سماج

ہمارا نوجوان بے ہودگی کی اس نہج پر اچانک نہیں پہنچا

کالج میں تھی، جب اپنے ایک مہربان استاد سے طنز اور مزاح کا فرق دریافت کیا۔ تب شاید تعلیم و تربیت کا کاروبار ابھی بے رحم ترقی کی اس نہج پر نہیں پہنچا تھا کہ مطابقت و مسابقت کی دوڑ سوال کو ہی ختم کر دے۔

ہمارا نوجوان بے ہودگی کی اس نہج پر اچانک نہیں پہنچا
ہمارا نوجوان بے ہودگی کی اس نہج پر اچانک نہیں پہنچا 

تب اساتذہ کے پاس سوال سننے اور اس کا جواب دینے کا نا صرف حوصلہ تھا بلکہ طلباء کے نوخیز اذہان سے ابہام دور کرنے کی فرصت بھی تھی۔اپنے استاد کے الفاظ مجھے اب بھی یاد ہیں، ’’جب ایک شخص معاشرتی رویوں پر ہنستا ہے تو اسے مزاح کہتے ہیں لیکن جب سارا معاشرہ کسی ایک شخص پر ہنسنے لگے تو وہ طنز کہلائے گا۔‘‘

Published: undefined

طنز اور مزاح کا تعلق معاشرے کی مشترکہ حسِ مزاح سے ہے اور کسی بھی صحت مند معاشرے کے اوصاف میں حس مزاح کا کردار وہی ہے، جو ایک صحت مند جسم میں روح کا۔ جس طرح روح سے عاری انسان کو مردہ قرار دیا جاتا ہے، اسی طرح جو معاشرہ حس مزاح سے محروم ہو جائے، اس میں زندگی کی رمق تلاش کرنا بھی کار لاحاصل ہے۔

Published: undefined

لیکن روز مرہ زندگی کے باقی تمام معاملات کی طرح ہماری حس مزاح کا معاملہ بھی انتہائی پیچیدہ ہے۔ اب حس مزاح کو محض ہنسنے، ہنسانے کی صلاحیت سے ہی تعبیر کیا جاتا ہے اور اس سب میں طنز اور مزاح کے درمیان موجود وہ مہین لکیر کہیں کھو سی گئی ہے۔ مزاح میں شائستگی کا وہ مقام، جس کو پار کرنا کبھی بد اخلاقی تصور ہوا کرتا تھا، اب وہ کہیں بہت دور رہ گیا ہے۔

Published: undefined

بے ہودگی کی اس نہج پر ہم اچانک نہیں پہنچے۔ نوے کی دہائی میں جب وی سی آر اور سی ڈیز کا دور اپنے عروج پر تھا، تب سٹیج ڈراموں کا زمانہ تھا۔ جگت باز فن کار ایک دوسرے کی شکلوں، آواز ، لب و لہجے اور لسانی و ثقافتی پس منظر پر ایک پھبتی کستے اور سامعین ہنسی سے لوٹ پوٹ ہو جاتے۔اگلے ہی روز اس مزاح کا مظاہرہ ایک دوسرے کے ساتھ گفت گو میں ہونے لگتا۔ گھٹیا جملے روز مرہ کی گفت گو کا حصہ بنتے چلے جاتے اور اسی دوران میں دوسرے ڈرامے کی کیسٹ مارکیٹ میں پہنچ جاتی۔

Published: undefined

ایسے میں کبھی کبھار کئی مقتدر شخصیات کے متعلق بھی پتہ چلتا رہتا کہ جب وہ امور سلطنت میں الجھے عوام کی خدمت کرتے، کرتے تھک جائیں تو کسی کامیڈین کو فون کر کے حکم صادر کرتے ہیں کہ اب انہیں ہنسایا جائے کہ تازہ دم ہو کر وہ پھر سے بہتر طریقے سے خدمت کا بھاری بوجھ اٹھا سکیں۔ بڑے لوگوں کی بڑی باتیں، عوام کو تو بس اسی مہر تصدیق کی ضرورت تھی۔

Published: undefined

سیاسی اختلافات کو ذاتی سطح پر کھینچا گیا، مختلف الرائے پر جلسوں میں گھٹیا پھبتیاں کسنے کا رواج شروع ہوا، بڑ بولے مقرر عوامی اجتماعات اور سیاسی جلسوں کی جان بننے لگے، جو مخالفین کی شکلوں، زبان، لب و لہجے اور لباس پر عین سٹیج ڈراموں کی طرز پر جگتیں لگاتے۔ سر عام لغو و فحش گوئی عیب نہ رہی اور یوں رفتہ رفتہ بقول شخصے حس مزاح کا یہ حال ہوا کہ جس بات پر ہمیں ہنسنا چاہیے اس پر رونے لگتے ہیں اور سنجیدہ باتوں پر ہنسی سے لوٹ پوٹ ہو جاتے ہیں۔

Published: undefined

سوشل میڈیا نے اس بچی کچھی اخلاقیات کو بھی اب ماضی کا قصہ بنا دیا ہے۔ نظریات کی جنگ لڑنے کو اب کسی باقاعدہ مطالعے کی ضرورت باقی نہیں رہی۔ نظریات کی لڑائی کا ہتھیار اب صرف پانچ انچ کی سکرین ہے، جہاں پسند کے دلائل، اپنی حس مزاح سے مطابقت رکھتے جملے اور چبھتے ہوئے فقرے لائیک، شیئر، کاپی پیسٹ اور ری ٹویٹ کرنے کے لیے ہمہ وقت دستیاب ہے۔

Published: undefined

میمز بنا کر نظریاتی مخالفین کی دھجیاں اڑائیں یا ٹرولنگ سے ہر سیدھی بات کا منہ توڑ جواب دیں کوئی روکنے والا نہیں۔ اگر اس سب پر بھی دماغ خرچ ہو رہا ہے تو سیدھے سبھاؤ گالیاں بھی دی جا سکتی ہیں بلکہ دی جاتی ہیں۔ یہیں سے ہماری نوجوان نسل کی سیاسی تربیت کا آغاز و اختتام ہوتا ہے اور یہی اب حس مزاح ہے، جس میں ’’مزاح‘‘ اب اپنے جملہ فرائض ’’طنز‘‘ کے حوالے کر کے کب کا سبک دوش ہو چکا ہے۔

Published: undefined

نوٹ: ڈی ڈبلیو اُردو کے کسی بھی بلاگ، تبصرے یا کالم میں ظاہر کی گئی رائے مصنف یا مصنفہ کی ذاتی رائے ہوتی ہے، جس سے متفق ہونا ڈی ڈبلیو کے لیے قطعاﹰ ضروری نہیں ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined