سیاسی

دلت-مسلم اتحاد سے یوگی پریشان، دلتوں کے گھر کھانے کو مجبور

مفاد پرست اور فرقہ پرست سیاست دانوں کو ہر گزیہ منظور نہیں کہ دلت-مسلم اتحاد ہو، اس لئے طرح طرح کے ہتھ کنڈے اپنائے جاتے ہیں کیونکہ اتحاد سے بی جے پی کو اپنا اقتدار خطرے میں نظر آنے لگتا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ

مرادآباد: دلت مسلم اتحاد کی آہٹ نے بی جے پی و آرایس ایس کی نیند اڑا کر رکھ دی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ بی جے پی و آر ایس ایس سے جڑے وہ لوگ جو دلت کے پاس سے گزرجانے کو بھی اپنی توہین سمجھتے تھے آج دلتوں کے گھروں میں کھانا کھانے کو تیار ہیں۔ ملک کی سیاست میں ایسا پہلی بار نہیں ہوا ہے کہ دلت -مسلم اتحاد کی بات ہوئی ہو اور ملک کے سیاسی لیڈران کی نیندیں نہ اڑی ہوں اور دلت -مسلم اتحاد کو روکنے کی کوششیں نہ کی گئی ہوں۔ شاید یہی وجہ ہے کہ آزادی سے لے کر آج تک جب جب دلت طبقہ کے ساتھ ظلم ہوا یا پھر دلت طبقہ نے اپنے مطالبات منوانے کے لئے احتجاج بلند کیا ہو اور اس میں یہ نہ کہا گیا ہو کہ اگر ہمارے مطالبات نہیں مانے گئے تو ہم مسلمان ہوجائیں گے۔

حال ہی میں جب اپنے پارلیمانی حلقہ میں دورہ کرنے کے دوران کانگریس کے قومی رہنما راہل گاندھی نے جب ایک دلت کے یہاں رات گزاری تھی تو یہی بی جے پی اور آر ایس ایس کے لوگ یہ ہنگامہ کررہے تھے کہ یہ سب راہل گاندھی نے دلتوں کا ووٹ حاصل کرنے کے لئے کیا ہے۔ تو اب بی جے پی اور آر ایس ایس کے لوگ دلتوں کے یہاں کھانا کھانے کی اس قواعد سے کیا ثابت کرنا چاہتےہیں۔

Published: undefined

دراصل ملک بھر کے سیاست داں یہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ دلت اور مسلم اتحاد اگر قائم ہوگیا تو یہ دونوں قومیں ملک میں وہ حیثیت رکھتی ہیں کہ ملک کے سیاسی نظام کو اپنی شرطوں پر چلاسکتی ہیں۔ جو کہ مفاد پرست اور فرقہ پرست سیاست دانوں کو ہر گز منظور نہیں ہے اسی لئے جب بھی دلت -مسلم اتحاد کی بات ہوتی ہے تو ان دونوں کو الگ رکھنے کے لئے اس طرح کے ہتھ کنڈے اپنائے جاتے ہیں۔ بی جے پی کو بھی اپنا اقتدار خطرے میں نظر آرہا ہے اسی لئے تو مرکزی حکومت کے وہ لیڈران جو دلتوں کو سامنے دیکھنا بھی پسند نہیں کرتے وہ ان کے گھروں پرجانے اور کھا ناکھانے کو مجبور ہیں۔

یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی اس مہم میں حصہ لیتے ہوئے دلتوں کے گھر جا کر کھانا شروع کردیا ہے ۔ مرادآباد منڈل کے امروہہ ضلع کے ایک قصبہ میں بھی یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ ایک دلت کے گھر پر جاکر کھانا کھانے کی تیار ی کر رہے ہیں جس کو لے کر ضلع انتظامیہ پوری طرح سے مستعد ہے۔

Published: undefined

تصویر قومی آواز

لوک تنتر بچاؤمورچہ و دلت سنگھ سے جڑے ایڈوکیٹ اونکار سنگھ نے کہا کہ دلتوں کے گھر پر جا کر کھاناکھانا بی جے پی لیڈران کا چھلاوہ ہے ۔ انھوں نے کہاکہ یوگی آدتیہ ناتھ جیسے لیڈران کبھی بھی دلتوں کے ہمدرد نہیں ہوسکتے اور دلت طبقہ یہ اچھی طرح جانتا ہے اس لئے دلت طبقہ ان کے ان ہتھکنڈوں میں آنے والا نہیں ہے۔ انھوں نے کہاکہ دلتوں اور مسلمانوں کا جو اتحاد پروان چڑھ رہا ہے اب اسے کوئی بھی نہیں روک سکتا اور دلتوں و مسلمانوں کی اسی میں بھلائی بھی ہے کیونکہ آر ایس ایس ، بی جے پی اقتدار کے ذریعہ دلتوں کا ریزویشن ختم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کا استحصال کرنے کی سازش برسوں سے کر رہی ہے ایسے میں یہ ممکن نہیں ہے کہ بی جے پی اور آر ایس ایس دلتوں کی ہمدرد بن جائے۔

لوک تنتر بچاؤ مورچہ کے بانی حاجی اقبال نے بھی کہا کہ بی جے پی کا یہ ہتھ کنڈہ دلت مسلم اتحاد کو توڑنے کا ہے ورنہ بی جے پی کو دلتوں سے کوئی ہمدردی نہیں ہے اگر بی جے پی حکومت کو ذرابھی دلتوں سے ہمدردی ہوتی تو ان پر جو ظلم بی جے پی کے لیڈران کے ذریعہ ڈھائے جارہے ہیں ان پر ضرور لگام کسی جاتی۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined