سیاسی

دہلی کے فساد سے این پی آر کی قرارداد تک... اعظم شہاب

کامیاب سیاستداں اور سرکاری افسر میں فرق یہ ہوتا ہے کہ سیاسی رہنما مشکل حالات میں میدان عمل میں نظر آتا ہے اور سرکاری افسر دفتر میں بیٹھ کر چٹھی لکھتا ہے۔ کیجریوال ہنوز سرکاری افسر کے خول میں بند ہیں۔

اروند کیجریوال
اروند کیجریوال 

دہلی میں ایک طرف تو کرونا وائرس کے خوف سے راشٹرپتی بھون (صدارتی محل) کو احتیاط کے طور پر تا حکم ثانی بند کر دیا گیا ہے، وہیں دوسری جانب ریاستی حکومت نے اس کو وبا قرار دے کر 3 ہفتوں کے لیے سینما، اسکول اور کالج بند کرنے کا اعلان کیا۔ جس روز یہ اہم کام کیے گئے اسی دن دہلی کی ریاستی حکومت نے کرونا وائرس سے بھی زیادہ خطرناک این پی آر اور این سی آر کو نافذ کرنے کا تاریخی فیصلہ بھی کر دیا۔ این پی آر کے خلاف قرارداد کو پیش کرتے ہوئے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے کہا کہ ’’اس طرح کی دھاندلی تو برطانوی راج میں بھی نہیں ہوئی۔ یہ قانون ہر فرد کی شہریت کو مشکوک کرتا ہے اس لیے این پی آر کا نفاذ دہلی میں نہیں ہونا چاہیے اور اگر عمل درآمد ہو بھی تو 2010 کے طریقہ پر ہونا چاہیے۔‘‘

Published: 15 Mar 2020, 8:11 PM IST

اس قرار داد کی تائید میں وزیراعلی اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ ان کے اہل خانہ سمیت 70 اراکین اسمبلی میں سے 61 کے پاس پیدائشی سرٹیفکیٹ نہیں ہے تو کیا ان سبھی کو ڈٹینشن سینٹر بھیج دیا جائے گا۔ مرکزی حکومت کو این پی آر اور این آر سی کو واپس لے لینا چاہیے۔ اسمبلی میں اس کے خلاف قرارداد منظور ہوگئی ہے اس لیے دہلی کے اندر اسے نہیں نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ صدر رام ناتھ کووند اور امت شاہ واضح کرچکے ہیں کہ این آر سی ہو کر رہے گا۔ اس لیے کسی کو اس غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے کہ این آر سی نہیں ہوگا۔ پہلے این پی آر ہوگا تو اس کے بعد این آر سی بھی کروایا جائے گا۔

Published: 15 Mar 2020, 8:11 PM IST

دہلی کےصوبائی انتخاب میں بی جے پی کی ناکامی اور عآپ کی کامیابی ایک روشن باب تھا لیکن اس کے فوراً بعد فرقہ وارانہ فسادات کی شکل میں دوسرے تاریک دور کا آغاز ہوگیا۔ دہلی کے اندر 1984 کے بعد کا سب سے بھیانک فساد پھوٹ پڑا۔ اس بار آزمائش کی تلوار امت شاہ نہیں بلکہ اروند کیجریوال نامی چتُور بنیا پر لٹک رہی تھی۔ اروند کیجریوال میں اگر رتیّ برابر حکمت اور جرأت ہوتی تو وہ اس آزمائش کی تلوار کو اپنے گلے کا ہار بناسکتے تھے۔ یہ بات درست ہے کہ دہلی کی پولس پر ان کا اختیار نہیں ہے لیکن دہلی کا وزیر اعلیٰ اس قدر بے اختیار بھی نہیں ہے کہ صرف فوج کو بلا نے اور متاثرہ علاقوں میں کرفیو لگانے کے مطالبے پر اکتفاء کرلے۔ حکومت کرنا صرف خطوط لکھ کر گزارش کرنے کا نام نہیں ہے۔

Published: 15 Mar 2020, 8:11 PM IST

دورانِ فساد وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ٹوئٹ کیا کہ میں پوری رات بہت سے لوگوں کے ساتھ رابطے میں رہا۔ وہ کون لوگ تھے جن کے ساتھ کیجریوال نے رابطہ بنا رکھا تھا یہ تو وہی بتاسکتے ہیں لیکن اس بات کا علم ساری دنیا کو ہے کہ نصف شب میں ان کے گھر پر پہنچنے والے مسلم طلباء اور نوجوانوں کے ملاقات کرنے سے انہوں پہلے تو انکار کیا اور پھر دہلی کی سرد رات میں پانی کی بوچھار سے انہیں منتشر کروانے کی مذموم حرکت کی۔ اس پر اکتفاء کرنے کے بجائے ان نوجوانوں کو گرفتار کروانے کی ناقابل تلافی غلطی بھی کردی۔ اس حماقت و بزدلی کی سزا انہیں ضرور ملتی اگر وہ ایوان اسمبلی میں این پی آر کے خلاف قرار داد منظور نہ کرواتے۔ اس قرار داد کو منظور کروا کر اروند کیجریوال نے دہلی فسادات کے دوران ان کے ذریعہ سرزد ہونے والی کوتاہی کا کسی حد تک ازالہ کرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ ان کو صوبائی انتخاب میں ان کو کامیاب کرنے کا فیصلہ غلط نہیں تھا۔

Published: 15 Mar 2020, 8:11 PM IST

دہلی کے صوبائی انتخاب میں عآپ کی کامیابی کے امکانات تو تھے لیکن یہ ہدف بہت آسان بھی نہیں تھا کیونکہ 2015 کی غیر معمولی کامیابی کے بعد سے 2019 کے قومی انتخابات تک اس کے رائے دہندگان کی تعداد میں مسلسل کمی واقع ہوتی رہی تھی۔ 2017 کے بلدیاتی انتخاب میں عآپ کے ووٹ کا تناسب نصف سے بھی کم ہوگیا مگر پھر بھی وہ دوسرے نمبر پر تھی۔ 2019 کے انتخاب میں دہلی کے رائے دہندگان نے راہل کے جارحانہ رویہ کو کیجریوال کے نرم لہجے پر ترجیح دی اور عآپ کے رائے دہندگان کی تعداد کانگریس کے مقابلہ 4 فیصد کم ہوگئی۔ ایسے میں کیجریوال بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر بی جے پی کی مانند پٹری سے اتر بھی سکتے تھے لیکن و ہ صبر و ضبط کے ساتھ شرافت کا دامن تھامے رہے اور الیکشن جیتنے میں کامیاب ہوئے لیکن فرقہ وارانہ فسادات کے دوران ان کے بزدالانہ رویہ نے مسلمانوں کو مایوس کردیا۔

Published: 15 Mar 2020, 8:11 PM IST

ایک کامیاب سیاستداں اور سرکاری افسر میں بنیادی فرق یہ ہوتا ہے کہ سیاسی رہنما مشکل حالات کے اندر میدان عمل میں نظر آتا ہے اور سرکاری افسر دفتر میں بیٹھ کر چٹھی لکھتا ہے۔ اروند کیجریوال ہنوز سرکاری افسر کے خول میں بند ہیں۔ انہوں نے حالات پرتشویش کااظہار کرکے پولیس کی ناکامی کا مرثیہ سنا کر فوج طلب کرنے کا کھوکھلا مشورہ ٹھونکنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ ان چیزوں کی حیثیت مگرمچھ کے آنسو سے زیادہ نہیں تھی۔ اس وقت جبکہ دہلی جل رہی تھی اروند کیجریوال اگر اپنے محل سے نکل کر فساد زدہ علاقے میں آکر ڈیرہ ڈال دیتے تو نہ صرف فساد کی آگ بجھ جاتی بلکہ ان کا نام تاریخ میں رقم ہوجاتا لیکن جو اپنے مقدر میں ازخود رسوائی لکھ لے اس کی کوئی مدد نہیں کرسکتا۔ دہلی فسادات میں امت شاہ انتخاب ہار گئے اور کیجریوال الیکشن جیت کر بھی شکست فاش سے دوچار ہوگئے۔ اس لیے اروند کیجریوال کی رسوائی امت شاہ کی ذلت سے بھی زیادہ تھی لیکن انہوں نے این پی آر کی قرار داد منظور کروا کر اپنی کھوئی ہوئی زمین دوبارہ حاصل کرنے کی ایک کامیاب کوشش کی ہے اور مسلمانوں کا اعتماد حاصل کیا ہے۔

Published: 15 Mar 2020, 8:11 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 15 Mar 2020, 8:11 PM IST