برلن میں وفاقی جرمن حکومت کے نامزد کردہ اس اہلکار کا نام ژُرگن ڈُوزل ہے اور وہ معذور افراد سے متعلقہ امور کے نگران عہدیدار ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ جرمن معاشرے میں لفظ 'معذور‘ (behindert) کے استعمال میں زیادہ احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ خاص طور پر اس وجہ سے بھی کہ جرمنی کے بہت سے اسکولوں میں نوجوان طلبا و طالبات کی بڑی تعداد آپس کی گفتگو میں اس لفظ کو ایسے استعمال کرنے لگی ہے کہ یہ لفظ کسی انسان کی معذوری کو بیان کرنے کے بجائے ایک گالی بنتا جا رہا ہے۔
Published: undefined
جرمن نشریاتی ادارے آر این ڈی کے تعلیم اور طالب علموں سے متعلق پوڈکاسٹ پروگرام 'اسکول آور‘ میں حصہ لیتے ہوئے ژُرگن ڈُوزل نے اپنے موقف کے حق میں کئی مثالیں بھی دیں۔ انہوں نے کہا کہ جرمن اسکولوں میں اس لفظ کا نوجوانوں کی طرف سے آپس کی گفتگو میں باہمی تضحیک و تذلیل کے لیے استعمال بڑھتا جا رہا ہے اور اس رجحان کو روکنے کی ضرورت ہے۔
Published: undefined
انہوں نے کہا، ''کیا تم بالکل ہی معذور ہو؟ کتنی معذوروں والی بات کی تم نے؟ اب اتنے معذور تو نہ بنو۔ تمہارا کچھ نہیں ہو سکتا، تم تو پورے معذور ہو۔ ان تمام مثالوں میں اس لفظ کا استعمال بظاہر ایک بےضرر گالی کے طور پر کیا گیا ہے۔‘‘ ژُرگن ڈُوزل کے مطابق سماجی اور نفسیاتی طور پر ایسے جملوں کے پیچھے وہ نادانستہ تعصب اور ذہنی لاپرواہی کار فرما ہوتے ہیں، جن سے بولنے والے خود بھی آگاہ نہیں ہوتے مگر جو حقیقی معذوری کا شکار افراد کے لیے تکلیف کا باعث بنتے ہیں۔
Published: undefined
ژُرگن ڈُوزل خود بھی معذور ہیں۔ ان کی جسمانی معذوری بینائی سے متعلق ہے۔ انہیں دکھائی تو دیتا ہے مگر انتہائی کم۔ انہوں نے اس 'اسکول آور‘ پوڈکاسٹ میں کہا کہ خود انہیں دوران تعلیم اپنے اسکول میں کبھی یہ تجربہ نہیں ہوا تھا کہ کسی نے 'معذور‘ یا 'معذوری‘ کے الفاظ کو کسی کو گالی دینے یا برا بھلا کہنے کے لیے استعمال کیا ہو۔
Published: undefined
''اب لیکن اس لفظ کا بہت سے جرمن اسکولوں میں طالب علموں کے مابین روزمرہ کی گفتگو میں استعمال مسلسل زیادہ ہوتا جا رہا ہے۔ اس رجحان کو نئی نسل کو اپنی گفتگو کے لیے الفاظ کے زیادہ بہتر اور مناسب چناؤ کے ساتھ اس لیے روکنا چاہیے کہ ہم جو الفاظ استعمال کرتے ہیں، وہ ہمارے شعور اور طرز فکر پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں۔‘‘
Published: undefined
وفاقی جرمن حکومت کے معذوروں سے متعلقہ امور کے نگران عہدیدار ژُرگن ڈُوزل نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث معمول کی عوامی زندگی کو جو دھچکے لگے، ان کے تدارک کے لیے حکومت نے جو منصوبے تشکیل دیے ہیں، ان میں معذور شہریوں کی خصوصی ضروریات کو بھی نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے۔
Published: undefined
انہوں نے مزید کہا کہ صرف یہی نہیں کہ ہر کسی کو یہ دھیان رکھنا چاہیے کہ وہ معاشرے میں معذوروں اور ان کی معذوری کا کس بھی پس منظر میں ذکر کس طرح اور کن الفاظ میں کرتا ہے، بلکہ ساتھ ہی سرکاری اور عوامی شعبوں کے علاوہ نجی شعبے کے آجر اداروں کو بھی یہ کوششیں کرنا چاہییں کہ وہ جسمانی معذوری کے شکار افراد کے لیے روزگار کی منڈی میں زیادہ سے زیادہ مواقع کو یقینی بنائیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز