الیکشن کمیشن کا ایک بہت دلچسپ وضاحتی بیان نظر سے گزرا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ 2019 کے پارلیمانی انتخابات میں جتنے ووٹ پڑے ہیں سب انسانوں نے ڈالے ہیں بھوتوں نے نہیں۔ بات معقول ہے۔ کیونکہ بھوتوں کی نہ تو کوئی پارلیمنٹ یا اسمبلی ہوتی ہے، نہ ہی ان کے یہاں ووٹ ڈالے جاتے ہیں۔ نہ کوئی امیدوار کھڑا ہوتا ہے اور نہ ہی ان کے یہاں پولنگ میں بے ایمانی کی کوئی خبر آتی ہے۔
Published: 02 Jun 2019, 7:10 PM IST
پولنگ میں بے ایمانی تو انسان کرتے ہیں۔ خواہ بیلٹ پیپر سے ووٹ ڈالے جائیں خواہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے۔ بیلٹ پیپر میں پھر بھی بد عنوانی کی اتنی گنجائش نہیں ہوتی جتنی کہ ووٹنگ مشینوں میں ہوتی ہے۔ ممکن ہے کہ بھوتوں کی دنیا بھی ترقی کر جائے اور وہاں بھی الیکشن ہونے لگیں۔ ذرا سوچیے کہ اگر وہاں بھی الیکشن ہونے لگیں اور انسانی الیکشن کمیشن کے چیف سنیل اروڑہ کے بھوت یا ان کی روح کو بھوت نگری کے الیکشن کمیشن کا چیف بنا دیا جائے تو کیا ہوگا۔ وہی ہوگا جو اس وقت ہندوستان میں ہو رہا ہے۔
Published: 02 Jun 2019, 7:10 PM IST
اس کو بھی ایک وضاحتی بیان جاری کرنا پڑے گا اور یہ کہنا پڑے گا کہ جتنے ووٹ پڑے ہیں سب بھوتوں نے ڈالے ہیں انسانوں نے نہیں۔ تم لوگ خواہ مخواہ ہم پر شک کرتے ہو۔ ہم تو اپنا کام کر رہے ہیں۔ اور ہمارا کام اپنے آقا کا حکم بجا لانا ہے۔ گویا بھوت نگری میں کوئی جن الہ دین کے چراغ سے نکل آئے اور کہے کہ بولو میرے آقا کیا حکم ہے۔ آقا کہہ دے کہ تمھیں الیکشن میں مجھے جتانا ہے تو کیا وہ جن اس حکم کی خلاف ورزی کر سکے گا۔
Published: 02 Jun 2019, 7:10 PM IST
لیکن الیکشن کمیشن نے کرناٹک کے لوکل باڈیز یعنی بلدیاتی اداروں کے الیکشن کے بارے میں ایسا کوئی وضاحتی بیان جاری نہیں کیا۔ حالانکہ وہاں بھی ایسے بیان کی پوری پوری گنجائش موجود ہے۔ جس طرح پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی کی شاندار کامیابی ہوئی ہے اسی طرح ان بلدیاتی اداروں میں کانگریس کو شاندار کامیابی ملی ہے۔ اور دلچسپ بات یہ ہے جو کہ حیرت انگیز بھی ہے کہ بلدیاتی اداروں کا یہ الیکشن پارلیمانی الیکشن کے ایک ہفتے کے اندر ہوا ہے۔
Published: 02 Jun 2019, 7:10 PM IST
جو نتائج سامنے آئے ہیں ان کے مطابق 1300سیٹوں میں سے کانگریس کو 509 پر، جنتا دل ایس کو 174 پر، بی جے پی کو 336 پر اور دیگر کو 160 پر کامیابی ملی ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا کرناٹک کے عوام نے اتنی جلد اپنا من بدل دیا اور انھوں نے لوک سبھا میں تو بی جے پی کو غیر معمولی کامیابی عطا فرما دی اور اب لوکل باڈیز کے الیکشن میں کانگریس کو خوش کر دیا۔ یہ نتیجہ بہت سے سوالات کھڑے کرتا ہے۔ لیکن امید ہے کہ الیکشن کمیشن ان سوالوں کو بھی اسی طرح پی جائے گا جس طرح وہ پارلیمانی الیکشن کے دوران نریندر مودی اور امت شاہ کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی شکایتوں کو پی جایا کرتا تھا۔
Published: 02 Jun 2019, 7:10 PM IST
کمیشن کو مذکورہ بیان اس لیے جاری کرنا پڑا کہ پورے ملک میں پارلیمانی نتائج پر اظہار تشویش کیا جا رہا ہے۔ اظہار تشویش کی ایک معقول وجہ ہے۔ یہ تشویش محض الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے خلاف شکایت کی بنیاد پر نہیں کی جا رہی ہے بلکہ اس لیے کی جا رہی ہے کہ بے شمار حلقوں میں مشینوں میں پڑے ووٹوں اور گنے جانے والے ووٹوں میں کافی فرق پایا گیا ہے۔ یعنی پڑے کچھ اور ہیں اور گنے کچھ اور گئے ہیں۔
Published: 02 Jun 2019, 7:10 PM IST
ایک میڈیا ادارے The Quint نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ فرق 373 لوک سبھا حلقوں میں دیکھا گیا ہے۔ اس کی رپورٹ کے مطابق یہ فرق تمل ناڈو کے کانچی پورم سیٹ پر 18331 ووٹوں سے لے کر تری پورہ ویسٹ کی سیٹ پر 19776 ووٹوں تک پایا گیا ہے۔ اس پر کمیشن کا کہنا ہے کہ اس کی ویب سائٹ پر جو اعداد و شمار دیئے گئے ہیں وہ پوویژنل ہیں یعنی عارضی ہیں اور ان میں تبدیلی آسکتی ہے۔ وہ حتمی اعداد و شمار نہیں ہیں۔
Published: 02 Jun 2019, 7:10 PM IST
اگر یہ بات درست ہے تو پھر اس کی ویب سائٹ پر کیسے اعتبار کیا جا سکتا ہے۔ اس کا مطلب تو یہ بھی ہوا کہ الیکشن کمیشن کے مطابق جو امیدوار جیتا ہوا ہے وہ ہار بھی سکتا ہے اور جو ہارا ہوا ہے وہ جیت بھی سکتا ہے۔ اگر الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر غلط اعداد و شمار پوسٹ کیے جا سکتے ہیں تو پھر صحیح اعداد و شمار اور کہاں مل سکتے ہیں۔ کمیشن کا یہ بھی کہنا ہے کہ 2014 کے الیکشن میں حقیقی اعداد و شمار حاصل کرنے میں دو تین ماہ لگ گئے تھے۔
Published: 02 Jun 2019, 7:10 PM IST
لیکن یہ بات سمجھ میں نہیں آئی کہ پول ہوئے ووٹوں اور گنے جانے والے ووٹوں میں اتنا فرق کیسے ہو سکتا ہے۔ یا تو پول ہوئے ووٹوں کی تعداد غلط ہو سکتی ہے یا پھر گنے ہوئے ووٹوں کی۔ لیکن ووٹوں کی گنتی تو اسی مشین سے ہوتی ہے جس پر ووٹ ڈالے جاتے ہیں۔ تو پھر یہ کیسے ممکن ہے کہ دونوں میں فرق آجائے۔ اس کا مطلب تو یہی ہوا کہ کچھ نہ کچھ گڑ بڑ ہے۔
Published: 02 Jun 2019, 7:10 PM IST
ہم بھی الیکشن کمیشن کی یہ بات مان لیتے ہیں کہ سارے ووٹ انسانوں نے دیئے ہیں بھوتوں نے نہیں۔ ظاہر ہے کہ یہ کمال انسانی ہاتھوں ہی کا ہے کہ وہ حکومت جس کے خلاف پورے ملک میں زبردست ناراضگی تھی اور اس ناراضگی کا اظہار بھی بڑے پیمانے پر کیا جا رہا تھا وہی اس قدر بھاری اکثریت سے کیسے جیت سکتی ہے۔ ظاہر ہے کہ انسانی ہاتھوں ہی کا کمال ہے۔
Published: 02 Jun 2019, 7:10 PM IST
آج سوشل میڈیا پر لوگ اپنے اپنے علاقوں کی تفصیلات پوسٹ کر رہے ہیں جس سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ بہر حال گڑبڑ تو ہوئی ہے۔ اس گڑبڑ کے خلاف بلکہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے الیکشن کرائے جانے کے خلاف پورے ملک میں احتجاج ہو رہا ہے۔ جس روز نریندر مودی اپنی کابینہ کے ساتھ حلف لے رہے تھے اسی روز دہلی اور ممبئی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور ووٹنگ مشینوں کے بجائے بیلٹ پیپر سے پولنگ کرانے کا مطالبہ کیا گیا۔
Published: 02 Jun 2019, 7:10 PM IST
اس احتجاجی تحریک میں کئی نامی گرامی شخصیات شامل ہیں جن میں ممبئی ہائی کورٹ کے سابق جج کولسے پاٹل بھی ہیں۔ ان کا تو یہاں تک کہنا ہے کہ اگر قانون کے مطابق لڑائی لڑی جائے یعنی اس الیکشن کو عدالت عظمیٰ میں چیلنج کیا جائے تو یہ کالعدم ہو سکتا ہے۔
Published: 02 Jun 2019, 7:10 PM IST
بہر حال ابھی اپوزیشن جماعتیں اس تحریک میں شامل نہیں ہوئی ہیں لیکن ان کی جانب سے بھی رفتہ رفتہ بیانات آنے لگے ہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اپوزیشن پارٹیاں بھی اس تحریک میں شامل ہوں گی اور اس مبینہ گھپلے کا پردہ فاش ہوگا۔ اگر تحریک جاری رہی تو وہ بھوت ایک دن ضرور پکڑا جائے گا جس نے تمام مشینوں میں گھس کر نتائج تبدیل کر دیئے۔
Published: 02 Jun 2019, 7:10 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 02 Jun 2019, 7:10 PM IST