نئی دہلی: مقدس سفر حج 2024 کے مکمل ہونے کے دو ماہ بعد آج بتاریخ 13 اگست 2024 کو مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور کرن رجیجو نے سفر حج 2025 کا اعلان کر دیا۔ اس کے ساتھ ہی 2025 کے مقدس سفر حج کے لیے آن لائن فارم بھرنے کی تاریخ کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔ حج فارم بھرنے کا عمل بتاریخ 13 اگست 2024 سے 9 ستمبر 2024 تک جاری رہے گا۔ اس سال پہلی بار حج فارم حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ کے علاوہ ’حج سویدھا ایپ‘ پر بھی بھرے جائیں گے۔ مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور کرن رجیجو نے اپنی وزارت کے دفتر سے حج 2025 کے ایکشن پلان کو جاری کیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے اقلیتی امور جارج کورین، قومی اقلیتی کمیشن کے صدر اقبال سنگھ لال پورا، دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر لیاقت علی آفاقی بھی موجود تھے۔
Published: undefined
وزارت اقلیتی امور کی جانب سے جاری حج پالیسی 2025 میں حجاج کرام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دینے کے لیے پچھلی حج پالیسی کے مقابلے کئی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اس کے تحت ریزرو زمرہ میں سفر حج کے لیے جانے والے عازمین حج کی عمر 70 سال سے گھٹا کر 65 سال کر دی گئی ہے۔ اسی طرح ریزرو زمرہ کے عازمین حج کے ساتھ جانے والے ساتھی کی عمر بھی 18 سال سے 60 سال تک متعین کی گئی ہے۔
Published: undefined
وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں سابقہ برسوں میں شروع کی گئی بغیر محرم کے سفر حج پر جانے کے عمل کو خواتین کے لیے زیادہ آرام دہ اور باحفاظت بنانے کے لیے 65 سال کی بغیر محرم خاتون کے ساتھ بھی 45 سے 60 سال کی ایک ساتھی خاتون کو سفر حج پر ساتھ جانے کی اجازت دی گئی ہے، تاکہ بغیر محرم خواتین کا سفر حج زیادہ سے زیادہ آرام دہ اور باحفاظت ہو۔ نئی حج پالیسی کے تحت اب حجاج کرام کی مدد اور رہنمائی کے لیے حج کمیٹی کی جانب سے ہر 150 حجاج کرام پر اسٹیٹ حج انسپکٹر بھی جائیں گے۔ پرانے انتظامات میں ایسے مددگاروں کو خادم الحجاج کہا جاتا تھا اور انھیں 200 حجاج کرام پر ایک کے تناسب سے بھیجا جاتا تھا۔ کُل ملا کر نئی حج پالیسی میں حجاج کرام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیا کرانے کی سمت میں اٹھایا گیا قدم ہے۔ اسی کے ساتھ پہلے کے مقابلے میں بہت پہلے سے ہی حج فارم بھرنے کا عمل شروع کرنے میں بھی حکومت کی منشا یہ ہے کہ سبھی طرح کے انتظامات وقت سے پہلے پورے کر لیے جائیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined