کہتے ہیں کہ ایک مرتبہ سکندر نے ایک قذاق کو گرفتار کیا، جو سمندر میں تاجروں کے جہازوں کو لوٹا کرتا تھا۔ لیکن سزا دینے سے پہلے اُسے خیال آیا کہ قذاق سے مکالمہ کیا جائے اور اُس سے پوچھا جائے کہ اُس نے یہ پیشہ کیوں اختیار کیا۔ جب سکندر نے قذاق سے یہ سوال کیا تو اُس کا جواب تھا، ''میرا پیشہ بھی قذاقی، تیرا پیشہ بھی قذاقی فرق یہ ہے کہ میں ایک چھوٹا قذاق ہوں اور تو ایک بڑا قذاق ہے کیونکہ تیرے پاس طاقت ہے، فوج ہے اس لیے تو مجھ سے زیادہ لوٹ کھَسوٹ کرتا ہے‘‘۔ سکندر نے اس کا جواب سن کر اُس کی سزا معاف کر دی اور اُسے رہا کر دیا۔
Published: undefined
قدیم تاریخ سے لے کر طویل عرصے تک معاشرے میں تاجروں کا سماجی رُتبہ کم تر تھا۔ ان کے بارے میں تاثر یہ تھا کہ یہ کِسانوں، مزدُوروں اور دَست کاروں کی طرح محںت سے دولت نہیں کماتے۔ لیکن کسی نے اس طرف تو جہ نہیں دی کہ یہ تاجر تھے، جو منافع کی خاطر ایک ملک سے دوسرے ملک جاتے تھے۔ خطرناک راستوں پر سفر کرتے ہوئے مقامی راہ زنوں کی لوٹ مار سے اپنے ذاتی مال سے محروم ہو جاتے تھے۔ انہوں نے نئے راستے دریافت کیے۔ دوسری قوموں سے تجارتی رابطے بنائے۔ ایک دوسرے کے کلچر کو آپس میں روشناس کرایا اور تجارتی اشیا کو دُور دُور تک پہنچایا۔
Published: undefined
جب مون سون کی ہواؤں نے سمندر کی لہروں کا رُخ بدلنا شروع کیا تو تاجروں نے برّی راستوں کے بجائے سمندر میں جہازوں کے ذریعے تجارتی مال کو دوسروں تک پہنچایا۔ جب سمندر میں تجارتی جہازوں کی آمد و رفت شروع ہوئی تو اُس کے ساتھ ہی بحری قذاق بھی سمندر میں سرگرم ہوئے، جس کی وجہ سے بحری سفر بھی محفوظ نہیں رہا۔
Published: undefined
رُوم شہر میں گندم کی کمی پوری کرنے کے لیے اسکندریہ سے گندم لائی جاتی تھی۔ اکثر رُومی جہازوں کو بحری قذاق لوٹ لیتے تھے۔ اس کی وجہ سے شہر میں مہنگائی ہو جاتی اور نوبت فاقوں تک پہنچ جاتی تھی۔ لہٰذا بحری قذاقوں کا خاتمہ کرنے کے لیے رُومی جنرل پومپے نے جہاز روانہ کیے، جنہوں نے لڑائی کے بعد قذاقوں کا خاتمہ کر کے بحری راستے کو محفوظ بنایا۔
Published: undefined
رُومی سلطنت میں قذاقوں کی سرگرمیوں کا اندازہ اس طرح بھی لگایا جا سکتا ہے کہ جب جولیس سیزر کو قذاقوں نے گرفتار کر لیا اور اُس کی رہائی کے لیے تاوان کا مطالبہ کیا اور جب قذاقوں کا نمائندہ رقم لینے کے لیے روانہ ہوا تو سیزر نے کہا کہ تم نے میری رہائی کی کم قیمت لگائی ہے۔ کیونکہ میں رُومی سلطنت کی اہم شخصیت ہوں اس لیے زیادہ رقم طلب کرو۔
Published: undefined
ایک دن جب سیزر جہاز میں ایک جانب بیٹھا ہوا لکھنے میں مصروف تھا تو جہاز کے عملے نے شوروغُل مچانا شروع کر دیا۔ اس پر سیزرنے اُنہیں ڈانٹ کر کہا کہ خاموش رہو کیونکہ میں اس وقت لکھنے میں مصروف ہوں، اس پر جہاز کے عملے نے قہقہے لگا کر کہا کہ تم ہمارے قیدی ہو کر ہمیں حُکم دے رہے ہو۔ اس پر سیزر نے کہا کہ میں رہا ہونے کے بعد سب سے پہلے تمہیں پکڑوں گا اور پھانسی دوں گا۔ اور ہوا بھی یہی کہ رہائی کے بعد اُس نے قذاقوں کے جہاز کا پیچھا کیا اور اُنہیں گرفتار کر کے پھانسی پر لٹکایا۔
Published: undefined
عربوں کی فتح سندھ کے بارے میں کئی وجوہات بیان کی جاتیں ہیں۔ لیکن ایک بنیادی وجہ یہ تھی کہ خلیج کے عرب تاجروں کے لیے ویبل کے راستے سے گزر کر سری لنکا اور چین جانا خطرناک تھا۔ اس لیے سندھ کی فتح کے بعد عرب تاجروں کے لیے سری لنکا اور چین تک جانے کا راستہ محفوظ ہو گیا۔ امریکہ کی دریافت اور کریبیئن جزائر تک رسائی نے قذاقوں کی ایک بڑی تعداد کو جنم دیا ۔
Published: undefined
جنوبی امریکہ پر اسپین کا قبضہ تھا، جہاں چاندی کی کانوں سے بڑی مقدار میں چاندی حاصل کر کے جہازوں میں بھر کر اُسے اسپین بھیجا جاتا تھا۔ ان جہازوں کو لوٹنے والے دو قسم کے قذاق تھے۔ ایک عام قذاق تھے، جنہیں حکومت کی سرپرستی حاصل تھی۔ جو کریبیئن آئی لینڈ میں پناہ لیتے تھے اور اسپین کے جہازوں کو لوٹتے تھے۔ دوسرے پروٹیسٹنٹ قذاق تھے، جس کی مثال DRAKE کی ہے، جس نے کئی ہسپانوی جہازوں کو مال و دولت کی لالچ میں لوٹا تھا اور جسے ملکہ الزبتھ اوّل نے Knight بنا دیا تھا۔ اسپین کی حکومت نے قذاقوں کا خاتمہ کرنے کے لیے کئی جنگیں لڑیں۔ شکست کھانے والے قذاقوں کو پھانسی کی سزائیں بھی دیں گئی۔ لیکن ان کا مکمل خاتمہ نہیں ہو سکا۔
Published: undefined
کیونکہ لوٹ مار کے علاوہ اُنہوں نے جنگی معاملات میں بھی مہارت حاصل کر لی تھی۔ اس کے علاوہ اُن کی تعداد میں اس لیے بھی کمی نہیں آئی کیونکہ جب اسپین کی بحریہ میں ملاحوں پر سختی ہوتی تھی۔ تو وہ فرار ہر کر قذاقوں کے ساتھ مل جاتے تھے۔ قذاقوں کے جہاز پر سختیاں اور پابندیاں نہیں تھیں۔ ہر قذاق جہاز کے عملے سے جڑا ہوا تھا۔ کیونکہ گرفتاری کی صورت میں اُسے موت کی سزا مِلتی تھی۔
Published: undefined
قذاقوں کا ایک اور بڑا گروہ شمالی افریقہ کے سمندر میں تھا۔ یہ کورسیرز (Corsairs) کہلاتے تھے۔ ان میں ایک بڑی تعداد اُن مسلمانوں کی تھی، جنہیں اُندلس سے نکالا گیا تھا۔ یہ اہلِ یورپ کے سخت دشمن تھے۔ نہ صرف اُن کے تجارتی جہازوں کو لوٹتے تھے بلکہ اسپین اور فرانس کے سرحدی علاقوں پر حملے کر کے لوگوں کو غلام بنا کر لے آتے تھے۔ تیونس الجزائر لیبیا اور مَراکش ان کی پناہ گاہیں تھیں۔ قیدیوں سے یہ تاوان وصول کرتے تھے۔ اگر کوئی تاوان نہیں دے پاتا تو پھر اُسے غلام بنا کر محنت و مزدُوری کے لیے استعمال کرتے تھے۔ اگرچہ یورپی طاقتوں نے ان کے خاتمے کے لیے کوششیں تو کیں مگر وہ اس میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ یورپ سے بحری لڑائیوں میں خیرالدین بار بروسہ نے اہم کردار ادا کیا۔ اسے عثمانی سلطان سلیمان قانونی کی سرپرستی حاصل تھی۔
Published: undefined
ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ تاریخ میں تاجروں کا اہم کردار رہا ہے کیونکہ انہوں نے برّی راستوں کے خطرات کا بھی سامنا کیا اور سمندری قذاقوں کا بھی۔ لیکن سمندری قذاقی آج بھی کہیں نہ کہیں اُبھرتی نظر آتی ہے۔ جیسے حال ہی میں صومالیہ کے قذاقوں نے روایتی سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے بحری راستوں کو غیر محفوظ کر دیا تھا۔
Published: undefined
نوٹ: ڈی ڈبلیو اردو کے کسی بھی بلاگ، تبصرے یا کالم میں ظاہر کی گئی رائے مصنف یا مصنفہ کی ذاتی رائے ہوتی ہے، جس سے متفق ہونا ڈی ڈبلیو کے لیے قطعاﹰ ضروری نہیں ہے
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز