نئی دہلی کے پبلشر فاروس میڈیا نےحال ہی میں عبدالواحد شیخ کی تصنیف کردہ کتاب ’’بے گناہ قیدی‘‘ کا انگریزی ورژن’’انّوسینٹ پرزنرز‘‘ (Innocent Prisoners) کے عنوان سے شائع کیا ہے۔ عبدالواحد شیخ بذات خود ان ایجنسیوں کے بنائے ہوئے مفروضہ دہشت گردی کے منصوبے کا شکار رہ چکے ہیں۔ مصنف نے کتاب اس وقت لکھی جب وہ ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں قید تھے۔
Published: undefined
یہ کتاب اصل میں اردو میں شائع ہوئی تھی اور بعد میں اس کا ہندی میں ترجمہ بھی شائع کیا گیا۔ اب یہ کتاب انگریزی میں بھی دستیاب ہے۔ 504 صفحات پر مشتمل اس گراں قدر کتاب میں تفصیل سے بتایا گیا ہے کہ کس طرح ایجنسیاں اور پولیس سرکاری پالیسیوں کو درست ٹھہرانے اور ہندوستان کی سیکوریٹی صورت حال کی بہتری کے نام پر باشندگان ملک کو متاثر کرنے کی ایک حکمت عملی کے تحت دہشت گردی کے فرضی معاملوں میں بے قصور افراد کو پھنساتی ہیں اور اس سے ایک مخصوص ماحول پیدا کرتی ہے۔
Published: undefined
مصنف بذات خود ان حربوں کا شکار ہو چکے ہیں۔ انھیں اسپیشل مکوکا اور این آئی اے کورٹ ممبئی نے بری کردیا تھا جبکہ ان کے شریک ملزم اب بھی جیل میں سڑ رہے ہیں اور ان کی اپیل پچھلے چھ سالوں سے بامبے ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ عبدالواحد شیخ بے گناہ لوگوں کو ملوث کرنے، ان کے خلاف فرضی ثبوت گھڑنے اور متاثرین پر تشدد نیز ان کے لواحقین پر ان مفروضہ ’’جرائم‘‘ کو قبول کرنے کے لیے غیر اخلاقی دباؤ کا استعمال کرکے ان کو ناکردہ جرائم کے اعتراف پر مجبور کرنے کی چالوں کو واضح طور پر بتاتے ہیں۔
Published: undefined
یہ کتاب بنیادی طور پر 7/11 ممبئی ٹرین دھماکوں کے کیس کے بارے میں ہے لیکن اس میں جرمن بیکری دھماکے 2010، مالیگاؤں دھماکے 2006، اورنگ آباد آرمز ہال کیس 2006، اکشردھام حملہ 2002 اور ایجنسیوں کے ذریعے فرضی کیسوں میں ’’انڈین مجاہدین‘‘ نام کے استعمال کے بارے میں بھی تفصیل سے گفتگو کی ہے۔ اس کتاب میں پولیس کے تشدد، من گھڑت تدبیروں، پولیس اور ایجنسیوں کی جانب سے بے گناہوں کو پھنسانے نیز ایجنسیوں اور پولیس کے ذریعے بیان کی گئی کہانیوں کو ثابت کرنے کے لئے کس طرح جھوٹے ثبوت گھڑے جاتے ہیں اور جھوٹے اعتراف جرم پر بے گناہوں کو مجبور کیا جاتا ہے، جیسے اہم موضوعات پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔
Published: undefined
یہ کتاب ’’دہشت گردی‘‘ کے نام پر کئی دہائیوں سے ریاستی پولیس اور ایجنسیوں کی جانب سے ہندوستان میں کھیلے جانے والے گھناؤنے کھیل کی حیرت انگیز تفصیلات پیش کرتی ہے۔ یہ کتاب حکومت اور ایجنسیوں کے مکروہ چہروں، پولیس، اے ٹی ایس اور تفتیشی ایجنسیوں کے طریق کار، ان کی غیر انسانی اذیتوں، منصوبہ بند قانونی حربوں اور عدالتی معاملات کے رازوں کو بے نقاب کرتی ہے۔ دہشت گردی کے مقدمات میں ملوث بے قصور افراد کو اس کتاب کے ذریعے اپنی قانونی لڑائی لڑنے کا حوصلہ ملے گا۔ اس کتاب میں پولیس اور میڈیا کے ذریعے دھماکوں کے واقعات کے بارے میں بلند بانگ دعوؤں کو بے نقاب کیا گیا ہے۔
Published: undefined
فاضل مصنف نے، جو خود پولیس اور تفتیشی ایجنسیوں کے تشدد اور ہتھکنڈوں کا شکار رہ چکے ہیں، پولیس، تفتیشی ایجنسیوں اور جیل سسٹم کے عہدے داروں کے ہاتھوں اپنے اور کچھ دوسرے بے گناہ قیدیوں پر ہونے والے ظلم کے براہ راست تجربات بیان کیے ہیں۔
Published: undefined
یہ کتاب صرف ایک ایسے شخص کی بے گناہی کی گواہی نہیں ہے جو ’’دہشت گردی‘‘ کےایک بدنام زمانہ مقدمے میں تمام الزامات سے بری ہوچکا ہے، بلکہ اس کی اپنی اور دیگرمتاثرین کی آزادی کے لئے قانونی جنگ لڑنے کے غیر متزلزل عزم کو بھی پیش کیا گیا ہے۔ اس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کس طرح اپنے آپ کو اس شاطرانہ جال میں پھنسنے سے بچایا جائے اور اگر کوئی گرفتار ہو بھی جائے تو وردی میں رہنے والے سفاک افراد کے چنگل سے آزادی کیسے حاصل کی جائے۔
Published: undefined
مصنف عبدالواحد شیخ ممبئی کے ایک اسکول میں استاد ہیں۔ وہ 11؍ جولائی 2006 کے ممبئی ٹرین بم دھماکے معاملے کے 13 ملزمان میں سے بری ہونے والے واحد شخص ہیں، کیونکہ وہ آخر تک جھوٹے اقبالیہ بیان پر دستخط کرنے سے انکار کر تے رہے، جبکہ ان کے دیگر ساتھی ملزم دباؤ کا شکار ہوگئے اور انھوں نے جھوٹے اقبالیہ بیان پر دستخط کر دیئے جس کوعدالت میں ان کو سزائے موت اور عمر قید دینے کے لیے غلط استعمال کیا گیا۔
Published: undefined
عبدالواحد شیخ نے جیل میں نو سال گذارنے کے دوران پوسٹ گریجویشن مکمل کیا اور قانون کی تعلیم بھی حاصل کی۔ اپنے شریک ملزمین سے کیے گئے اپنے وعدے کو نبھاتے ہوئے، وہ ملک بھر کا دورہ کرتے ہیں اور ان حقائق سے لوگوں کو واقف کراتے ہیں۔ ان کی زندگی پر مبنی ایک ہندی فیچر فلم جلد ریلیز ہو گی۔ ان کے بری ہونے کے کئی سال بعد بھی پولیس اہلکار انھیں اب بھی ہراساں کرتے رہتے ہیں۔ 495 ؍روپے قیمت کی یہ کتاب نیز اس کے اردو اور ہندی ورژن امیزون اور books@pharosmedia.com پر دستیاب ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined