کھیل

پیرس اولمپک 2024: لکشیہ سین کو کارڈن کے خلاف ملی جیت شمار سے باہر، ساتوِک-چراغ کا میچ رَد

لکشیہ سین نے اولمپک کھیلوں میں مینس سنگل گروپ ایل کے شروعاتی میچ میں کیون کارڈن کو شکست دی تھی، لیکن اب اس جیت کو شمار نہیں کیا جائے گا، کیونکہ کارڈن چوٹ کے سبب اولمپک سے باہر ہو گئے ہیں۔

لکشیہ سین، تصویر آئی اے این ایس
لکشیہ سین، تصویر آئی اے این ایس 

ہندوستان کے اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی لکشیہ سین کی اولمپک کھیلوں میں مینس سنگلز گروپ ایل کے شروعاتی میچ میں کیون کارڈن پر ملی جیت کو اب شمار نہیں کیا جائے گا۔ ایسا اس لیے کیونکہ گوانٹے مالا کے ان کے حریف کارڈن بائیں کوہنی کی چوٹ کے سبب پیرس اولمپک سے باہر ہو گئے ہیں۔ عالمی بیڈمنٹن ایسو سی ایشن (بی ڈبلیو ایف) نے ایک اَپڈیٹ میں کہا کہ ’’گوانٹے مالا کے مینس سنگلز کھلاڑی کیون کارڈن بائیں کوہنی کی چوٹ کے سبب پیرس 2024 اولمپک کھیلوں کے بیڈمنٹن مقابلے سے ہٹ گئے ہیں۔‘‘

Published: undefined

مزید جانکاری دیتے ہوئے ایسو سی ایشن نے بتایا کہ ’’انڈونیشیا کے جوناتھن کرسٹی اور بلجیم کے جولین کیراگی کے خلاف ان کے گروپ ایل کے باقی میچ اب نہیں کھیلے جائیں گے۔ اس گروپ کے میچوں کا پروگرام پھر سے طے کیا گیا ہے۔‘‘ بی ڈبلیو ایف کا کہنا ہے کہ ’’گروپ مرحلہ کے لیے بی ڈبلیو ایف کے مقابلہ سے متعلق اصولوں کے مطابق گروپ ایل میں میچ کارڈن کو شامل کرتے ہوئے کھیلے گئے تھے۔ اس لیے گروپ ایل میں کارڈن سے جڑے سبھی کھیلے گئے یا ابھی کھیلے جانے والے میچوں کے ریزلٹ اب ہٹائے گئے مانے جاتے ہیں۔‘‘

Published: undefined

کارڈن کے پیرس اولمپک سے ہٹنے کا مطلب یہ ہوا کہ اب گروپ ایل میں صرف تین کھلاڑی ہوں گے جس میں لکشیہ سین کے علاوہ کرسٹی اور کیراگی شامل ہیں۔ اس طرح سے اس گروپ میں لکشیہ سین تنہا کھلاڑی ہوں گے جو تین میچ کھیلیں گے۔ یہ ہندوستانی کھلاڑی پیر کے روز کیراگی اور بدھ کے روز اپنے آخری گروپ میچ میں کرسٹی سے مقابلہ کرے گا۔

Published: undefined

دوسری طرف جرمن کھلاڑی مارک لیمفس نے چوٹ کی وجہ سے اپنا نام واپس لے لیا ہے۔ اس وجہ سے ساتوِک سراج رنکی ریڈی اور چراغ شیٹی کا مینس ڈبلز گروپ سی کا مقابلہ رد کر دیا گیا ہے۔ ہندوستانی جوڑی کو پیر کے روز لیمفس اور ماروِن سیڈیل کی جرمن جوڑی سے میچ کھیلنا تھا۔ بی ڈبلیو ایف کا کہنا ہے کہ ’’جرمن مینس ڈبلز کھلاڑی مارک لیمفس گھٹنے کی چوٹ کے سبب پیرس اولمپک کھیلوں کے بیڈمنٹن مقابلے سے ہٹ گئے ہیں۔‘‘ اس نے مزید کہا کہ ’’لیمفس اور ان کے ساتھی ماروِن سیڈیل کے گروپ سی میں ہندوستانی کھلاڑی ساتوِک اور چراغ (مقامی وقت کے مطابق صبح 8.30 بجے، 29 جولائی 2024) اور فرانس کے لوکاس کوروی اور رونن لابر (30 جولائی 2024) کے خلاف ہونے والے میچ اب نہیں کھیلے جائیں گے۔‘‘

Published: undefined

واضح رہے کہ ساتوِک اور چراغ نے ہفتہ کے روز لوکاس کوروی اور رونن لابار کی فرانسیسی جوڑی پر 17-21، 14-21 سے جیت کے ساتھ اپنی مہم شروع کی تھی۔ یہ ہندوستانی جوڑی گروپ کے اپنے آخری میچ میں منگل کو انڈونیشیا کے فجر الفیان اور محمد ریان اردیانتو سے مقابلہ کرے گی۔ جرمن جوڑی کے ہٹنے کے بعد انڈونیشیا کی جوڑی نے ہفتہ کو لیمفس اور سیڈیل پر جیت درج کی تھی، اس ریزلٹ کو اب شمار نہیں کیا جائے گا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined