سیاسی

فیس بُک کا ’بی جے پی کنکشن‘ کیا گل کھلائے گا؟... سہیل انجم

بہر حال بی جے پی رہنماؤں کی جانب سے ششی تھرور کو ہٹانے کے مطالبے اور اس پورے معاملے کو دیکھ کر یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ دال میں کچھ کالا ضرور ہے۔ اسے چور کی داڑھی میں تنکا بھی کہا جا سکتا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

یہ سوشل میڈیا کا دور ہے۔ جس نے اس پر اثر ڈال دیا اس نے کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیئے۔ جس نے اسے نظرانداز کیا شکست اس کا مقدر بن گئی۔ نریندرمودی نے اسی وقت سوشل میڈیا کی اہمیت پہچان لی تھی جب وہ گجرات کے وزیر اعلیٰ تھے۔ انھوں نے بحیثیت وزیر اعلیٰ گجرات کے اسمبلی الیکشن میں سوشل میڈیا کا جم کر استعمال کیا تھا۔ جس کے نتیجے میں انھیں شاندار کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ لہٰذا جب 2014 کے پارلیمانی انتخابات کا بگل بجا اور نریند رمودی کو بی جے پی کی جانب سے وزیر اعظم کے عہدے کا امیدوار قرار دے دیا گیا تو انھوں نے اپنے سابقہ تجربات سے فائدہ اٹھایا اور اس بار کہیں بڑے پیمانے پر الیکشن میں سوشل میڈیا کا استعمال کیا۔

Published: 23 Aug 2020, 9:59 PM IST

وزیر اعظم کے منصب پر فائز ہونے کے بعد انھوں نے کیلی فورنیا کے ایک دورے میں فیس بُک کے بانی اور سی ای او مارک زوکربرگ سے ملاقات کی اور ان سے والہانہ انداز میں گفتگو کی۔ مارک زوکربرگ ایک انتہائی کامیاب بزنس مین ہیں اور مودی بھی چھوٹے بزنس مین نہیں ہیں۔ وہ گجراتی ہیں اور بزنس گجراتیوں کی نس نس میں رواں رہتا ہے۔ بعض سیاسی مشاہدین نے اسی وقت یہ اندازہ لگا لیا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی پارٹی بی جے پی فیس بک سے بہت کچھ فائدہ اٹھانے والی ہے۔ کانگریس اور دیگر سیاسی جماعتوں نے سوشل میڈیا کی اہمیت بہت بعد میں سمجھی۔ اس وقت تک بی جے پی اور اس کے آئی ٹی سیل نے سوشل میڈیا پر اپنے پنجے گاڑ دیئے تھے۔

Published: 23 Aug 2020, 9:59 PM IST

سنگھ پریوار اور اس سے وابستہ افراد نے اپنی سیاست اور اپنے نظریات کے فروغ کے لیے فیس بک کا جم کر استعمال کیا۔ بے روزگار نوجوانوں کی ایک ٹرول برگیڈ بنائی گئی جو دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارموں کے علاوہ فیس بک پر بھی زبردست انداز میں سرگرم رہتی ہے۔ خود بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ و ارکان اسمبلی بھی فیس بک کا جم کر استعمال کرتے ہیں۔ لیکن اس طرف کسی کی نظر اس وقت تک نہیں گئی جب تک کہ امریکی اخبار ’’وال اسٹریٹ جرنل‘‘ نے اس سلسلے میں ایک رپورٹ نہیں شائع کر دی۔

Published: 23 Aug 2020, 9:59 PM IST

اخبار نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا کہ ہندوستان میں فیس بک کی پبلک پالیسی ڈائرکٹر انکھی داس نے بی جے پی رہنماؤں کی نفرت انگیز پوسٹس کو ہٹانے سے انکار کیا اور انھوں نے اس کی دلیل یہ دی کہ اگر ہم نریندر مودی کی پارٹی کے لیڈروں کے خلاف کارروائی کریں گے تو ہندوستان میں کمپنی کے مفادات پر اثر پڑے گا۔ ہندوستان فیس بک کے لیے ایک بہت بڑا بازار ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق اس وقت ہندوستان میں فیس بک صارفین کی تعداد 346 ملین ہے اور یہ تعداد 2023 میں 444 ملین ہونے جا رہی ہے۔ ظاہر ہے کہ ان صارفین میں ان لوگوں کی بہت بڑی تعداد ہے جو سنگھ پریوار سے تعلق رکھتے ہیں۔ لہٰذا بی جے پی لیڈروں کے نفرت انگیز بیانات کو فیس بک سے ہٹانے کے لیے اس سلسلے میں وضع کردہ قوانین کو نافذ نہیں کیا گیا۔

Published: 23 Aug 2020, 9:59 PM IST

وال اسٹریٹ جرنل نے تلنگانہ سے بی جے پی کے واحد ایم ایل اے ٹی راجہ سنگھ کی مثال پیش کی اور کہا کہ ان کا بیان مسلمانوں کے خلاف اور نفرت انگیز تھا اور تشدد کو ہوا دینے والا تھا لیکن فیس بک سے اسے ہٹانے سے انکار کیا گیا۔ ٹی راجہ سنگھ کی جس پوسٹ کا حوالہ دیا گیا ہے اس پر کئی صحافیوں نے مضمون قلمبند کیا تھا لیکن اس کا بھی فیس بک پر کوئی اثر نہیں ہوا تھا۔ کمپنی کے ایک اندرونی ذریعے نے امریکی اخبار کو بتایا کہ انکھی داس نے بی جے پی اور ہندوتوا برگیڈ کے خلاف کارروائی کرنے سے انکار کر دیا۔

Published: 23 Aug 2020, 9:59 PM IST

جب بی جے پی لیڈروں نے لو جہاد سے متعلق اشتعال انگیز بیانات فیس بک پر پوسٹ کیے تو ان کو بھی نہیں ہٹایا گیا اور جب مسلمانوں کو کرونا پھیلانے کے لیے ذمہ دار ٹھہرایا جانے لگا تو ایسی پوسٹس کو بھی فیس بک پر باقی رہنے دیا گیا۔ جبکہ دوسری پارٹیوں کی اس قسم کی پوسٹس کو ہٹا دیا جاتا تھا۔ مذکورہ ذریعے نے اخبار کو یہ بھی بتایا کہ الیکشن کے دوران انکھی داس نے اپنے عمل سے بی جے پی کی حمایت کی۔ بی جے پی ایم پی اننت ہیگڑے مسلمانوں کے خلاف زہریلے بیانات دینے کے لیے بدنام ہیں۔ ان کے بیانات بھی ڈلیٹ نہیں کیے گئے۔

Published: 23 Aug 2020, 9:59 PM IST

حالانکہ اس رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد فیس بک نے وضاحت کی ہے کہ اس کی پالیسی سب کے لیے برابر ہے اور اس پلیٹ فارم پر کسی کی حمایت نہیں کی جاتی۔ فیس بک اپنی پالیسیوں کے نفاذ میں کسی کی سیاسی وابستگی یا اس کی پوزیشن کا لحاظ نہیں کرتا۔ دراصل یہ ایک لولا لنگڑا بیان ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے بعد بی جے پی کے بعض لیڈروں کے بیانات فیس بک سے ڈلیٹ کیے گئے۔

Published: 23 Aug 2020, 9:59 PM IST

خیال رہے کہ انکھی داس اور رشمی داس دو جڑواں بہنیں ہیں۔ رشمی داس انکھی داس سے دو منٹ بڑی ہیں۔ اس تنازعے کے منظر عام پر آنے کے بعد جہاں فیس بک کی جانب سے وضاحت کی گئی وہیں رشمی داس نے یہ انکشاف کیا کہ ان کا تعلق بی جے پی کی طلبہ شاخ اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی) سے رہا ہے اور انھوں نے اپنا یہ تعلق کبھی نہیں چھپایا۔ دونوں بہنیں جے این یو کی تعلیم یافتہ ہیں۔ اسی درمیان ایک خبر آئی کہ انکھی داس نے اے بی وی پی سے وابستہ ایک تنظیم کے پروگرام میں شرکت کی تھی۔ اس کی تردید اے بی وی پی نے بھی کی ہے اور رشمی داس نے بھی جو کہ ایک میڈیا ادارہ چلاتی ہیں۔ رشمی داس کے اس انکشاف کے بعد یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ انکھی داس نے یقیناً بی جے پی کی حمایت کی ہوگی اور ہیٹ اسپیچ سے متعلق پالیسی کو بی جے پی لیڈروں کے بیانات کے خلاف استعمال نہیں کیا ہوگا۔

Published: 23 Aug 2020, 9:59 PM IST

وال اسٹریٹ جرنل کی اس رپورٹ کا بی جے پی کے پاس کوئی جواب نہیں ہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر روی شنکر پرساد نے امریکی اخبار کی رپورٹ پر کوئی رد عمل ظاہر کرنے کے بجائے کیمبرج انالیٹکا کا ذکر کیا اور کہا کہ الیکشن کے دوران کانگریس نے اس کے ڈیٹا سے فائدہ اٹھایا تھا۔ حالانکہ کانگریس نے اسی وقت اس الزام کی سختی سے تردید کی تھی جب یہ الزام لگایا گیا تھا۔ لیکن روی شنکر پرساد وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کا کوئی جواب نہیں دے سکے۔ بلکہ اس کے برعکس میڈیا میں روی شنکر پرساد اور انکھی داس کی ایک ساتھ تصویر شیئر کی جا رہی ہے۔

Published: 23 Aug 2020, 9:59 PM IST

سینئر کانگریس رہنما اور رکن پارلیمنٹ ششی تھرور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق پارلیمنٹ کی کمیٹی کے چیئرمین ہیں۔ انھوں نے فیس بک کے ذمہ داروں کو دو ستمبر کو طلب کیا ہے تاکہ ان سے سوال جواب کیا جا سکے اور مذکورہ الزام پر ان کا موقف جانا جا سکے۔ ان کے اس قدم پر فیس بک کی جانب سے ایک بار پھر صفائی پیش کی گئی ہے لیکن بی جے پی کے کچھ لیڈروں کو اس سے کافی پریشانی محسوس ہو رہی ہے۔ اسی لیے انھوں نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کے نام ایک مکتوب لکھ کر ششی تھرور کو چیئرمین شپ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ششی تھرور نے اس سلسلے میں بی جے پی ایم پی نشی کانت دوبے کے خلاف تحریک مراعات کا نوٹس دیا ہے۔

Published: 23 Aug 2020, 9:59 PM IST

بہر حال بی جے پی کے لیڈروں کی جانب سے ششی تھرور کو ہٹانے کے مطالبے اور اس پورے معاملے کو دیکھ کر یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ دال میں کچھ کالا ضرور ہے۔ اسے چور کی داڑھی میں تنکا بھی کہا جا سکتا ہے۔

Published: 23 Aug 2020, 9:59 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 23 Aug 2020, 9:59 PM IST