نہٹور: مفت مستقل چلنے والے ’شوگر اور بلڈ پریشر جانچ سینٹر‘ کے قیام کے ساتھ ہم تعلیمی اداروں میں گُٹکا، کھینی اور دیگر نشہ آوار اشیاء کے خلاف بھی بیداری مہم چلائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار ہیلتھ اینڈ ایجوکیشن پروموشن ٹرسٹ (ہیپٹ)کے سکریٹری غزال مہدی نے سواستھ جاگروکتا ابھیان (سوستھ نہٹور) کی شروعات اور اس کے تحت شوگر اور بلڈ پریشر جانچ سینٹر کے قیام کی افتتاحی تقریب میں کیا۔
Published: undefined
یہ سینٹر مہدی وِلا قصبہ نہٹور ضلع بجنور میں قائم کیا گیا ہے جس میں لوگوں کی جانچ بغیر کسی فیس کے کی جائے گی۔ یہ مستقل طور پر کام کرنے والا ایسا سینٹر ہوگا جو مریضوں اور ان کی دیکھ بھال کرنے والوں میں صحت سے متعلق بیداری پیدا کرے گا جس کے لئے خصوصی لکچر منظم کیے جائیں گے، اس سے متعلق پمفلٹ شائع کئے جائیں گے اور سوشل میڈیا کا استعمال بھی کیا جائے گا۔
Published: undefined
غزال مہدی نے بتایا کہ سواستھ جاگروکتا ابھیان کے تحت جلد ہی تعلیمی اداروں میں گُٹکا، کھینی اور دیگر نشہ آور اشیاء کے خلاف بیداری مہم شروع کی جائے گی جس کے تحت پوسٹر نمائش، مضمون نویسی اور ڈرائنگ کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے اور ساتھ ہی ہیلتھ والنٹیر بھی تیّار کئے جائیں گے۔
Published: undefined
ہیپٹ کے صدر پروفیسر زبیر مینائی نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اس وقت شوگر کے مریضوں کی تعداد تقریباً چالیس کروڑ ہے جب کہ یہ تعداد آئندہ کچھ سالوں میں ستّر کروڑ تک پہنچنے کی توقع ہے، اس لئے اس مہلک مرض کے خلاف بیداری مہم کو چلانا بہت ضروری ہے۔
Published: undefined
انہوں نے کہا کہ سرکاری سسٹم کو بہتر اور فعّال بنانے کے لئے اس میں لوگوں کی دلچسپی اور شمولیت ضروری ہے جس کی ذمہ داری ہم کو لینی ہوگی ورنہ ہمارے اقدامات بھی بڑے روایتی سے ہو جائیں گے۔ انہوں نے اپیل کی کہ شوگر اور بلڈ پریشر جانچ سینٹر کا عوامی سطح پر پورا استعمال کیا جانا چاہیے تاکہ یہ اپنے اغراض و مقاصد کو پورا کر پائے۔ زبیر مینائی جامعہ کے سوشل ورک ڈیپارٹمنٹ میں پروفیسر ہیں۔
Published: undefined
ہیپٹ کے نائب صدر شیام سُندر اگروال نے کہا کہ شوگر ایک خطرناک مرض ہے جو بہت سے امراض کی جڑ ہے، اس لئے اس کے خلاف سماج کے پڑھے لکھے لوگوں کو متحد ہو کر جاگروکتا مہم میں شامل ہونا چاہیے تاکہ موجودہ نسل اور آئندہ نسلوں کو اس کا شکار ہونے سے بچایا جا سکے۔ شیام سُندر اگروال اپنے دور طالب علمی میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اہم طلباء لیڈر رہے ہیں۔
Published: undefined
سرکاری پرائمری ہیلتھ سینٹر نہٹور کے نمائندہ، چیف کیمسٹ شجاع انصاری نے شوگر اور بلڈ پریشر جانچ سینٹر کے قیام پر غزال مہدی اور ان کے ساتھیوں کو مبارکباد دی اور ان کی اس کوشش کو بیداری صحت کے میدان میں ایک اہم قدم بتایا۔ انہوں نے یہ یقین دلایا کہ اس جانچ سنٹر کے ذریعہ بھیجے جانے والے شوگر اور بلڈ پریشر کے تمام مریضوں کو سرکاری اسپتال میں دوائیں مفت فراہم کی جائیں گی۔
Published: undefined
ہیپٹ کے خزانچی مہندر سنگھ منرال نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور کہا “اس سنٹر کی شروعات تو اُن کی ٹیم نے کر دی ہے لیکن اس کو مضبوطی سے اور اچھے ڈھنگ سے چلانے کے لئے حاضرین کا تعاون اور ان کی حصہ داری ضروری ہے”۔ مہندر سنگھ منرال جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سابق طالب علم ہیں اور جامعہ اسٹوڈنٹس یونین کے جنرل سکریٹری رہ چکے ہیں۔
Published: undefined
تقریب کے مہمانِ اعزازی ریٹائرڈ ڈپٹی سی ایم او (بجنور) ڈاکٹر ستّیہ کام نے شوگر کے حوالے سے بیداریِ صحت پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ شوگر کتنی طرح کی ہوتی ہے اور اس کا مقابلہ سمجھداری سے کس طرح کیا جانا چاہیے کیونکہ اس کے اثرات جسم کے دوسرے اہم اعضاء کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شوگر ٹائپ 2 میں صحیح غذا اور چالیس منٹ جھپٹ کر چلنے سے اس مرض کی شدت میں کافی حد تک کمی آ جاتی ہے جب کہ دوا کی حیثیت اس مرض میں تیسرے نمبر پر ہے۔
Published: undefined
اس افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی “بجنور ٹائمز گروپ (چنگاری) کے ایڈیٹر سوریہ منی رگھو ونشی نے ضلع مجسٹریٹ اُمیش مشرا جی کا مبارکباد کا ایک پیغام غزال مہدی اور ا نکے ساتھیوں کو دیا جو ضلع مجسٹریٹ نے شوگر اور بلڈ پریشر جانچ سینٹر کے قیام پر بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ “ضلع پرشاسن اور ہیلتھ و سواستھ وبھاگ جاگروکتا کی اس مہم میں آپ کے ساتھ ہیں“۔ سوریہ منی نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا، “آج کے دور میں اُن عام لوگوں کی زندگی کی فکر کرنا، ان کی اچھی صحت کی بات کرنا، ان کو صحتمند بنانے کی کوششیں کرنا جن کے پاس وسائل نہیں ہیں، جو جاگروک نہیں ہیں، جن کو پتہ ہی نہیں ہے کہ ان کے جسم میں ایک ایسا روگ پل رہا ہے جو ان کی زندگی کو خراب اور تباہ کر سکتا ہے، یہ کوشش کوئی معمولی بات نہیں ہے، یہ تو بڑی بات ہے”۔
Published: undefined
انہوں نے مزید کہا “ہیلتھ سے متعلق کسی پروگرام میں اتنے لوگوں کی شرکت اس بات کا یقین دلاتی ہے کہ اگر نیت صاف ہو، کوشش اچھی ہو اور کام کرنے کا جذبہ ہو تو لوگ ساتھ آتے ہیں۔” اس افتتاحی تقریب کے موقع پر سرکاری پرائمری ہیلتھ سنٹر نے شجاع انصاری کی قیادت میں شوگر اور بلڈ پریشر جانچ کرنے کے لئے اپنا اسٹاف مہیا کرایا جس سے کافی حاضرین نے اپنی جانچ کرا کر فائدہ اٹھایا۔
Published: undefined
اس افتتاحی تقریب میں دو سو سے زائد جن سرکردہ شخصیات نے شرکت کر کے حوصلہ افزائی کی اُن میں سائیں ملینیم سینیر سیکنڈری اسکول کے مینیجر سونیل تیاگی، ایس این ایس ایم انٹر کالج کے پرنسپل چرن سنگھ شرما اور اس کے مینیجر درپن تیاگی، حافظ محمد ابراہیم، انٹر کالج کے پرنسپل بلال زیدی، وزڈم اسکول کے مینیجر ڈاکٹر متانت حسین زیدی، اسکالر اسکول کے پرنسپل ارون شرما، گرین وُڈ اسکول کے مینیجر قاضی جمال ناصر، اساتذہ، میڈیکل کے طالب علم، فارمیسسٹ، وکلاء، مختلف سیاسی تنظیموں کے نمائندے، سماجی کارکن، نگر پالیکا نہٹور کے وارڈ ممبران شامل تھے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز