نئی دہلی: پریس کلب آف انڈیا (پی سی آئی) نے اردو کے پہلے شہید صحافی مولوی باقر کی یاد میں آج پریس کلب میں مولوی باقر کی تصویر کی نقاب کشائی کی۔ اس موقع پر ایک شاندار تقریب منعقد کی گئی جس میں شریک اہم شخصیات نے مولوی باقر کی صحافتی خدمات پر گفتگو کی۔ اس تقریب کی صدارت پریس کلب آف انڈیا کے صدر گوتم لہری نے کی، اور اس محفل میں پریس کلب کی مینیجنگ کمیٹی کے سبھی ارکان بھی موجود تھے۔ خصوصاً اس موقع پر مولوی محمد باقر کے خاندان سے تعلق رکھنے والی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی عذرا موسوی اور ترانا حسین کی شرکت نے تقریب کو چار چاند لگا دیا۔
Published: undefined
اس موقع پر سینئر جرنلسٹ اے یو آصف نے اس تقریب کا تعارف کراتے ہوئے اس کی اہمیت اور افادیت پر بھرپور روشنی ڈالی۔ مولوی باقر کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا باقر نے ہندوستانی عوام کو انگریزی حکومت کے ظلم سے نجات دلانے کے لیے جو کام کیا ہے، وہ تاریخ میں سنہری حروف میں درج ہو گئے ہیں۔ پریس کلب آف انڈیا کے ہال میں ان کی تصویر لگانا اہم کارنامہ ہے تاکہ نئی نسل کے جرنلسٹوں کے ذہنوں میں آزادی کے اس ہیرو کی قربانی کی داستان تازہ رہے۔
Published: undefined
تقریب کے مہمان خصوصی جے ڈی یو ممبر آف پارلیمنٹ کے سی تیاگی نے مولوی باقر کو یاد کرتے ہوئے آج کے ہندوستان میں ان کی صحافت کو وقت کی ضرورت بتایا۔ کے سی تیاگی نے کہا ایسے لوگ صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔ صدر مجلس پریس کلب آف انڈیا کے موجودہ صدر گوتم لہری نے اس موقع پر کہا کہ ہمیں خوشی ہے آج ہم آزادی کے ایک بڑے ہیرو مولوی باقر کو یاد کر رہے ہیں۔ پریس کلب نے گزشتہ برسوں میں اردو صحافت کو کافی جگہ دی ہے، ہمیشہ اردو صحافیوں کی حوصلہ افزائی کی ہے، اردو صحافی کسی بھی معنیٰ میں کم نہیں ہیں۔ پریس کلب سے وابستہ ہو کر، متحرک ہو کر کام کریں ہم آپ کا استقبال کرتے ہیں۔
Published: undefined
مشہور مورخ رعنا صفوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولوی باقر ہندو مسلم اتحاد کی زندہ مثال تھے۔ انگریزوں کے پھوٹ ڈالو اور راج کرو کی سازش کو ناکام بنانے کے لیے انھوں نے جان کی بازی لگا دی۔ کانگریس لیڈر ہدایت اللہ جینٹل نے اس موقع پر کہا کہ مشکلات کا سامنا کیسے کرنا ہے، یہ مولوی باقر کی شہادت سے سیکھا جا سکتا ہے۔ آج پھر ملک میں اندھیرا چھا رہا ہے۔ یہاں سے طے کریں کہ ہم ہندوستان کے سامنے درپیش مسائل اور چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لیے کام کریں گے۔
Published: undefined
سینئر صحافی سہیل انجم اور روزنامہ ہمارا سماج کے ایڈیٹر شعیب رضا فاطمی نے بھی تقریب میں اظہار خیال کیا۔ پروگرام کے اخیر میں پریس کلب آف انڈیا کی مینیجنگ کمیٹی کے رکن اشرف علی بستوی نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined