سیاست

کیا جماعت اسلامی فرقہ پرستوں کے ایجنٹ کے طور پر کام کر رہی ہے!

یہ بات غور کرنے والی ہے کہ جانگی پور پارلیمانی حلقہ سے جیتنے والے امیدوار کو 5 لاکھ 62 ہزار 518 ووٹ ملے جب کہ ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے سید قاسم رسول الیاس کو محض 21 ہزار 292 ووٹ ملے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

یہ زیادہ پرانی بات نہیں ہے جب پوری دنیا میں کمیونزم کا بول بالا تھا اور خدا کے وجود کو چیلنج کرنا پوری دنیا میں ایک فیشن سمجھا جاتا ہے۔ لینن اور کارل مارکس سب سے بڑے ہیرو تھے۔ کمیونزم کی وجہ سے پوری دنیا میں سوویت یونین (جس میں سب سے بڑا ملک روس تھا) کی قیادت میں ایک بلاک تھا اور دوسرے بلاک کی قیادت امریکہ کر رہا تھا۔ ان دونوں بلاکس کے درمیان سرد جنگ جاری رہتی تھی اور دو خفیہ ایجنسیاں بہت متحرک تھیں جس میں سوویت یونین کی’ کے جی بی‘ اور امریکہ کی’ سی آئی اے ‘۔ اس ماحول میں جب تمام مذاہب پر حملہ کیا جا رہا تھا اور مذہب کو افیم سے تعبیر کیا جا رہا تھا اس وقت کمیونزم کے سوالوں کے جواب دینے کے لئے اور اسلام کی شبیہ دور حاضر کی روشنی میں پیش کرنے کے لئے مولانا مودودی سامنے آئے اور انہوں نے مسلم دانشوروں کی ایک تنظیم جماعت اسلامی قائم کی۔ مولانا نےسائنس کی روشنی میں کمیونزم کے حملوں کے جواب دئے جس کی وجہ سے مسلم دانشوروں میں وہ کافی مقبول ہوئے۔

Published: 24 May 2019, 7:10 PM IST

تقسیم کے بعد مولانا پاکستان کے شہری بن گئے اور انہوں نے وہاں اپنا کام جاری رکھا۔ دنیا کے کئی ممالک میں اس سوچ کی کئی تنظیمیں وجود میں آئیں۔ پاکستان میں جماعت اسلامی نے انتخابی سیاست میں حصہ لینا شروع کیا اور 1951 اور 1957 میں جب جماعت اسلامی کی شوری ٰ نے سیاست سے تنظیم کو علیحدہ کرنے کی قرارداد منظور کی تو مولانا نے اس کی مخالفت کی جس کے بعد تنظیم کے کئی سینیر ارکان احتجاج میں مستعفی ہو گئے۔ ہندوستان کی جماعت اسلامی کا یہ فیصلہ ہے کہ وہ صرف دعوت کا کام کرے گی اور سیاست سے دور رہے گی۔ لیکن جب جماعت کے امیر مولانا جلال الدین عمری تھے تو اس وقت جماعت کے کچھ ارکان نے ان پر سیاست میں متحرک ہونے کا دباؤ بنایا۔ ان کوششوں کا نتیجہ یہ ہوا کہ جماعت نے یہ اعتراض ختم کر دیا کہ تنظیم کا کوئی رکن کسی بھی سیاسی پارٹی کا رکن نہیں ہو سکتا اور یہ اجازت دے دی کہ اقلیتوں کے حقوق کے لئے سیاسی پارٹی بنائی جا سکتی ہے جس کا جماعت سے کوئی تعلق نہیں ہوگا، لیکن جماعت کا رکن اس کا رکن او رعہدیدار ہو سکتا ہے۔ اس کے بعد ’ویلفیئر پارٹی آف انڈیا ‘کے نام سے سیاسی پارٹی تشکیل ہوئی جس کے بانی صدر جماعت کے رکن مجتبی فاروق بنے اور شوریٰ کے رکن سید قاسم رسول الیاس پارٹی کے جنرل سکریٹری بنے۔

Published: 24 May 2019, 7:10 PM IST

سال 2011 میں قائم ہوئی اس سیاسی پارٹی نے کئی مرتبہ اپنی قسمت بھی آزمائی اور حال میں اختتام پذیر لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کے سربراہ سید قاسم رسول الیاس نے مغربی بنگال کے جانگی پور پارلیمانی حلقہ سے چناؤ لڑا۔ یہاں سے جہاں کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ اور سابق صدر جمہوریہ کے بیٹے ابھیجیت مکھرجی کانگریس کے ٹکٹ پر میدان میں تھے وہیں ترنمول کانگریس سے منتخب خلیل الرحمان میدان میں تھے جبکہ بی جے پی سے مسلم خاتون مفوجہ خاتون امیدوار تھیں۔ان انتخابات میں جہاں جیتنے والے امیدوار کو پانچ لاکھ باسٹھ ہزار پانچ سو اٹھارہ ووٹ ملے وہیں سید قاسم رسول الیاس کو محض اکیس ہزار دو سو بیانوے ووٹ ملے۔

Published: 24 May 2019, 7:10 PM IST

جماعت کو ویسے تو اسلامی ملک پاکستان میں بھی سیاست میں آنے کے بعد فائدہ کم اور نقصان زیادہ ہوا اور آج وہاں کی جماعت بالکل اپنی حیثیت کھو چکی ہے۔ ہندوستان جیسے ملک میں خالص مسلمانوں کی پارٹیاں کچھ علاقوں اور شہروں میں ضرور مقبول ہوئی ہیں لیکن ان کے تعلق سے یہ عام رائے ہے کہ پورے ملک میں یہ صر ف فرقہ پرست قوتوں کو مضبوط کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ کچھ یہی ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے بارے میں بھی کہا جاتا ہے۔ سید قاسم رسول الیاس جو جے این یو کے طالب علم عمر خالد کے والد ہیں، ان کے حالیہ عمل کو بھی اسی نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔ کچھ حلقے تو یہاں تک بھی کہتے ہیں کہ اسلام کی دعوت کا کام گھر سے ہونا چاہئے اور وہاں ان کے اوپر سوال کھڑے ہوئے ہیں۔ اس کے بعد کسی بھی جماعت کے رکن کا یہ عمل کہ وہ مسلم ووٹوں کی تقسیم کے لئے انتخابی میدان میں اترے، اس سے تنظیم کے تعلق سے کئی سوال کھڑے ہوتے ہیں۔

Published: 24 May 2019, 7:10 PM IST

جماعت کو اپنی ساکھ اور مقصد کو بچانا ہے تو اس کو صرف دعوت کے کام پر توجہ دینی چاہئے اور اپنے کسی بھی رکن کو سیاست میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دینی چاہئے اور جو ارکان سیاسی میدان میں حصہ لینے کے خواہش مند ہیں ان کو جماعت کی رکنیت سے مستعفی ہو جانا چاہئے۔ ملک کے موجود ہ ماحول میں جماعت کو اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے۔ ہندوستانی مسلمانوں کو اپنی سیاسی پارٹیوں کی ضرورت نہیں ہے۔

Published: 24 May 2019, 7:10 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 24 May 2019, 7:10 PM IST