پاکستان جیسے جنسی طور پر گھٹن زدہ معاشرے میں جہاں بچوں اور خواتین کے ساتھ زیادتی اور جنسی تشدد کے واقعات معمول کی بات ہیں وہیں اس معاشرے کی منافقت کا اندازہ اس بات سے لگائیں کہ ہم سیکس جیسے اہم ترین موضوع پر اپنے بچوں سے بات کرنے سے کتراتے ہیں۔ یہاں ہر چھوٹے بڑے شہر کی دیواروں پر آپ کو مردانہ کمزوری اور بانجھ پن کے علاج کے اشتہارات تو نظر آئیں گے مگر سیکس کے بارے میں ایک صحت مند انداز میں گفتگو کرنا معیوب اور نامناسب خیال کیا جائے گا۔ یہاں ایک دوسرے کو بات بات پر دی جانے والی گالیاں تو خواتین کے جنسی اعضاء سے متعلق ہو سکتی ہیں مگر سیکس ایجوکیشن دے کر معاشرتی بے راہ روی کو روکنے کے لیے قدم اٹھانے کو کوئی تیار نہیں۔
Published: undefined
اخبارات میں آئے روز چھپنے والے زیادتی کے واقعات محض چند دن کے لیے ہمارے ضمیر کو جگاتے ہیں جو کہ پھر گھوڑے بیچ کر سو جاتا ہے۔ اس بات سے قطع نظر کہ آج کے دور میں جہاں انٹرنیٹ اور میڈیا نے بچوں کو وقت سے پہلے ہی بہت سی ضروری اور غیر ضروری معلومات سے آشنا کر دیا ہے وہیں اس اہم موضوع پر بات کرنے سے گریز کرنا کبوتر کا بلی کو دیکھ کر آنکھیں بند کر لینے کے مصادق ہے۔
Published: undefined
مجھے یاد ہے میٹرک میں بائیولوجی کی کلاس میں جب استاد صاحب نے نظام تولید کا سبق پڑھانا شروع کیا تو تمام طلباء اشاروں کنایوں میں باتیں اور سرگوشیاں کرنے لگے۔ استاد صاحب نے بھی نہایت اہم اور پیچیدہ معلومات کو گول مول الفاظ میں بیان کیا اور سبق کو جلدی ختم کر کے جان چھڑائی۔ یہ رویہ نہایت غیر سنجیدہ اور قابل فکر ہے کہ ہم ان اہم ترین موضوعات پر صرف ایک معاشرتی شرم یا ججھک کی وجہ سے بات نہیں کر پاتے۔
Published: undefined
بچوں کو چھوٹی عمر سے ہی گھروں اور سکولوں میں جنسی تعلیم مہیا کرنا اس لیے ضروری ہے کہ بعد ازاں جب ان سے سیکس جیسے موضوعات پر بات کی جائے تو وہ خود بھی سنجیدگی اور توجہ سے بات سنتے ہیں اور بڑوں کو بھی یہ کوئی غیر معمولی بات نہیں لگتی۔ اس کے علاوہ بچوں کو جنسی تعلیم دینے کا فائدہ یہ ہوتا ہے بچے اپنے مسائل کے بارے میں شرم یا جھجک محسوس کرنے کی بجائے والدین یا اساتذہ سے بات کرتے ہیں۔ اگر بچے انھی مسائل کے لیے دوستوں یا دیگر ذرائع سے معلوم کرنے کی کوشش کریں تو نا صرف غلط اور نامناسب مواد تک ان کی رسائی ہوتی ہے بلکہ جنسی استحصال کے مواقع بھی بڑھ جاتے ہیں۔
Published: undefined
کم عمری میں بچوں کے ساتھ ہونے والی چھیڑ چھاڑ جسے وہ اکثر اوقات سمجھ ہی نہیں پاتے کہ ان کے ساتھ کیا ہو رہا ہے اس سے بچنے کے لیے انھیں گڈٹچ اور بیڈ ٹچ کا فرق سمجھانا نہایت ضروری ہے۔ اس طرح وہ نامناسب حرکت کے بارے میں فوراً بڑوں کو آگاہ کر سکیں گے۔ بلوغت کے بعد جسمانی ساخت میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کی وجہ سے بچے ذہنی الجھن اور کشمکش کا شکار ہو جاتے ہیں۔ لہذا ضروری ہے کہ انھیں پہلے ہی سے ان سب عوامل کے بارے میں معلومات فراہم کر دی جائیں۔
Published: undefined
ہمارے ہاں عموماً بچوں سے سیکس پر گفتگو کرنا اس لیے بھی معیوب سمجھا جاتے ہے کہ بچوں میں اس حوالے سے تجسس پیدا نہ ہو اور ان کے معصوم ذہن آلودہ نہ ہوں جبکہ بچوں میں قدرتی طور پر اس حوالے سے تجسّس موجود ہوتا ہے جس پر وہ قابو نہیں رکھ پاتے اور اپنے دوستوں و دیگر ذرائع سے ان کے بارے میں جاننے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس طرح انھیں غلط قسم کی معلومات سے بھی واسطہ پڑتا ہے۔ مثال کے طور پر کئی بچے بہت دفعہ یہ سوال کرتے ہیں کہ بچے کہاں سے آتے ہیں؟ اب اگر والدین ہی ان کے اس طرح کے معصوم سوالات کا جواب ان کی عمر کی مناسبت سے دے دیں تو انھیں کہیں اور سے جاننے کی ضرورت محسوس نہیں ہوگی۔
Published: undefined
ایک اور غلط فہمی جس کے والدین عموماً شکار ہوتے ہیں کہ ہمارے بچوں کو تو سیکس وغیرہ جیسی سرگرمیوں میں کوئی دلچسپی نہیں جبکہ بلوغت کے بعد سے ہی جسم میں ہونے والی ہارمونز کی تبدیلیاں جنسی ملاپ یا جسمانی تعلق کی طرف رحجان بڑھا دیتی ہیں اور اس سے کئی مسائل پیدا ہو سکتے ہیں جیسے غیر ارادی حمل ٹھر جانا اور جنسی بیماریوں کا شکار ہو جانا۔ لہذا بچوں کو جسمانی تعلق قائم کرنے کے محفوظ طریقوں کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا بے حد ضروری ہے۔
Published: undefined
اردو زبان میں مرد اور عورت کے جنسی اعضاء کے لیے کوئی مناسب لفظ نہیں ملتا اور عموماً شرم گاہ یا اعضاء مخصوصہ جیسے الفاظ استعمال ہوتے ہیں جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ یہ کوئی شرم کی چیز ہے اور جنسی اعضاء کے بارے میں بات کرنا غلط ہے۔ یہی ہمارا جنسی خواہشات کی طرف عمومی رویہ بھی ہے یہی وجہ ہے کہ پھر بچے بھی اپنی جنسی اور جسمانی خواہشات کے بارے میں شرم محسوس کرتے ہیں اور ان کے ساتھ کوئی نا مناسب واقعہ پیش آ جائے تو خود کو ہی قصور وار اور مجرم سمجھتے ہیں۔ جنسی تعلیم سے بچوں میں رضامندی کا شعور پیدا ہوتا ہے کہ کسی کو اس کی اجازت کے بغیر چھونا یا جنسی عمل میں شریک کرنا غلط ہے اور اس کے لیے دوسرے ساتھی کی رضامندی بہت ضروری ہے ورنہ یہ زبردستی کے زمرے میں آئے گا۔
Published: undefined
پچھلے دنوں میں یو نیسکو کی ایک ریسرچ پڑھ رہی تھی جس میں یہ بتایا گیا تھا کہ جن ممالک میں بچوں کو ابتدائی سالوں میں جنسی تعلیم مہیا کر دی جاتی ہے وہاں بچے زیادہ دیر تک جنسی خواہشات پر قابو رکھ پاتے ہیں اور STIs اور انفیکشن میں کمی واقع ہوتی ہے نیز سیکس کے محفوظ اور بہتر طریقے دیکھنے میں آتے ہیں۔ لہذا جنسی تعلیم آج کل کے ترقی یافتہ دور میں اور بھی زیادہ ضروری ہوگئی ہے جہاں انٹرنیٹ پر موجود جنسی مواد سے بھرپور ویب سائٹس تیزی سے مقبول ہورہی ہیں اور پورن فلموں میں بچوں کی دلچسپی بڑھ رہی ہے۔ ان فلموں میں دکھائی گئی سرگرمیوں سے نہ صرف ان کی ذہنی صحت متاثر ہوتی ہے بلکہ سیکس کے بارے میں غلط تصورات قائم ہوتے ہیں جنھیں پھر وہ اپنی حقیقی زندگی میں اپنانے کی کوشش کرتے ہیں۔
Published: undefined
نوٹ: ڈی ڈبلیو اُردو کے کسی بھی بلاگ، تبصرے یا کالم میں ظاہر کی گئی رائے مصنف یا مصنفہ کی ذاتی رائے ہوتی ہے، جس سے متفق ہونا ڈی ڈبلیو کے لیے قطعاﹰ ضروری نہیں ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز