اعظم شہاب
راجستھان کی گہلوت سرکار نے پہلوخان موب لنچنگ معاملے کی ازسرِنو تفتیش کا حکم اور ضلعی عدالت کے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا کیا کہ ان دیش بھکتوں کے پیٹ میں زوروں کا مروڑ اٹھنے لگ گیا جو سوشل میڈیا پر دن رات ایک عدد پاکستان کو فتح اور ہر ہفتے مہاشے جی کو کسی نہ کسی دیوتا کا اوتار قرار دیتے نہیں تھکتے۔ انہیں غم اس بات کا ہے کہ گہلوت حکومت پہلوخان کے قاتلوں کو سزا دلانے کا اعادہ کیوں کر رہی ہے جس سے ان کے موب لنچنگ کا وہ کاروبار متاثر ہوسکتا ہے جو کہیں گئورکشا و لوجہاد کے نام پر تو کہیں جے شری رام کے نام پر چل رہا ہے اور بدقسمتی سے جس کے زیادہ شکار مسلمان ہوتے ہیں۔ اس لئے یہ خود ساختہ دیش بھکت سوشل میڈیا سے لے کر ہندو میڈیا معاف کیجئے گا ہندی میڈیا تک پر اشوک گہلوت سرکار کو دیش ورودھی، ہندو ورودھی، گئوورودھی، دھرم وردودھی اور معلوم نہیں کیا کیا ورودھی ثابت کرنے پر اپنے پوری طاقت لگائے ہوئے ہیں اور جو بھی ان ملزمین کے بری ہونے پر بے اطمینانی ظاہر کر رہا ہے اس کے خلاف مقدمات درج کروا رہے ہیں۔
Published: 18 Aug 2019, 7:10 PM IST
الور ضلع کی عدالت نے اپنے فیصلے میں جن بنیادوں پر ملزمین کو رہا کیا ہے، اس میں صاف طور سے یہ بات کہی گئی ہے کہ پولس کی جانب سے نہ تو پروفیشنل طریقے سے اس کیس کی تفتیش ہوئی اور نہ ہی تفتیش کے بعد جمع کیے گئے ثبوتوں کو تکنیکی معیار کے ساتھ عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔ اس عارفانہ تجاہل کا مقصد اس کے علاوہ اور کیا ہوسکتا تھا کہ ملزمین کے خلاف مقدمات کمزور ہوجائیں اور وہ رہا ہوجائیں، سو ہوا بھی وہی۔ اس سے بات بھی واضح ہوگئی ہے کہ دسمبر 2017 سے دسمبر 2018 تک اس معاملے کی جو تفتیش ہوئی تھی وہ بی جے پی کی وسندھرا راجے سرکار کی پولس نے کی تھی، جن کے دور میں سمبھولال ریگر جیسے قاتلوں کی حمایت میں نہ صرف ریلیاں نکلیں بلکہ اس کی رہائی کے لئے عدالت تک کو ہائی جیک کرلیا گیا تھا۔ اس لئے پہلو خان کی تفتیش کو کسی طور ہندوتواوادی سیاست سے پاک قرار نہیں دیا جاسکتا تھا۔ شاید یہی وجہ ہے کہ اس فیصلہ کے آنے سے قبل ہی اشوک گہلوت سرکار نے نہ صرف موب لنچنگ کے خلاف قانون بنایا بلکہ اسی وقت اس بات کا بھی اعلان کردیا تھا کہ اگر ضرورت پڑی تو پہلوخان کیس کی دوبارہ جانچ کی جائے گی اور جس کا بالآخر باضابطہ اعلان بھی کردیا گیا۔
Published: 18 Aug 2019, 7:10 PM IST
اس معاملے میں اگر بات الور ضلع عدالت کے فیصلے کی کی جائے تو اس میں کوئی شک نہیں ہے یہ فیصلہ انہیں ثبوت وشواہد کی بنیاد پر ہوا ہے جو پولس نے عدالت کے روبرو پیش کیا تھا، البتہ اتنا ضرور ہے کہ اس میں عدالت کو اپنے صوابدید و نظریات کو استعمال کرنے کی آزادی ثبوت وشواہد کی پابندی سے زیادہ ملی، جس کی وجہ سے تمام ملزمین بری ہوگئے۔ ظاہر ہے کہ یہ ثبوت و شواہد ناکافی ہی رہے ہوں گے وگرنہ عدالت ان کو ملحوظ رکھنے پر یقیناً مجبور ہوتی۔ یہاں عدالتوں کے بارے میں یہ قاعدہ و کلیہ بھی پیشِ نظر رکھنا چاہیے کہ اس کے فیصلے ثبوتوں اور شواہد کی بنیاد پر ہوتے ہیں۔ یہ ثبوت و شواہد اس واقعے کی حقانیت کو عدالت کے سامنے پیش کرتے ہیں جو اس کے زیرغور ہوتے ہیں۔ ایسی صورت میں عدالت کے سامنے جو مقدمات پیش ہوں ان کے لئے لازمی ہے کہ ان کی تفتیش غیرجانبدار اور شفاف ہوئی ہو وگرنہ جو فیصلہ ہوگا وہ لازمی طور پر تفتیش کا ہی پرتو ہوگا۔
Published: 18 Aug 2019, 7:10 PM IST
اس لئے یہ کہنا کہ الور ضلع عدالت نے قصداً جانبداری سے کام لیا ہے، قطعاً مناسب نہیں ہوگا۔ کیونکہ عدالت کے سامنے جو ثبوت پیش کیے گئے وہ اسی لائق تھے کہ وہ اسے قبول کرنے یا نہ کرنے میں وہ اپنا اختیار استعمال کرسکتی تھی اور یہی ہوا بھی۔ یہ الگ بات ہے کہ عدالت نے اپنے فیصلے میں پولس کی جانب سے پیش کیے جانے والے ثبوتوں کی وضاحت کردی جس میں بنیادی تکنیکی نکات کو بھی نظر انداز کر دیا گیا تھا۔ اس اس لئے اس فیصلے پر غور کرتے ہوئے ہمیں عدالتی صوابدید کو پیشِ نظر رکھنی چاہیے اور یہ بات بھی کہ ملزمین کو بری کرنے والی جج بھی اس بات سے واقف تھی کہ یہ فیصلہ بالائی عدالت تک جائے گا نیز یہ بھی کہ یہ مقدمہ سپریم کورٹ کے حکم پر الور ضلع عدالت منتقل ہوا تھا۔ اسی کے ساتھ اس بات سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا کہ ہمارے ملک کی بیشتر عدالتوں پر بھی جانبداری اور مخصوص سیاسی نظریات سے وابستگی کا دیمک لگ چکا ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ مذہبی وسیاسی نظریات سے آلودہ مقدمات کے فیصلوں پر زیادہ تر عدم اطمینان کا اظہار کیا جاتا ہے۔
Published: 18 Aug 2019, 7:10 PM IST
اب جبکہ راجستھان حکومت نے اس معاملے کی ازسرِ نو تفتیش کا حکم دے دیا ہے تو امکان ہے کہ اس سے وہ تمام سفید پوش بھی بے نقاب ہوں گے جن کی ایماء پر وسندھرا مہارانی کی پولس نے قصداً تفتیش کی بنیادی باتوں کو نظر انداز کیا اور ملزمین و ان کے دیگر دیش بھکت ساتھیوں کو اس بات کا موقع فراہم کیا کہ وہ ثبوتوں کو مٹاسکیں۔ اس کے علاوہ این ڈی ٹی وی کا وہ اسٹنگ آپریشن جس میں ملزمین نے اپنے جرائم کا برملا اظہارکرتے ہیں، ایف ایس ایل رپورٹ کے بعد وہ یقیناً ہائی کورٹ کے روبرو پیش ہوگا، جس سے اس بات کا قوی امکان ہے کہ عدالت اسے ملزمین کے اعترافِ جرم کے ایک سپورٹنگ ڈاکیومنٹ کے زمرے میں رکھے۔ مگر یہ سب اس بات پر منحصر ہے کہ جو ایس آئی ٹی قائم ہوئی ہے وہ کتنی غیرجانبداری سے تفتیش کرتی ہے اور کس طرح ثبوتوں کو یکجا کرتی ہے۔ لیکن ان سب کے باوجود کیا اس حقیقت سے انکار کیا جاسکتا ہے کہ انصاف میں تاخیر خود ایک بہت بڑی ناانصافی ہے، جس کا مظاہرہ پہلوخان ودیگر موب لنچنگ کے شکار مظلومین کے مقدمات میں بہ آسانی دیکھی جاسکتی ہے؟
Published: 18 Aug 2019, 7:10 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 18 Aug 2019, 7:10 PM IST
تصویر: پریس ریلیز