ٹوکیو: ٹوکیو اولمپکس 2020 کا آج ساتواں دن ہے اور ہندوستان کے لئے یہ دن شاندار رہا۔ ہندوستان نے تیراندازی، بیڈمنٹن، باکسنگ اور ہاکی میں جیت حاصل کی ہے۔ تیر انداز اتنو داس مردوں کے سنگلز مقابلہ میں آخری 8 میں مقام حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو ڈنمارک کی میا بلیچ فیلٹ کو ہراکر کوارٹر فائنل میں داخل ہو گئی ہیں۔ وہیں، باکسر ستیش کمار 91 کلو زمرے کے آخری 8 میں پہنچ گئے ہیں۔ مردوں کی ہاکی ٹیم کی بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ جاری ہے اور اس نے ریو اولمپکس کی فاتح ارجنٹائن کی ٹیم کو 3-1 سے شکست دے دی ہے۔
Published: 29 Jul 2021, 10:43 AM IST
ہاکی میں ہندوستان کی مینز ٹیم کا شاندار کارکردگی کا مظاہرہ جاری ہے۔ اس نے ریو اولمپکس کی چیمپین ٹیم ارجنٹائن کو 3-1 سے شکست دے دی ہے۔ ہندوستان کی جانب سے ورون کمار، ویویک ساگر پرساد اور ہرمنپریت سنگھ نے گول داغے۔ ہندوستانی ٹیم کی اس اولمپکس میں یہ تیسری جیت ہے۔ اس سے قبل اس نے ہسپانیہ اور نیوزی لینڈ کے خلاف بھی جیت حاصل کی تھی۔ ہندوستانی ہاکی ٹیم 4 میچوں میں 9 پوائنٹس کے ساتھ پول اے میں دوسرے مقام پر ہے۔ پہلے مقام پر آسٹریلیا ہے جس نے تاحال کوئی میچ نہیں گنوایا ہے۔
Published: 29 Jul 2021, 10:43 AM IST
تیر انداز اتنو داس ٹوکیو اولمپکس میں میڈل جیتنے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے مردوں کے سنگلز مقابلہ میں آخری 8 کھلاڑیوں میں مقام حاصل کر لیا ہے۔ اتنو نے آخری 16 کھلاڑیوں کے مقابلہ میں کوریا کے لیجنڈ تیرانداز جنیک اوہ کو شکست دی۔ اتنو نے 6-5 سے یہ مقابلہ اپنے نام کیا۔ قبل ازیں، اتنو نے آخری 32 کھلاڑیوں کے مقابلہ میں چینی تائپے کے دینگ یو چیگ کو 6-4 سے شکست دی تھی۔ دینگ یو چیک لندن اولمپکس میں طلائی تمغہ حاصل کر چکے تھے۔
Published: 29 Jul 2021, 10:43 AM IST
ہندوستانی باکسر ستیش کمار نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے حریف جمیکا کے باکسر ریکارڈو براؤن کو شکست دے دی۔ ستیش نے یہ مقابلہ 4-1 سے اپنے نام کیا۔ ستیش نے پہلا راؤنڈ 5-0، جبہ دوسرا اور تیسر 4-1 سے جیتا۔ اس جیت کے ساتھ ہی ستیش آخری 8 کھلاڑیوں میں شامل ہو گئے ہیں اور وہ تمغہ سے محض ایک قدم دور ہیں۔
Published: 29 Jul 2021, 10:43 AM IST
اس سے پہلے ہندوستان کی اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی پی سی سندھو نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈنمارک کی میا بلیچ فیلٹ کو سیدھے گیم میں 21-15، 21-13 سے ہرا کر تمغہ کی جانب پیش قدمی کی۔ سندھو اب تمغہ سے محض ایک قدم دور رہ گئی ہیں۔ آج کھیلے گئے سنگلز راؤنڈ آف 16 کے مقابلہ میں سندھو بہترین فارم میں نظر آئیں اور انہوں نے اپنی حریف بلیچ فیلٹ کو کوئی موقع نہیں دیا۔
سندھو کا اگلا مقابلہ جمعہ کے روز کوارٹر فائنل میں جاپان کی اکانے یاماگوچی کے ساتھ ہوگا۔ اکانے یاگاموچی دنیا کی پانچویں رینک کی کھلاڑی ہیں۔ سندھو اگر یہ مقابلہ جیت جاتی ہیں تو وہ سیمی فائنل میں داخل ہو جائیں گی۔
Published: 29 Jul 2021, 10:43 AM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 29 Jul 2021, 10:43 AM IST
تصویر: پریس ریلیز