زیادہ وزن ہونے کی وجہ سے 50 کلوگرام وزن والے زمرہ کے فائنل مقابلے میں اترنے سے پہلے نااہل قرار دے دیا گیا۔ اس معاملے میں انڈین اولمپک ایسو سی ایشن نے بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے سامنے سخت اعتراض ظاہر کیا ہے۔
Published: undefined
وزیر کھیل نے لوک سبھا میں یہ بھی کہا کہ ونیش پھوگاٹ کے معاملے میں آئی او اے (انڈین اولمپک ایسو سی ایشن) کی چیف پی ٹی اوشا (جو اس وقت پیرس میں ہی ہیں) سے وزیر اعظم نریندر مودی نے بات کی ہے اور انھیں مناسب قدم اٹھانے کی ہدایت بھی دی ہے۔ منسکھ منڈاویا نے یہ بھی بتایا کہ ونیش پھوگاٹ کی تیاری میں حکومت کی طرف سے کوئی کمی نہیں چھوڑی گئی تھی۔ ان کی بہتر تیاری کے اوپر 70.45 لاکھ روپے سے زائد خرچ کیے گئے۔
Published: undefined
اس سے قبل آج لوک سبھا میں پپو یادو، ہریندر ملک، چندر شیکھر آزاد، اسدالدین اویسی جیسے لیڈران نے ونیش پھوگاٹ کو نااہل قرار دیے جانے پر ہنگامہ کیا۔ اپوزیشن لیڈران کا الزام تھا کہ ونیش پھوگاٹ کو قصداً ڈسکوالیفائی کرنے کے لیے ہدف بنایا گیا ہے۔ اپوزیشن لیڈران نے سوشل میڈیا پر بھی اس تعلق سے ناراضگی کا اظہار کیا۔ سماجوادی پارٹی چیف اکھلیش یادو نے ’ایکس‘ پوسٹ میں کہا کہ ونیش پھوگاٹ کے فائنل میں نہ کھیل پانے سے متعلق تکنیکی اسباب کی گہرائی سے جانچ ہو اور ظاہر کیا جائے کہ حقیقت کیا ہے اور اس کے پیچھے کی اصل وجہ کیا ہے۔
Published: undefined
دوسری طرف عآپ کے راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ نے کہا کہ یہ ونیش پھوگاٹ کا نہیں بلکہ ملک کی بے عزتی ہے۔ ونیش پھوگاٹ پوری دنیا میں تاریخ رقم کرنے جا رہی تھیں اور ان کو 100 گرام زیادہ وزن دکھا کر نااہل قرار دینا ناانصافی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ پورا ملک ونیش کے ساتھ کھڑا ہے، حکومت ہند کو فوراً اس معاملے میں مداخلت کرنی چاہیے اور اگر بات نہ مانی جائے تو اولمپک کا بائیکاٹ کرے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined