سُقراط اِس کے سخت خلاف تھا کہ علم کو بطور پیشہ استعمال کر کے اُس کا معاوضہ وصول کیا جائے۔ اُس کا روزمرّہ کا اُصول تھا کہ وہ صبح سویرے ایتھنز کے بازار میں ایک چوک پر آ جاتا تھا اور یہاں نوجوانوں کو پکڑ کر اُن سے سوال و جواب کرتا تھا۔ اس طریقے سے وہ اپنے علم کو لوگوں تک پہنچاتا تھا۔
Published: undefined
اس کے مقابلے میں سوفطائیوں کا طبقہ تھا، جو اُمرا کے لڑکوں کو معاوضے کے عوض تعلیم و تربیت دیتا تھا۔ ایتھنز کی جمہوریت میں سیاست دانوں کے لیے ضروری تھا کہ وہ مؤثر انداز میں عوام سے خطاب کر سکیں۔ اس لیے سوفطائی انہیں خطابت اور زبان دانی کا دَرس دیا کرتے تھے۔
Published: undefined
سُقراط کے شاگرد اَفلاطون کو معاوضے کی اس لیے ضرورت نہیں تھی کہ اُس کا تعلق اَمیر خاندان سے تھا۔ بعد میں اُس نے تعلیم کے لیے اکیڈمی قائم کی۔ شاید وہ بھی اُس کی آمدنی کا ذریعہ ہو۔ اَرسطو اسکندر کا اُستاد تھا اور مسیوڈونیا کا بادشاہ اُس کا سرپرست تھا۔ اُس نے Lyceum کے نام سے تعلیمی ادارہ کھولا تھا۔ مگر مخالفت کی وجہ سے وہ ایتھنز کو چھوڑ کر مقدونیا چلا گیا۔ یونان کے دوسرے فلسفی بھی سادہ زندگی گزارتے تھے اور کسی سرپرستی کے محتاج نہیں تھے۔
Published: undefined
رُومی سلطنت میں حکمرانوں نے اہلِ علم کی سرپرستی کرنا شروع کر دی۔ مثلاً رُوم کے مشہور مؤرخ رُومی سلطنت کے نمائندے تھے۔ اس لیے ان کی تاریخ نویسی میں رُومی سلطنت نیکی اور اخلاقی قدروں کی علامت ہے۔ رُومی شہنشاہ Augustus نے مشہور شاعر Virgil سے اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ قدیم یونانی شاعر ہومَر کی طرز پر رُومی سلطنت کی تاریخ کو منظوم کرے۔ اُس کی یہ طویل نظم اُس کی زندگی میں مکمل نہ ہو سکی۔ اس لیے مرنے سے پہلے اُس نے وصیّت کی کہ اس نظم کو جلا دیا جائے۔ مگر اس پر عمل نہ ہوا اور اُس کی نظم “Aeneid” کے نام سے محفوظ رہی۔
Published: undefined
رُومی سلطنت کے زوال کے بعد عہدِ وسطیٰ میں دانشوروں کی سرپرستی حکمرانوں اور چرچ نے کی۔ اس لیے اس عہد کے ادب، تاریخ اور فلسفے میں یا تو بادشاہوں کی تعریف ہے۔ یا مذہبی عقیدے کو سچا ثابت کیا گیا ہے۔ اس ماحول میں کسی آزاد خیال دانشور کا کوئی کردار ادا کرنا مشکل تھا۔
Published: undefined
دانشوروں کی زندگی میں اُس وقت تبدیلی آئی جب پندرہویں صدی میں پرنٹنگ پریس ایجاد ہوا اور عام لوگوں میں تعلیم کے حُصول کا آغاز ہوا۔ اسکول، کالج اور یونیورسٹی کے تعلیمی اداروں نے تعلیم یافتہ طبقہ پیدا کیا پبلشنگ ادارے قائم ہوئے اور کِتابوں کی دُوکانیں جگہ جگہ کھُل گئیں۔ دانشوروں نے اس بات کی کوشش کی کہ شاہی سرپرستی کی جگہ عوام میں مقبولیت حاصل کر کے اپنی کِتابوں کی آمدنی سے آزادانہ زندگی گزار سکیں اور بغیر پابندیوں کے نئے اَفکار پیدا کر سکیں۔
Published: undefined
چنانچے ابتدا میں یہ دستور تھا کہ مُصنِّف اپنی کتاب کا اشتہار دے کر خریدار بناتا تھا۔ اور پھر اپنی کتاب شائع کر کے اُس کی آمدنی سے گزارا کرتا تھا۔ دوسرا طریقہ یہ تھا کہ وہ کسی پیشے کے ذریعے روزی کما کر سادہ زندگی گزارتا تھا اور بقیہ وقت وہ اپنے علم و ادب کی خدمت کرتا تھا۔ جیسے مشہور ولندیزی فلسفی باروخ اشپینوزا عینکوں کے شیشے صاف کر کے روزی کماتا تھا اور بقیہ وقت فلسفے کے مطالعے میں صَرف کرتا تھا۔ یورپ کے دانشوروں کو شاہی سرپرستی سے اُس وقت نجات مِلی جب تعلیم یافتہ طبقے میں اُن کی کِتابوں کی فروخت ہونے لگی اور پبلشرز نے اُنہیں کِتابوں کی رویالٹی (Royalty) دینا شروع کی۔
Published: undefined
اب یہاں ہم مُسلم دنیا کے دانشوروں کے بارے میں ذِکر کریں گے۔ مسلمان بادشاہوں کا یہ دستُور تھا کہ وہ اپنے دربار میں مشہور شاعر مؤرخ مصوّر اور موسیقاروں کو جمع کرتے تھے۔ تا کہ اُن کی سرپرستی کر کے اپنے دربار کی شان و شوکت کا اظہار کریں۔ محمود غزنوی کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ اہلِ علم کو زبردستی اغوا کراتا تھا تاکہ وہ اُس کے دربار میں رہیں۔
Published: undefined
فلسفی اِبنِ سِینا نے محمود غزنوی کے دعوت نامے کو رَد کر دیا اور اُس کی پہنچ سے دُور ایک ریاست سے دوسری ریاست میں پناہ لیتا رہا۔ مُغل بادشاہ اکبر کا بھی یہ دَستُور تھا کہ جب بھی وہ کسی مشہور اہلِ علم کے بارے میں سُنتا تھا تو اُسے دعوت دے کر اپنے دربار میں بلاتا تھا اور اُس کو خطابات اور تحفے تحائف سے مالا مال کر دیتا تھا۔ اس کا نتیجہ تھا کہ ایران وسطِ ایشیا اور ایران کے مُختلف علاقوں سے اہلِ علم اور جنگ کے ماہرین مُغل دربار میں اکٹھا ہو گئے تھے۔ اور یہ وہ زمانہ ہے کہ جب تاریخ شاعری، مُصوّری اور موسیقی کے اعلیٰ فن پارے تخلیق ہوئے۔
Published: undefined
دانشوروں کی یہ سرپرستی اُس وقت ختم ہونا شروع ہوئی جب مُغل زوال نے دربار کی مالی حالت کو خستہ و کمزور کر دیا۔ اور مُغل بادشاہ اس قابل نہیں رہا کہ اہلِ علم کی سرپرستی کر سکے۔ لہٰذا یہ دانشور سرپرستوں کی تلاش میں کبھی آود گئے کبھی مُرشد آباد اور کبھی حیدرآباد دکن، یہ دانشور جو اب تک ایک جگہ جمع تھے۔ اب بِکھر کر رہ گئے۔
Published: undefined
جب ہندوستان میں برطانوی حکومت کا اقتدار قائم ہوا تو سرپرستی کی یہ روایت بھی ختم ہو گئی اور اب دانشوروں کو اپنی روزی کے لیے دوسرے ذرائع تلاش کرنا پڑے۔ اگرچہ لکھنو، دہلی اور لاہور میں کئی پبلیشنگ ادارے قائم ہوئے جو محدود تعداد میں کتابیں شائع کرتے تھے۔ لیکن مُصنّف کو رویالٹی (Royalty) دینے کا رواج نہ تھا بلکہ اکثر حالات میں مصنّف اپنے ذاتی خرچے پر کتابیں شائع کراتا تھا۔
Published: undefined
وقت کے ساتھ جب کتابوں کی فروخت میں اضافہ ہوا تو مشہور مصنّفِین کو رویالٹی (Royalty) دی جانے لگی۔ یا پھر وہ مصنف کامیاب ہوئے جنہوں نے جاسوسی، رومانوی اور تاریخی ناول لکھے۔ جب کسی بھی سوسائٹی میں سنجیدہ ادب پیدا نہیں ہو گا تو لوگ ذہنی طور پر پسماندہ رہیں گے۔
Published: undefined
یہی سب کچھ اس وقت پاکستان میں ہو رہا ہے۔ سنجیدہ ادب کی کمی ہے۔ موسیقی ادب اور شاعری مقبول ہے۔ کتابوں پر رویالٹی (Royalty) دینے کا رواج نہیں۔ اس صورت میں وہی علم کی خدمت کر سکتے ہیں۔ جو یا تو صاحبِ جائیداد ہوں یا جن کا تعلق اشرافیہ سے ہو۔ مُتوسط طبقے کے لیے علم کو روزی کا ذریعہ بنانا بہت مشکل ہے۔ اس لیے ذہین ادیب و شاعر مؤرخ و فلسفی غربت و مُفلسی کی حالت میں رہے اور معاشرے نے اُن سے کوئی فائدہ نہیں اُٹھایا۔ لہٰذا ایک زوال شدہ معاشرہ نہ اہلِ علم پیدا کرتا ہے اور نہ ہی سطحی علم کے ذریعے اُس کی ذہنی حالت بدلتی ہے۔ یہ وہ اَلمیہ ہے جس سے دانشور دوچار ہو رہا ہے۔
Published: undefined
نوٹ: ڈی ڈبلیو اردو کے کسی بھی بلاگ، تبصرے یا کالم میں ظاہر کی گئی رائے مصنف یا مصنفہ کی ذاتی رائے ہوتی ہے، جس سے متفق ہونا ڈی ڈبلیو کے لیے قطعاﹰ ضروری نہیں ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز