نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے مشرقی رینج کے جوائنٹ سی پی ساگر سنگھ کلسی سے ان کے دفتر جا کر ملاقات کی اور صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی کی طرف سے ایک مکتوب سونپا، جس میں ڈی بلاک ویسٹ ونود نگر دہلی کے رہنے والے عارف سلیم پر مدھو وہار پولیس تھانے میں مبینہ طور پر پولیس زیادتی اور اسلاموفوبیا کی شکایت کی گئی۔
Published: undefined
اس سے قبل جمعیۃ کا ایک وفد عارف سلیم سے اس کے گھر پر مل چکا ہے۔ 21 مئی کی رات تقریباً 8 بجے پولیس نے نہ صرف عارف کو پیٹا بلکہ اس کو ملّا اور کٹوا کہہ کر مذہبی طعنے دیے، حالانکہ معاملہ ٹریفک سے متعلق قانون شکنی کا تھا۔ عارف کے ساتھ پہلے موقع واردات پر مار پیٹ ہوئی، بعدہٗ تھانہ لے جا کر اس کو تاریک روم میں بے رحمی سے مارا گیا۔ ہسپتال میں معمولی علاج کے بعد اسے گھر بھیج دیا گیا، لیکن شدید چوٹ اور نفسیاتی وحشت کی وجہ سے عارف گہری طبی نگرانی کا مستحق ہے۔
Published: undefined
مولانا مدنی کے مکتوب میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ متاثرہ شخص عارف سلیم کے لیے پولیس محکمہ کی طرف سے علاج و معالجہ کی سہولت فراہم کی جائے اور مجرم پولیس افسران و عملہ کو بلاتاخیر معطل کیا جائے۔ ساتھ ہی ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور پورے معاملہ کی آزادانہ انکوائری کرائی جائے، نیز عارف کے خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔
Published: undefined
جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے جوائنٹ سی پی سے کہا کہ پولیس عوام کے تحفظ کے لیے ہوتی ہے، اس لیے جو کچھ عارف کے ساتھ ہوا وہ ہرگز قابل قبول نہیں ہے۔ اس لیے لوگوں میں اعتماد بحال کرنے اور انصاف کی فراہمی کے لیے عارف کو معقول معاوضہ دیا جائے، نیز کسی شخص کو اس کی شناخت کی بنیاد پر سزا نہ دینے سے متعلق پولیس افسران کی ذہنی اور نفسیاتی تربیت بھی ضروری ہے۔ جوائنٹ سی پی نے وفد کو یقین دلایا کہ ہر ممکن کارروائی کی جائے گی اور متاثرہ شخص کو انصاف دلانے میں مدد کی جائے گی۔
Published: undefined
جمعیۃ علماء ہند کے وفد میں ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند کے علاوہ ایڈوکیٹ سپریم کورٹ محمد نوراللہ، جمعیۃ علماء ہند کے سینئر آرگنائزر مولانا غیور احمد قاسمی اور مولانا شفیق احمد القاسمی مالیگانوی، دینی تعلیمی بورڈ دہلی صوبہ کے جنرل سکریٹری قاری عبدالسمیع قاسمی شامل تھے، جبکہ مقامی افراد میں متاثرہ شخص کا بڑا بھائی طارق سلیم، محلے کے ذمہ داران شوکت علی، فخرالدین سیفی، معصوم علی، افضل خان، کامران سیفی وغیرہ شامل تھے۔ دوسری طرف عارف سے ملاقات کرنے والے وفد کی قیادت مولانا داؤد امینی صدر دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء صوبہ دہلی نے کی۔ وفد نے عارف کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined