سماج

بھارتی ٹھگوں نے اس سال امریکیوں سے 10 ارب ڈالر ٹھگ لیے

بھارت میں غیر قانونی کال سینٹر چلانے والے یہ ٹھگ امریکی شہریوں بالخصوص معمرافراد کو اپنا نشانہ بنا رہے ہیں۔ صورت حال کی سنگینی کے مدنظر ایف بی آئی کو نئی دہلی میں اپنا ایک نمائندہ مقرر کرنا پڑا ہے۔

بھارتی ٹھگوں نے اس سال امریکیوں سے 10 ارب ڈالر ٹھگ لیے
بھارتی ٹھگوں نے اس سال امریکیوں سے 10 ارب ڈالر ٹھگ لیے 

امریکی وفاقی تفتیشی ایجنسی، ایف بی آئی، نے اپنی ایک تازہ ترین رپورٹ میں بتایا ہے کہ بھارت سے غیر قانونی کال سینٹر چلانے اور لوگوں کو ٹھگنے والے گروہوں نے رواں برس نومبر تک امریکہ کے شہریوں سے دس ارب ڈالر یعنی آٹھ کھرب روپے سے زیادہ ٹھگ لیے ہیں۔

Published: undefined

رپورٹ کے مطابق ٹھگوں نے سب سے زیادہ نشانہ 60 برس سے زائد عمر کے افراد کو بنایا، جن سے گزشتہ دو برسوں میں تین ارب ڈالر سے زیادہ ٹھگے جا چکے ہیں۔ یہ ٹھگی بالعموم غیر قانونی طور پر چلائے جانے والے کال سینٹروں کے ذریعہ انجام دی جاتی ہے۔ ٹھگ امریکہ میں رہنے والے افراد کو تکنیکی امداد فراہم کرنے یا دیگر قسم کی معاونت کی آڑ میں نشانہ بناتے ہیں۔

Published: undefined

ایف بی آئی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں برس کے گذشتہ 11 مہینے میں ہی امریکی شہریوں کے 10.2ارب ڈالر ٹھگے جا چکے ہیں۔ اس سے پچھلے برس یعنی سن 2021 کے مقابلے یہ اعدادو شمار 47 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ برس 6.9 ارب ڈالر کی ٹھگی ہوئی تھی۔

Published: undefined

دہلی میں ایف بی آئی کا خصوصی مرکز قائم

امریکی شہریوں کے ساتھ اتنے بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی کے واقعات کے مدنظر ایف بی آئی نے نئی دہلی میں امریکی سفارت خانے میں اپنا ایک خصوصی نمائندہ مقرر کیا ہے۔ یہ افسر بھارتی تفتیشی ایجنسی سی بی آئی، انٹرپول اور دہلی پولیس کے ساتھ مل کر کام کرتا ہے۔ اس کا مقصد ٹھگی کرنے والے گروہوں کا پردہ فاش کرنا اور امریکہ سے بھیجے جانے والی رقم کو درمیان میں ہی روک دینا ہے۔ یہ کرپٹو کرنسی کے ذریعہ بھارت سے سرگرم جرائم پیشہ گروہوں کو بھیجی جانے والی رقومات پر بھی نگاہ رکھتا ہے۔

Published: undefined

ایف بی آئی کے جنوبی ایشیا کے سربراہ سہیل داود نے اس حوالے سے بھارتی میڈیا سے با ت چیت کرتے ہوئے کہا کہ، "گوکہ یہ ابھی قومی سلامتی کا مسئلہ نہیں ہے تاہم اس میں ملوث (ایک ملک کے) وقار کا سوال تو بہر حال ہے ہی۔ اور ہم نہیں چاہتے کہ بھارت کو اس محاذ پر نقصان پہنچے۔"

Published: undefined

سب سے زیادہ ٹھگی محبت کے نام پر

سہیل داود کا کہنا تھا کہ نومبر 2022 تک ایف بی آئی کی ویب سائٹ پر 7.8 لاکھ شکایتیں درج کرائی گئی ہیں۔ جن کے مطابق لوگوں کا تقریباً 10.2 ارب ڈالر نقصان ہو چکا ہے۔

Published: undefined

انہوں نے بتایا کہ امریکیوں کے ساتھ جھوٹے وعدے اور محبت کے نام پر بھی دھوکہ دہی کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ محبت کے نام پر اس برس نومبر تک امریکیوں سے تقریباً آٹھ ہزار کروڑ روپے ٹھگ لیے گئے جب کہ سن 2021 میں پورے سال میں اتنا نقصان ہوا تھا۔

Published: undefined

بھارت میں سائبر جرائم میں اضافہ

بھارتی وزارت داخلہ نے حال ہی میں ایک رپورٹ جاری کی تھی، جس میں کہا گیا ہے کہ ملک میں سائبر جرائم میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملک میں سائبر جرائم کے روزانہ 1500 شکایتیں موصول ہوتی ہیں جن میں سے تقریباً 30 میں ایف آئی آر درج کی گئی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ 2 فیصد سے بھی کم واقعات میں کیسز درج ہو رہے ہیں۔

Published: undefined

وزارت داخلہ نے بھارتی پارلیمان کو بتایا تھا کہ 30 اگست 2019 کو حکومت نے نیشنل سائبر کرائم رپورٹنگ پورٹل شروع کیا تھا، جہاں سائبر جرائم کی شکایت کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یکم جنوری 2020 سے 7 دسمبر 2022 کے درمیان ملک میں سائبر جرائم کے 16 لاکھ سے زائد شکایتیں درج کرائی گئیں۔

Published: undefined

اس ماہ کے اوائل میں دہلی پولیس نے قومی دارالحکومت میں چلائے جانے والے ایک غیر قانونی کال سینٹر کا پردہ فاش کیا تھا اور تین افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔ اس کیس میں کینیڈا کی پولیس نے ٹورنٹو سے سے ایک شخص کو حراست میں لیا تھا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined