آج کل پارلیمنٹ میں دیا گیا وزیر داخلہ امت شاہ کا ایک بیان خوب چرچا میں ہے۔ کوئی کہہ رہا ہے کہ امت شاہ پیچھے ہٹ رہے ہیں تو کوئی ان کے بیان کا خیرمقدم کر رہا ہے۔ زیادہ تر لوگ ان کی تعریف کر رہے ہیں۔ لیکن راقم الحروف کو اس میں تعریف کا کوئی پہلو نظر نہیں آتا۔ امت شاہ نے دہلی فسادات پر تقریر کرتے ہوئے این پی آر کا ذکر کیا اور کہا کہ کسی کو ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ این پی آر میں کوئی کاغذ نہیں مانگا جائے گا۔
Published: undefined
امت شاہ نے جو یہ کہا کہ این پی آر میں کوئی کاغذ دکھانے کی ضرورت نہیں ہے تو یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔ شروع سے ہی کہا جا رہا تھا کہ این پی آر میں کوئی کاغذ نہیں مانگا جائے گا۔ صرف معلومات حاصل کی جائیں گی، وہ بھی لازمی نہیں ہوں گی۔ کوئی چاہے تو بتائے اور چاہے تو نہ بتائے۔ اس لیے ان کی اس بات کا کوئی مطلب نہیں ہے کہ ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور یہ کہ کوئی کاغذ نہیں مانگا جائے گا۔
Published: undefined
ہاں انھوں نے یہ جو بات کہی کہ این پی آر میں کسی کے نام کے آگے D نہیں لکھا جائے گا یعنی کسی کو D Voter یا مشکوک ووٹر نہیں مانا جائے گا، یہ ضرور نئی بات ہے۔ اور اسی کی وجہ سے لوگ کہہ رہے ہیں کہ امت شاہ نے ایک قدم پیچھے ہٹا لیا ہے۔ اخبارات اور یو ٹیوب چینلز یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ملک میں سی اے اے کے خلاف جو احتجاج چل رہا ہے اس سے گھبرا کر امت شاہ نے یہ بیان دیا ہے جو کہ ان کے پیچھے ہٹنے کی جانب اشارہ کرتا ہے۔
Published: undefined
حالانکہ اتنا کہنا بھی کافی نہیں ہے۔ صرف D ووٹر نہ لکھے جانے سے اور یہ کہہ دینے سے کہ کاغذ نہیں مانگا جائے گا، لوگوں کے اندیشے ختم نہیں ہوں گے۔ اندیشے اس وقت ختم ہوں گے جب وہ تمام اضافی شقیں ہٹا لی جائیں گی جو نئے این پی آر میں شامل کر دی گئی ہیں۔ این پی آر پرانے فارمولے اور ضابطے کے مطابق کرائے جانے کا اعلان کیا جانا چاہیے۔ اس سے والدین کی تاریخ و جائے پیدائش کا کالم تو ہر حال میں ختم ہونا چاہیے۔ اکثریتی طبقے کے پاس اپنی سند پیدائش نہیں ہے تو وہ والدین کی کہاں سے لائے گا۔
Published: undefined
ابھی جب دہلی اسمبلی میں ایک تجویز پیش کرکے دہلی میں این پی آر نافذ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے معزز ارکان سے ہاتھ اٹھوا کر پوچھا کہ کس کس کے پاس حکومت کی جاری کردہ سند پیدائش یا جنم پتری ہے تو 70 میں سے 9 ارکان نے ہی ہاتھ اٹھائے۔ یعنی 61 ممبران کے پاس جنم پتری نہیں ہے۔ پوری دہلی کابینہ میں کسی کے پاس نہیں ہے۔
Published: undefined
ایک آر ٹی آئی میں یہ واضح ہوا ہے کہ ہریانہ کے وزیر اعلیٰ کے پاس اپنی شہریت ثابت کرنے کا کوئی کاغذ نہیں ہے۔ بہت سے لوگ خود وزیر اعظم مودی سے پوچھ رہے ہیں کہ کیا ان کے پاس اپنی جنم پتری اور والدین کی جنم پتری ہے۔ لیکن ان کی طرف سے کوئی جواب نہیں آر ہا ہے۔ لہٰذا جو نئے کالم بنائے گئے ہیں موجودہ این پی آر سے ان کا خاتمہ ضروری ہے۔
Published: undefined
وزیر اعظم نریندر مودی نے رام لیلا میدان میں اپنی تقریر میں کہا تھا کہ این آر سی پر کوئی چرچا ہی نہیں ہوئی ہے۔ لیکن اس سے قبل امت شاہ بار بار اعلان کر چکے تھے کہ سی اے اے کے بعد این آر سی آئے گا۔ اس کے علاوہ جب 2019 کے انتخابات کے بعد نئی حکومت بنی تو صدر نے اپنے خطبے میں کہا تھا کہ پورے ملک میں این آر سی کرایا جائے گا۔
Published: undefined
حکومت نے کم از کم 9 مرتبہ کہا ہے کہ این پی آر این آر سی کا پہلا قدم ہے۔ وزارت داخلہ نے بھی اسے مانا ہے۔ اس لیے امت شاہ نے جو بیان دیا وہ کافی نہیں ہے۔ ان کو اعلان کرنا چاہیے تھا کہ این پی آر اور این آر سی دونوں نہیں ہوں گے۔ اور اگر این پی آر ہوگا تو پرانے فارمیٹ پر ہوگا۔ ملک میں جتنے بھی تعلیم یافتہ اور سنجیدہ لوگ ہیں وہ سب کہہ رہے ہیں ملک گیر این آر سی کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ کیونکہ آئین میں یہ بات لکھی ہے کہ جو ہندوستان میں پیدا ہوا وہ یہاں کا شہری ہے۔ لہٰذا این آر سی کروا کر یہ پتا لگانا کہ کون یہاں کا شہری ہے کون نہیں ہے، عقلمندی نہیں ہے۔
Published: undefined
لیکن حکومت این آر سی کرانے پر اڑی ہوئی ہے۔ اگر چہ وہ اب کھل کر نہیں کہہ رہی ہے۔ لیکن وہ یہ بھی نہیں کہہ رہی ہے کہ این آر سی نہیں ہوگا۔ اب وہ صرف یہ کہہ رہی ہے کہ ابھی این آر سی پر کوئی بات نہیں ہوئی ہے اور ابھی اس کا مسودہ ہی نہیں آیا ہے تو اس پر ہنگامہ کیوں کیا جا رہا ہے۔ لیکن ابھی نہیں کا مطلب کبھی نہیں، نہیں ہوتا۔ این آر سی ہوگا اور اس کا مسودہ آئے گا۔ جب مسودہ آجائے گا تب کوئی کیا کر لے گا۔ تب تو ملک گیر این آر سی شروع ہی ہو جائے گا۔
Published: undefined
اس لیے وزیر داخلہ امت شاہ کے اس بیان پر بہت زیادہ خوش ہونے کی ضرورت نہیں ہے کہ این پی آر میں کوئی کاغذ نہیں مانگا جائے گا اور کسی کے نام کے آگے D نہیں لکھا جائے گا۔ ہاں یہ بات کہہ سکتے ہیں کہ سی اے اے، این پی آر اور این آر سی کے خلاف پورے ملک میں جو احتجاج چل رہا ہے اس کی وجہ سے حکومت خاموش ہے۔ لیکن چونکہ یہ حکومت یہ دکھانا نہیں چاہتی کہ وہ ڈر گئی ہے یا اس نے اپنے قدم پیچھے ہٹا لیے ہیں یا اس نے اپنا فیصلہ واپس لے لیا ہے اس لیے وہ کھل کو بولنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ لیکن بہر حال یہ ایک حقیقت ہے کہ ملک گیر مظاہروں نے تو اپنا اثر ضرور دکھایا ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز