پاکستان کے موجودہ حالات آج سے تقریباً اٹھاون برس پیچھے چلتے ہیں۔ تب پاکستان اور سینگاپور کے معاشی حالات میں کوئی خاص فرق نہیں تھا۔ سینگاپور کا شمار بھی پاکستان کی طرح ترقی پذیر ممالک میں ہوتا تھا۔
Published: undefined
سن انیس سو پینسٹھ کے دوران سینگاپور میں سالانہ فی کس آمدنی پاکستان کے مقابلے میں ذرا بہتر تھی لیکن افریقی ملک گھانا، جنوبی افریقہ یا میکسیکو کے تقریبا برابر تھی۔ سینگاپور کے بچے بھی غذائی قلت کا شکار تھے اور لوگوں کے گھروں میں ٹوائلٹ تک نہیں تھے۔ گلیاں آج کے کراچی کی طرح جرائم سے بھری ہوئی تھیں، لوٹ مار تھی، کسی بھی وقت، کوئی بھی کسی سے کوئی چیز چھین لیتا تھا، گینگ وارز تھیں، طاقتور کے لیے کوئی قانون نہیں تھا، جس کی لاٹھی، اسی کی بھینس تھی۔ حالات بالکل ایسے ہی تھے، جیسے کسی تیسری دنیا کے اور ایک ناکام ملک کے ہوتے ہیں۔
Published: undefined
لیکن پھر ایک تبدیلی آئی اور یہ ملک دیکھتے ہی دیکھتے تیسری دنیا کے ممالک کی فہرست سے نکل کر ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہو گیا لیکن اس فہرست میں شامل ہونے کی وجہ سینگاپور کا ایک خفیہ فارمولا تھا۔ کشور محبوبانی جیو پولیٹیکل کنسلٹنٹ اور سینگاپور کے منجھے ہوئے سفارت کار ہیں۔ انیس سو اکہتر میں انہوں نے وزارت خارجہ میں ملازمت شروع کی اور پھر اقوام متحدہ میں سینگاپور کے مستقل مندوب رہے۔ ابھی بھی دنیا کے مختلف اداروں اور تھنک ٹینکس کا حصہ ہیں، چائنا انسٹیٹیوٹ کے سینئر فیلو اور متعدد کتابوں کے مصنف ہیں۔ ان کی سب سے مشہور کتاب ''کین ایشینز تھنک؟‘‘ ہے۔
Published: undefined
وہ کہتے ہیں کہ سینگاپور کی ترقی کا فارمولا ''ایم پی ایچ‘‘ تھا اور یہ تین ستونوں پر کھڑا فارمولا آپ کسی بھی تھرڈ ورلڈ کنٹری میں لاگو کریں، وہ ملک بھی دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہو جائے گا۔ یہ 'ایم پی ایچ فارمولا‘ یا ترقی کے یہ تین ستون یہ ہیں۔
Published: undefined
میرٹوکریسی کا مطلب ہے کہ آپ حکومت چلانے کے لیے، ملک چلانے کے لیے اپنے بہترین لوگ چُنتے ہیں۔ تیسری دنیا یا ناکام ریاستوں کی بنیادی وجہ ہی یہ ہے کہ اہم ترین وزارتیں، کسی انکل، اپنے کسی دوست، کسی رشتہ دار یا نا اہل لوگوں کو سونپ دی جاتی ہیں۔ سینگاپور نے اس کے بالکل برعکس کیا۔ سینگاپور میں تمام اہم وزارتیں چُن چُن کر ایسے ماہرین کو دی گئیں، جو انہیں چلانے کی صلاحیت رکھتے تھے۔
Published: undefined
لی کوآن ژی کو جدید سینگاپور کا بانی سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے سینگاپور کے جوہڑوں کے اوپر بلند و بالا عمارتیں کھڑی کر دیں۔ وہ سن 1959 سے 1990 تک سینگاپور کے وزیر اعظم رہے۔ یہ جمہوریت کا تسلسل تھا۔ وہ خود بھی پڑھے لکھے انسان تھے اور انہوں نے وزارتیں اور عہدے بھی، سمدھیوں، رشتہ داروں اور دوستوں کی بجائے صرف اہل اور قابل لوگوں دیے۔ تو سینگاپور کی ترقی کے تین ستونوں میں سے سب سے پہلا ستون میرٹوکریسی تھا، میرٹ پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا گیا۔
Published: undefined
پریگماٹزم انگلش کنسیپٹ ہے لیکن اس کی بہترین تعریف چینی لیڈر ڈینگ شیاؤ پنگ نے کی ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ بلی کا رنگ سیاہ ہے یا سفید، اگر بلی چوہے پکڑ رہی ہے تو وہ ایک اچھی بلی ہے۔ پالسیاں عملی اور نتائج پر مبنی ہونی چاہئیں۔ یہ نہیں دیکھنا چاہیے کہ پالیسیوں کے پیچھے آئیڈیالوجی کس کی ہے اور انہیں شروع کس نے کیا تھا۔
Published: undefined
اگر کوئی کام کر رہا ہے تو اسے استعمال کیا جائے۔ تو سینگاپور پریگمیٹک تھا۔ سینگاپور نےکچھ پالیسیاں کیپٹلزم کی اپنائیں، کچھ سوشلزم کی لیں اور بعض اوقات ان کو مکس کر دیا اور یہی پریگماٹزم ہے کہ آپ ہمیشہ کسی ایک آئیڈیالوجی سے وابستہ یا جڑے نہیں رہتے، اچھا قانون یا روایت مغرب کی ہو یا مشرق کی، آپ اس سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔
Published: undefined
ترقی کا تیسرا ستون ایمانداری یا دیانت ہے اور اس کا حصول سب سے مشکل کام ہے۔ تیسری دنیا کے ممالک کی ناکامی کی سب سے اہم وجہ یہی ہے کہ ایمانداری کا فقدان ہے، کرپشن ان معاشروں میں سرایت کر چکی ہے۔
Published: undefined
لی کیوآن ژی نے سینگاپور کا وزیراعظم بننے کے بعد چھوٹے لوگوں کی بجائے بڑے لوگوں کی کرپشن پکڑنے کا فیصلہ کیا، ان لوگوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا گیا، جن کے عہدے بڑے تھے، یا جن کا اثر و رسوخ بہت زیادہ تھا۔ ایک مرتبہ جب سینگاپور کا ڈپٹی منسٹر اپنے دوست کے ساتھ چھٹیوں پر گیا، جو کہ ایک بزنس مین بھی تھا، تو واپسی پر ڈپٹی منسٹر کو گرفتار کر لیا گیا۔
Published: undefined
ڈپٹی منسٹر نے پوچھا کہ اُسے گرفتار کیوں کیا گیا ہے؟ تو اسے جواب دیا گیا کہ تمہارے سفری اخراجات تمہارے بزنس مین دوست نے اٹھائے ہیں اور یہ کرپشن ہے، اب تمہیں جیل جانا ہو گا۔ ایسے واقعات کا نتیجہ یہ نکلا کہ چھوٹے عہدوں پر فائز لوگ خود بخود محتاط ہو گئے کہ بڑوں کو نہیں چھوڑا جا رہا تو ان کا کیا بنے گا؟
Published: undefined
تو یہ ایمانداری کا جو عنصر ہے، اس نے واضح طور پر سینگاپور کو وہاں پہنچایا، جہاں وہ آج کھڑا ہے۔ آج کے سینگاپور کی کامیابی اور ترقی کی عمارت ان تین پالیسیوؤں (میرٹ، پریگماٹزم اور ایمانداری) پر کھڑی ہے۔ اب آپ آج کے پاکستان پر نظر ڈالیں تو یہ وہاں ہی کھڑا ہے، جہاں آج سے ساٹھ برس پہلے سینگاپور کھڑا تھا۔ ملک کی زیادہ تر وزارتیں ان کے ہاتھ میں ہیں، جنہوں نے کبھی یونیورسٹی کا منہ تک نہیں دیکھا، پارلیمان ایسے چوہدریوں، وڈیروں اور زمینداروں سے بھری پڑی ہے، جنہوں نے زندگی میں گن کر کوئی دس کتابیں مکمل نہیں پڑھیں۔
Published: undefined
کک بیکس، کرپشن اور پرسنٹیج کا سلسلہ طاقت کے اعلیٰ ایوانوں سے شروع ہوتا ہے اور دفتر کا چپڑاسی تک رشوت لے کر آپ کے نمبر آگے پیچھے کر رہا ہوتا ہے۔ ہم اپنے ایم پی ایز اور ایم این ایز کی بات نہیں کرتے، ہمارے پولیس اور سرکاری افسران کے گھر کروڑوں مالیت کے ہیں، ہماری جرنیلوں کے کاروبار دبئی میں ہیں، ہمارے دفتروں میں کوئی فائل ایک ٹیبل سے دوسرے ٹیبل تک اُس وقت نہیں پہنچتی، جب تک اس کے نیچے رشوت کے پہیے نہیں لگ جاتے۔
Published: undefined
ہمیں آج پتہ چل جائے کہ وزیر اعظم کے کسی خصوصی مشیر کا تعلق کسی دوسرے فرقے سے ہے تو ہم اس کی قابلیت دیکھنے کے بجائے مذہب کا رونا ڈال کر آسمان سر پر اٹھا لیتے ہیں۔ آج سینگاپور کی سالانہ فی کس آمدنی تقریبا ستر ہزار امریکی ڈالر ہے اور پاکستان میں یہ تقریبا پندرہ سو ڈالر سالانہ بنتی ہے۔ پاکستان اگر کامیاب ہونا چاہتا ہے تو اسے بھی اپنی ترقی کی عمارت جمہوری بنیادوں پر اور ان تینوں ستونوں پر اٹھانا ہو گی۔
Published: undefined
نوٹ: ڈی ڈبلیو اردو کے کسی بھی بلاگ، تبصرے یا کالم میں ظاہر کی گئی رائے مصنف یا مصنفہ کی ذاتی رائے ہوتی ہے، جس سے متفق ہونا ڈی ڈبلیو کے لیے قطعاﹰ ضروری نہیں ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز