پیرس: ہندوستانی پہلوان ونیش پھوگاٹ نے منگل کو پیرس اولمپک میں خواتین کے 50 کلوگرام فری اسٹائل پری کوارٹر فائنل اور کوارٹر فائنل مقابلہ میں جیت حاصل کر کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
ونیش پھوگاٹ نے پری کوارٹر فائنل یعنی راؤنڈ آف 16 ریسلنگ مقابلے میں جاپان کی ٹوکیو 2020 کی چیمپئن یوئی سوساکی کو شکست دی جبکہ کوارٹر فائنل میں انہوں نے 2019 کی یورپی چیمپئن یوکرین کی اوکسانا لیوچ کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ پھوگاٹ اب اپنے اولمپکس میڈل سے محض ایک قدم دور ہیں۔
Published: undefined
پری کوارٹر فائنل میچ میں ونیش نے جاپان کی اولمپک چیمپئن ریسلر یوئی سوساکی کے خلاف بڑا الٹ پھیر کیا اور اسے سنسنی خیز انداز میں 3-2 سے شکست دی۔ اس کے بعد اس نے کوارٹر فائنل میچ یوکرائن کی اوکسانا لیواچ کے خلاف 7-5 سے جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔
ونیش پھوگاٹ نے پری کوارٹر فائنل میں جاپان کی یوئی سوساکی سے پہلے مرحلہ کے بعد 1-0 سے پیچھے رہ جانے کے بعد دوسرے مرحلہ میں شاندار واپسی کرتے ہوئے مقابلہ 3-2 سے اپنے نام کیا۔ ونیش میچ میں زیادہ وقت دفاعی انداز میں تھیں لیکن بعد کے مرحلہ میں انہوں فتح حاصل کرنے کے لیے اپنی بھرپور صلاحیت کا استعمال کیا۔
Published: undefined
یوئی سوساکی کے خلاف مقابلہ آسان نہیں تھا کیونکہ وہ نہ صرف موجودہ اولمپک چیمپئن ہیں بلکہ وہ اس کیٹیگری میں تین بار کی عالمی چیمپئن اور موجودہ ایشین چیمپئن بھی ہیں۔ وہ خواتین کے 50 کلوگرام فری اسٹائل میں سب سے مضبوط دعویدار رہی ہیں اور انہوں نے ایک بھی پوائنٹ کھوئے بغیر ٹوکیو میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ 2010 سے اب تک سوساکی صرف 5 مقابلے ہاری ہیں۔
اس کے بعد ونیش کا مقابلہ کوارٹر فائنل میں یوکرین کی اوکسانا لیوچ سے ہوا اور انہوں نے شروع میں ہی اپنے داؤ سے 2-0 کی برتری حاصل کر لی۔ 3 منٹ کا پہلا راؤنڈ مکمل ہونے کے بعد ونیش نے 4-0 کی برتری حاصل کر لی تھی۔ اس کے بعد یوکرائنی پہلوان نے واپسی کی لیکن ونیش نے مسلسل دباؤ بنائے رکھا اور مقابلہ 7-5 سے جیت کر زبردست انداز میں سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
Published: undefined
خیال رہے کہ یہ ونیش کا تیسرا اولمپکس ہے اور 2016 کے ریو اولمپکس میں وہ چوٹ کی وجہ سے کانسے کا تمغہ جیتنے سے چوک گئی تھیں۔ ٹوکیو اولمپکس میں وہ 53 کلوگرام کے کوارٹر فائنل میں وینیسا کلاڈزنسکایا سے ہار گئی تھیں۔ سیمی فائنل میں ہارنے کے بعد کلادزنسکایا ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئیں اور ہندوستانی پہلوان کے لئے ریپ چیج کی امیدیں ختم ہو گئیں.
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined