شعبۂ اردو دہلی یونیورسٹی میں منعقدہ ایک ادبی نشست میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے تشریف لائے پروفیسر مہتاب حیدر نقوی اور پروفیسر محمد علی جوہرکواستقبالیہ دیا گیا۔ مہمانوں کا تعارف کراتے ہوئے صدر شعبۂ اردو پروفیسر ابن کنول نے کہا کہ علی گڑھ ایک ایسا شہر ہے جس کے ذکر کے بغیر اردو زبان و ادب کی تاریخ مکمل نہیں ہوسکتی وہاں ہمیشہ ایسے ادیب پیدا ہوئے جنہوں نے بڑی محنت و جانفشانی سے اردو زبان و ادب کی آبیاری کی اور اردو کے فروغ کے لیے ہمیشہ کوشاں رہے۔ علی گڑھ نے بیسویں صدی کی ہر دہائی میں بڑے ادیب اور بڑے شعرا پیدا کیے، پروفیسر ماہتاب حیدر نقوی کا شمار آٹھویں دہائی کے اہم شعرا میں ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ جس طرح آٹھویں دہائی کے افسانہ نگاروں میں طارق چھتاری اور سید محمد اشرف ،غضنفر،پیغام آفاقی اورغیاث الرحمان وغیرہ کا ذکر ہوتا ہے اسی طرح آشتفہ چنگیزی، فرحت احساس، صلاح الدین پرویز اور مہتاب حیدر نقوی کا شمار بھی آٹھویں دہائی کے شعرا میں ہوتا ہے۔
پروفیسر مہتاب حیدر نقوی نے اپنے خطاب میں شعبۂ اردو بالخصوص صدر شعبۂ اردو پروفیسر ابن کنول کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسی طرح کی ادبی نشست سے طلبہ کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور انہیں سیکھنے کا موقع ملتا ہے اس لیے اس طرح کی ادبی نشست کا انعقاد کیا جانا لائق تحسین ہے۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ایسی تخلیقی اور تنقیدی میدان میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ پروفیسر محمد علی جوہر نے بھی اس ادبی نشست کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر ابن کنول کی موجودگی میں استاد شاعر پروفیسر ماہتاب حیدر نقوی کی تشریف آوری باعث مسرت ہے اور آج ہمیں ان کو سننے کا موقع ملا۔
بزم ادب کی نگراں ڈاکٹر نجمہ رحمانی نے بزم ادب کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی اور شعبہ میں مہمانوں کا استقبال کیا۔ انہوں نے پروفیسر مہتاب حیدر نقوی اور پروفیسر محمد علی جوہر کے متعلق کہاکہ ایسے اساتذہ سے طلبہ کو استفادہ کرنا چاہیے۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد کاظم نے نظامت کے فرائض انجام دیئے، جبکہ ڈاکٹر احمد امتیاز نے اظہار تشکر پیش کیا۔ اس موقع پر پروفیسر ابن کنول ، پروفیسر مہتاب حیدر نقوی ، ڈاکٹر ابوبکر عباد، ڈاکٹر نجمہ رحمانی اور ڈاکٹر احمد امتیاز نے اپنا کلام پیش کیا ۔ جس سے طلبہ و اساتذہ محظوظ ہوئے۔ اس ادبی نشست میں ڈاکٹرمشتاق عالم قادری ،ڈاکٹر ارشاد نیازی، ڈاکٹر علی احمد ادریسی، ڈاکٹر سرفراز جاوید، ڈاکٹر دانش حسین خاں کے علاوہ شاداب شمیم، شاہداقبال، مسعود عالم اور بڑی تعداد میں ریسرچ اسکالرز اور طلبا نے شرکت کی۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined