بھارتی شہر حیدرآباد میں ایک خاتون ڈاکٹر کے ساتھ عصمت دری اور قتل کے واقعے کے خلاف گو ملک بھر میں غم و غصے اور ناراضگی کا اظہار کیا جارہا ہے لیکن سرکاری اعدادو شمار کے مطابق عصمت دری کے صرف ایک تہائی معاملات میں ہی مجرموں کو سزا ہوپاتی ہے۔
Published: undefined
بھارت میں جرائم کے اعداد و شمار جمع کرنے والے ادارے نیشنل کرائم ریکارڈز بیورو(NCRB) نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ ملک میں عصمت دری کے معاملات میں مجرموں کو سزا کی قومی شرح محض 32.2 فیصد ہے جو قتل کے معاملات میں سزاؤں کی شرح سے بھی کم ہے۔ یہ رپورٹ 2017ء میں ہوئے جرائم کے اعداد و شمار پر مبنی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق قتل کے معاملات میں 43.1 فیصد سزائیں سنائی گئیں۔
Published: undefined
تشویش کی بات یہ بھی ہے کہ حالیہ برسوں میں عصمت دری کے معاملات میں سزاؤں کی تعداد میں نسبتاً اضافہ ہوا ہے لیکن ان معاملات میں چارج شیٹ داخل کرنے کی شرح کم ہوئی ہے۔ این سی آر بی کی رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ 2013ء میں عصمت دری کے معاملات میں چارج شیٹ کی شرح 95.4 فیصد تھی 2017ء میں گھٹ کر 86.6 فیصد رہ گئی ہے۔ 2017ء میں عصمت دری کے 1,46,201 مقدمات درج کرائے گئے۔ ان میں سے صرف 18,333 معاملات کی عدالتوں میں سماعت ہوسکی۔ جن مقدمات کی سماعت مکمل ہوئی ان میں سے صرف 5,822 کو ہی قصور وار ٹھہرایا گیا۔ 11,453مقدمات میں ملزمان کو بری کردیا گیا اور 824 مقدمات خارج کردیے گئے۔
Published: undefined
سپریم کورٹ کی وکیل کرونانندی کہتی ہیں، ”بھارت میں عصمت دری کے واقعات کے متعلق سرکاری اعداد وشمار حقیقت سے کافی دور ہوتے ہیں۔کیونکہ متاثرین کی اکثریت سماجی بدنامی کے خوف سے پولیس کے پاس جاکر مقدمہ درج ہی نہیں کراتی اور جو ہمت کر کے پولیس کے پاس پہنچ جاتے ہیں انہیں اور ان کے گھر والوں کو طویل اور غیر یقینی قانونی لڑائی سے گزرنا پڑتا ہے۔"
Published: undefined
یوں تو حکومت نے عصمت دری جیسے جرائم کے مقدمات کی تیز رفتار سماعت کے لیے فاسٹ ٹریک کورٹ قائم کر رکھے ہیں تاہم وہاں سنائے گئے فیصلوں کو بعد میں ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا جاتا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2017ء میں عصمت دری کے جن مقدمات کی سماعت ہوپائی ان میں سے ایک تہائی معاملات تین برس پرانے تھے جب کہ بارہ ہزار سے زائد معاملات پانچ برس سے زیر التوا تھے۔
Published: undefined
عصمت دری کے مجرموں کے خلاف تیزی سے مقدمہ چلانے اور انہیں سخت سزائیں دینے کی ضرورت پرزور دیتے ہوئے وفاقی وزیر ہرسمت کور بادل کا کہنا تھا، ”میں حکومت سے اپیل کروں گی کہ عصمت دری کے معاملات میں فیصلہ متاثرہ خاتون یا لڑکی کی عمر کے مساوی مہینے کے اندر کردیا جائے اس لیے اگر متاثرہ لڑکی کی عمر بیس سال ہے تو بیس ماہ کے اندر فیصلہ ہوجانا چاہیے۔" انہوں نے پارلیمان میں کہا کہ حیدرآباد کی خاتون ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے معاملہ میں فیصلہ چند مہینوں کے اندر سنا دیا جائے گا اور مجرموں کو رحم کی اپیل دائر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سزائے موت پانے والے مجرموں کے لیے رحم کی اپیل دائر کرنے کا کوئی امکان نہیں رہنا چاہیے۔
Published: undefined
2012ء میں نئی دہلی میں میڈیکل کی ایک طالبہ نربھیا کی اجتماعی عصمت دری اور موت پر ملک بھر میں زبردست ہنگامہ ہوا تھا جس کے بعد حکومت نے خواتین کے تحفظ کے حوالے سے متعدد اقدامات کیے تھے۔ وفاقی حکومت خواتین کے تحفظ کے لیے صوبائی حکومتوں کو اپنے یہاں منصوبوں کے نفاذ کے لیے خصوصی فنڈ بھی فراہم کرتی ہے لیکن ان کا مناسب استعمال نہیں ہوپاتا ہے۔ خواتین اور بہبود اطفال کی وزارت کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ بتاتی ہے کہ کئی صوبوں نے اس فنڈ سے ایک پیسہ بھی استعمال نہیں کیا۔ دہلی میں جہاں خواتین کے خلاف تشدد اور ہراساں کرنے کے سب سے زیادہ واقعات ہوتے ہیں وہاں حکومت نے انتالیس ہزار لاکھ روپے سے زیادہ حاصل شدہ رقم میں سے صرف ایک ہزار نو سو اکتالیس لاکھ روپے کا ہی استعمال کیا۔ڈی ڈبلیو کے ایڈیٹرز ہر صبح اپنی تازہ ترین خبریں اور چنیدہ رپورٹس اپنے پڑھنے والوں کو بھیجتے ہیں۔ آپ بھی یہاں کلک کر کے یہ نیوز لیٹر موصول کر سکتے ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined