پریس ریلیز

طلبا آزادی کی قدر و قیمت کو سمجھیں: پروفیسر ابن کنول

شعبۂ اردو دہلی یونی ورسٹی میں آزادی کے موقع پرشعری نشست کا اہتمام

بزمِ ادب، شعبہ اردو، دہلی یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقد ادبی نشست سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ابن کنول
بزمِ ادب، شعبہ اردو، دہلی یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقد ادبی نشست سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ابن کنول 

نئی دہلی: جشن آزادی کے موقع پر شعبۂ اردو، دہلی یونیورسٹی میں شعری نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں پروفیسر ابن کنول نے صدارتی تقریر کرتے ہوئے طلبا کو آزادی کی قدر و قیمت کو سمجھنے اور مجاہدین آزدای کی قربانیوں کو یاد کرنے کی تلقین کی۔ انھوں نے کہا کہ اُن وطن پرستوں کی شہادت کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا جنھوں نے ملک کی آزادی کے لیے اپنا سب کچھ قربان کر دیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر مشتاق قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی پہچان کثرت میں وحدت ہے، یہ گاندھی کے اہنسا کا ملک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 15 اگست کو ہمیں جو آزادی حاصل ہوئی ہے اس کو حاصل کرنے میں سبھی مذاہب کے لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا اس لیے اپنے آزاد ملک پر ہمیں فخر ہے۔ اس سے قبل ڈاکٹر محمد کاظم نے پروگرام کے مقاصد سے لوگوں کو روشناس کراتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب وطن کے لئے قربانی پیش کرنے والوں کے لئے خراج عقیدت ہے۔ شعبۂ اردو، دہلی یونیورسٹی کے اسکالر رضوان خان کے ذریعہ پیش کردہ قومی ترانہ سے شروع ہوئی اس تقریب میں ڈاکٹر ابو بکر عباد ، ڈاکٹر احمد امتیاز ، ڈاکٹر شازیہ عمیر، راجیو ریاض پرتاپ گڑھی، ذیشان امجد، شاہ رخ اور محمد مصطفی نے بھی اپنے اشعار پیش کیے۔ پروگرام کی نظامت کی ذمہ داری ڈاکٹر محمد کاظم نے ادا کی جب کہ شکریہ کے فرائض ڈاکٹر مشتاق قادری نے انجام دیئے۔ اس موقع پر ڈاکٹر ارشاد نیازی، ڈاکٹر متھن کمار، ڈاکٹر علی احمد ادریسی، ڈاکٹر دانش حسین خاں، ڈاکٹر سرفراز ، ڈاکٹر عزیر احمد کے علاوہ طلبا اور اسکالر کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

Published: 17 Aug 2017, 3:35 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 17 Aug 2017, 3:35 PM IST