کھیل

ہندوستان چوتھا ون ڈے بھی جیتنے کے لئے اترے گا

ہندوستان چوتھا ون ڈے بھی جیتنے کے لئے اترے گا

Getty images
Getty images 

کولمبو: وراٹ کوہلی کی کپتانی والی ہندوستانی کرکٹ ٹیم یک روزہ سیریز پر 3۔0 سے پہلے ہی قبضہ کرچکی ہے اور کھلاڑیوں کی چوٹوں اور ناقص کارکردگی کے لئے چوطرفہ تنقید کا نشانہ بننے والی سری لنکا کرکٹ ٹیم کے خلاف وہ جمعرات کو یہاں چوتھے ون ڈے میں بھی اپنی جیت کا سلسلہ قائم رکھنے کے لئے اترے گی۔
ہندوستان نے ٹسٹ سیریز میں سری لنکا کے خلاف 3۔0 سے کلین سویپ کیا تھا اور اب وہ ون ڈے سیریز میں بھی اس کامیابی سے دو میچ دور ہے۔ دوسری طرف سری لنکائی ٹیم مسلسل شکست کی وجہ سے خود اعتمادی پیدا نہیں کر پا رہی ہے اور اس کی غلطیاں مسلسل جاری ہیں۔ سری لنکا کے لئے اس سیریز میں کم سے کم دو میچ جیتنا 2019 کے عالمی کپ کے لئے سیدھےکوالیفائی کرنے کے لحاظ سے بھی ضروری تھا لیکن وہ اپنے گھریلو میدان پر بھی اس مقصد کو پورا نہیں کرسکی۔
وہیں ٹیم انڈیا نے ون ڈے میں اپنی نوجوان بریگیڈ کے ساتھ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیت حاصل کی ہے۔ ہندوستان نے پلے کیل میں تیسرا ون ڈے چھ وکٹ سے جیتا تھا جہاں ایک بار پھر ’مسٹر فنیشر‘ سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی نے سب سے واہ واہی حاصل کی۔ سیریز سے پہلے تک ٹیم میں اپنی جگہ کے لئے سوالوں میں گھرے دھونی نے ناٹ آؤٹ 67رن کی اننگز سے جیت میں تعاون دیا تو دوسرے ون ڈے میں بھی ان کی ناٹ آؤٹ 45 رن کی اننگز میچ کو فتح دلانے میں اہم رہی تھی۔

36سالہ دھونی یقینی طور پر ٹیم کے تجربہ کار اور اہم کھلاڑی ہیں اور ان کی فارم نے ان پر سوال اٹھانے والوں کی زبان بند کردی ہے لیکن خود وکٹ کیپر بلے باز پر بھی بہتر کارکردگی بنائے رکھنے کا دباؤ ضرور ہے اور کولمبوں میں جب وہ اپنے کیریئر کے 300 ویں ون ڈے کھیلنے اتریں گے۔تو ان سے اس میچ کو یادگار بنانے کے لئے بہترین کاکردگی کی امید کی جاسکتی ہے۔
گزشتہ کچھ میچوں میں وراٹ کے بلے بازی آرڈر میں کچھ تبدیلیاں کر نےکے لئے ان پر سوال اٹھے لیکن ٹیم کی جیت سے حوصلہ مند کپتان نے واضح کردیا کہ وہ اس طرح کا تجربہ جاری رکھیں گے تاکہ باقی کھلاڑیوں کو موقع مل سکے۔ انہوں نے کہا تھا کہ ٹیم میں سبھی 15 کھلاڑی میچ جیتنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ حالانکہ تیسرے میچ کے لئے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی لیکن کپتان نے خود کو بلے بازی آرڈر میں پانچویں مقام پر کھسکا دیا تھا۔
دانبولہ ون ڈے میں ناٹ آؤٹ 82 رن کی اننگز کے بعد سے پچھلے دو میچوں میں وراٹ نے 4 اور 3 رن کی مایوس کن اننگز کھیلی ہیں اور کولمبو میں وہ بلے سے بہتر رن بنانے کی کوشش کریں گے۔ وراٹ کے علاوہ روہت شرما، شکھر دھون، لوکیش راہل اور مڈل آرڈر میں دھونی، ہاردک پانڈیا اور بھونیشور کمار اچھے کھلاڑی ہیں اور کسی بھی حالت میں ٹیم کو جیت تک لے جاسکتے ہیں۔
دوسرے ون ڈے میچ میں ٹیم کو ہدف تک لے جانے میں نویں نمبر کے بلے باز بھونیشور نے اہم کرداد ادا کیا تھا اور ناٹ آؤٹ 53 رن کی نصف سنچری والی اننگز سے نشانہ حاصل کرنے میں مدد کی تھی۔ اس میچ میں سری لنکا کے گیند باز اکیلادھنجے نے اپنی مشکل گیندوں سے سبھی کو پریشان ضرور کیا تھا لیکن ایک میچ کے بعد ہی محسوس ہورہا ہے کہ ٹیم انڈیا کے بلے بازوں نے دھنجے کی تکنیک کو سمجھ لیا ہے۔
وہیں ہندوستان کے پاس بلے بازوں کے ساتھ ساتھ گیند بازی کا بھی بہترین آرڈر بھی موجود ہے۔ تیسرے ون ڈے میں 10 اووروں میں 27 رن پر پانچ وکٹ کی زبردست گیند بازی کرنے والے جسپریت بمراہ اب تک ون ڈے سیریز میں 8 اعشاریہ 36 کی اوسط سے 11 وکٹ لیکر سب سے کامیاب گیند باز بھی رہے ہیں۔ وہیں یوگیندر چہل، اسپنر اکشر پٹیل اور کیدار جادھو نے بھی اطمینان بخش کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
ٹسٹ سیریز میں پانچ وکٹ لینے والے چائنا مین گیند باز کلدیپ یادو بھی جمعرات کو سری لنکا میں سیریز کا پہلا ون ڈے کھیلنے اترسکتے ہیں اور امید ہے کہ وہ اپنی اسی طرح کی کارکردگی سے ٹیم کو متاثر کریں گے۔ 22 سالہ گیند باز کو کپتان وراٹ کوہلی کی کافی حمایت حاصل ہے اور ان کی کوشش ہوگی کہ وہ کپتان کے بھروسے کو قائم رکھیں۔
ہندوستانی ٹیم سیریز پر بھلے ہی قبضہ کرچکی ہے لیکن اس کی کوشش ہوگی کہ وہ کسی غلطی کے بغیر سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کرے۔ اکیلا کا سامنا کرنے کے لئے ایک بار پھر مہمان ٹیم بہتر حکمت عملی کے ساتھ اتر سکتی ہے تو تجربہ کار گیند باز لست ملنگا، وشوا فرنانڈو بھی ہندوستانی بلے بازوں کو روکنے میں اہم ثابت ہوسکتے ہیں۔
حالانکہ سری لنکاکے کھلاڑیوں کے زخمی ہونے کا سلسلہ جاری ہے اور ون ڈے میں بلائے گئے ٹسٹ کپتان دنیش چانڈی مل کو ہیئرلائن فیکچر کی وجہ سے سیریز سے ہی باہر ہوجانے کے بعد نگراں کپتان چامرا کاپوگیدرا کا بھی چوتھے ون ڈے میں کھیلنا مشکوک ہے۔ اگر وہ بھی میچ سے باہر ہوجاتے ہیں تو وہ سری لنکا کے پانچویں کھلاڑی ہوں گے جو میچ کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے۔
اگر کاپوگیدرا نہیں کھیلتے تو سری لنکائی ٹیم کو ایک اور نیا کپتان تلاش کرنا ہوگا۔اپل ترنگا پر دو میچ کی پابندی ہے اور وہ چوتھے ون ڈے سے بھی باہر رہیں گے جبکہ سری لنکائی کھلاڑیوں میں پہلے دانشکا گنا تھیلاکا کندھے کی تکلیف سے، وکٹ کیپر بلے باز کشل پریرا اور بلے بازی کے آل راؤنڈر اسیل گنا رتنے بھی چوٹوں کی وجہ سے سیریز سے باہر ہوچکے ہیں۔ حالانکہ چوٹوں سے پریشان اور سلیکٹروں کے استعفے سے سری لنکائی کرکٹ میں پیدا ہوئے ہنگامے کے درمیان ٹیم جیت سے اس طوفان کو پرسکون کرنے کے لئے اس بار الٹ پھیر کرسکتی ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined