جون ایلیا کی وفات کو انیس برس ہو گئے ہیں۔ 8 نومبر 2002 میں ان کا انتقال کراچی میں ہوا۔ جون ایلیا اپنی زندگی میں اتنے مقبول نہیں تھے جتنے آج اس ٹیکنالاجی کے دور میں ہیں۔ جون ایلیا اردو کے واحد ایسے شاعر ہیں جسے گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیا جاتا ہے۔ نوجوان نسل جون ایلیا کے بارے میں جاننا چاہتی ہے۔ ان کی شاعری کو پڑھنا چاہتی ہے۔ سننا چاہتی ہے۔ ان کی ویڈیوز نئی نسل کے لوگوں میں شاعری کے حوالے سے سب سے زیادہ دیکھی جاتی ہیں۔ نوجوانوں میں جون ایلیا کی پسند اور مقبولیت کی سب سے بڑی وجہ ان کی اخترا پسندی ہے۔ جون کے یہاں Innovation ہے۔ جون ایلیا کی پہچان ان کا غیر روایتی طور طریقہ رہی۔ اپنی شاعری کے آئینے میں ایسا جون ایلیا نظر آتا ہے جو خود کو تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے۔ جون ایلیا کے یہاں تنہائی ہے لیکن اس کا شکوہ نہیں ہے۔ موت اور خون تھوکنے کی باتیں ہیں۔ مسرت و نشاط کا گزر ان کے آنگن سے نہیں ہوتا ہے۔ وہ ایسا شاعر ہے جو واردات قلبی کا مارا ہوا ہے۔
Published: undefined
ان کی شاعرانہ عظمت اور ان کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینے سے پہلے ان کی پیدائش، خاندان اور ان کے وطن کے بارے میں جاننا ضروری معلوم ہوتا ہے۔ جون ایلیا کا اصل نام سید سبط اصغر نقوی تھا۔ وہ شہر ادب گاہ امروہا کے محلہ لکڑہ جسے دربار شاہ ولایت بھی کہا جاتا ہے، میں 14 دسمبر 1931 کو پیدا ہوئے۔ والد شفیق حسن ایلیا شہر کی علمی اور مذہبی ہستی کے طور پر شناخت رکھتے تھے۔ شفیق حسن ایلیا، عربی، فارسی۔ سنسکرت، انگریزی اور عبرانی زبان کے عالم تھے۔ جون ایلیا کی ابتدائی تعلیم والد کی نگرانی میں ہوئی۔ انہوں نے ادیب کامل کے امتحانات پاس کئے۔ فارسی میں کامل کیا اور عربی میں فاضل کیا۔ جون ایلیا تین بھائیوں میں سب سے چھوٹے تھے۔ ان کے سب سے بڑے بھائی شاعر، صحافی، دانشور اور مفکر رئیس امروہی تھے۔ دوسرے بھائی سید محمد تقی عالمی شہرت یافتہ فلسفی تھے۔
Published: undefined
شفیق حسن ایلیا کے گھر کا ماحول بہت تعلیمی، مذہبی اور روایت پسند تھا۔ گھرمیں سائنس، فلسفے، فنون لطیفہ، مذہب، تاریخ اور علم فلکیات پر گفتگو ہوتی تھی۔ جون ایلیا کی جوانی کے زمانے میں ہی پاکستان وجود میں آ گیا تھا۔ ابتدا میں وہ قیام پاکستان کے خلاف تھے لیکن بعد میں انہوں نے پاکستان کو قبول کر لیا اور 1957 میں پاکستان کے شہر کراچی منتقل ہو گئے۔ جون ایلیا اسماعیلیہ ایسو سی ایشن آف پاکستان سے بھی وابستہ رہے۔ 1963 سے 1968 تک تصنیف و تالیف کے کام کی نگرانی کی۔ وہ اردو ڈکنشری بورڈ سے بھی طویل عرصہ تک وابستہ رہے۔ اپنی اہلیہ زاہدہ حنا کے ساتھ عالمی ڈائجسٹ کی ادارت کا کام بھی کیا۔ فلسفہ، منطق، صوفی روایت،مغربی ادب، اسلامی تاریخ حتیٰ کہ یہودیت کے باطنی پہلوؤں تک پر جون ایلیا کی گہری نظر تھی۔ جون ایلیا ہمہ جہت شخصیت کے مالک ہیں۔ وہ ایک شاعر، فلسفی، مدیر، سیرت نگار، اسکالر اور مترجم ہیں۔ وہ مغرب کے فلسفے کا بھی علم رکھتے ہیں۔ اپنی کتاب شاید میں جون ایلیا نے کانٹ، دانتے، فرائڈ، ڈیوڈ ہیوم، امام غزالی، عرفی، والٹئر، ٹالسٹائے اور مغرب کے دیگر فلسفیوں کے کام کے حوالے دیئے ہیں۔
Published: undefined
جون ایلیا کی شاعری عشق اور ازدواجی زندگی کی ناکامی کے درد سے مملو نظر آتی ہے۔ جون ایلیا کی زندگی میں ایک وقت آدم بیزاری اور تنہائی پسندی کا دور ایسا بھی آیا کہ جب وہ دس برس تک گھر کے ایک کمرے تک محدود ہو کر رہ گئے تھے۔ ان کا قلم سرد پڑ گیا تھا۔ یہ عرصہ 1976 سے 1986 تک چلا۔ اس کے بعد جون ایلیا نے خود کو بازیافت کیا۔
لازم ہے اپنے آپ کی امداد کچھ کروں
سینے میں وہ خلا ہے کہ ایجاد کچھ کروں
Published: undefined
جون ایلیا خوش رہ کر بھی خوش نہیں تھا اور غمزدہ رہ کر بھی غم زدہ نہیں تھا۔ وہ ایک ایسا قلمکار ہے جو اپنے بارے میں کنفیوز تھا۔ ایسا لگتا ہے کہ جیسے جون خود کو سمجھنے سے قاصر ہے۔
ذات ہے اعتبار ذات نہیں
اب تو میں خود بھی اپنے ساتھ نہیں
۔۔۔۔۔۔
میں رہا عمر بھر جدا خود سے
یاد میں خود کو عمر بھر آیا
۔۔۔۔۔۔
بے قراری سی بے قراری ہے
وصل ہے اور فراق طاری ہے
Published: undefined
جون ایلیا کے کلام میں ایسا عاشق نظر آتا ہے جسے اس کے عشق کا صلہ نہ ملا۔ وہ تنہائی کا مارا ہوا ہے۔ غم فراق سے نڈھال ہے۔ وہ درد دروں کا شاعر ہے۔
میں خود یہ چاہتا ہوں کہ حالات ہوں خراب
میرے خلاف زہر اگلتا پھرے کوئی
۔۔۔۔۔
تاریخ روزگار فنا لکھ رہا ہوں میں
دیباچۂ وجود پہ لا لکھ رہا ہوں میں
۔۔۔۔۔۔
عجیب ہے مری فطرت کہ آج ہی مثلاً
مجھے سکون ملا ہے ترے نہ آنے سے
۔۔۔۔۔
ایزا دہی کی داد جو پاتا رہا ہوں میں
ہر ناز آفریں کو ستاتا رہا ہوں میں
Published: undefined
زندگی کے فلسفے کا جون ایلیا کو گہرا ادراک تھا۔ ان کی شاعری میں عرفانی پہلو بھی اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ نظر آتے ہیں۔
اتنا خالی تھا اندروں میرا
کچھ دنوں تو خدا رہا مجھ میں
۔۔۔۔۔
حسن کے جانے کتنے چہرے حسن کے جانے کتنے نام
عشق کا پیشہ حسن پرستی عشق بڑا ہرجائی ہے
۔۔۔۔۔
حاصل کن ہے یہ جہاں خراب
یہ ہی ممکن تھا اتنی عجلت میں
Published: undefined
جون ایلیا کی شخصیت میں عجب قسم کا تضاد نظر آتا ہے۔ وہ خود پسند بہت ہے۔ خود سے عشق کرتا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ خود کو تباہ بھی کرنے پر تلا ہوا ہے۔
میں بھی بہت عجیب ہوں اتنا عجیب ہوں کہ بس
خود کو تباہ کر لیا اور ملال بھی نہیں.
۔۔۔۔
ایک ہی تو ہوس رہی ہے ہمیں
اپنی حالت تباہ کی جائے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جو گزاری نہ جا سکی ہم سے
ہم نے وہ زندگی گزاری ہے
Published: undefined
جون ایلیا پر کمیونزم کی گہری چھاپ تھی۔ ان کے بہت سے اشعار اس کی غمازی کرتے ہیں۔ وہ خود کو انارکسٹ کہتے تھے۔ جون ایلیا کے خیال میں شعرا، فلاسفی، ادیبوں اور مفکرین کا ایک مشترکہ خواب ہے اور وہ ہے مساوات۔ یقینن ہمیں ایک ایسے معاشرے کی تشکیل کے لئے کوشاں رہنا چاہئے جہاں مساوات ہو۔ جون ایلیا کے خیال میں مذہبی افراد اور کمیونسٹوں کے درمیان دشمنی فطری نہیں ہے بلکہ مارکسی نظریات کو بدنام کرنے کے لئے سرمایہ دارانہ نظام کے حامیوں کی پیدا کردہ ہے۔
۔۔۔۔
کل ایک قصر عیش میں بزم سخن تھی جون
جو کچھ بھی تھا وہاں وہ غریبوں کا مال تھا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کیا مل گیا ضمیر ہنر بیچ کر مجھے
اتنا کہ صرف کام چلاتا رہا ہوں میں
۔۔۔۔۔۔
جو رعنائی نگاہوں کے لئے فردوش جلوہ ہے
لباس مفلسی میں کتنی بے قیمت نظر آتی
۔۔۔۔۔
یہاں تو جاذبیت بھی ہے دولت ہی کی پروردہ
یہ لڑکی فاقہ کش ہوتی تو بد صورت نظر آتی
۔۔۔۔
تاریخ نے قوموں کو دیا ہے یہی پیغام
حق مانگنا توہین ہے حق چھین لیا جائے
۔۔۔۔۔۔۔۔
یہ تو بڑھتی ہی چلی جاتی ہے میعاد ستم
جز حریفان ستم کس کو پکارا جائے
۔۔۔۔۔
وقت نے ایک ہی موقع پہ کیا ہے تعلیم
حاکم وقت کو مسند سے اتارا جائے
۔۔۔
خوش بدن پیرہن ہو سرخ ترا
دلبرا بانکپن ہو سرخ ترا
Published: undefined
ان کے قلم کو نظم کے ساتھ ساتھ نثر لکھنے پر بھی ملکہ حاصل تھا۔ جون ایلیا نے قبل اسلام عربوں کی تاریخ، عالمی مذاہب، اسلامی تاریخ، اور مسلم فلسفے پر بہت کچھ لکھا۔ انہوں نے عربی اور فارسی کی متعدد کتابوں کا اردو میں ترجمہ کیا۔ نثری قلمی کاوش میں صرف 'فرنود' ہی شائع ہو سکی ہے۔ 'فرنود' ان مضامین کا مجموعہ ہے جو انہوں نے سسپنس ڈائجسٹ اور عالمی ڈائجسٹ کے لئے تحریر کئے تھے۔ انہوں نے جن موضوعات پر قلم اٹھایا ان میں دینیات کی ایک شاخ متزلہ سے لیکرتہذیب و تمدن، اکیسویں صدی اور فلسفہ زمان و مکان شامل ہیں۔ نثر کے حوالے سے انہوں نے جو کتب تصنیف کیں ان میں ’’مسیح بغداد، حلاج، جو میٹریا، تواسین، اسافوجی، مسائل تجرید اور رسائل اخوان الصفا شامل ہیں۔
Published: undefined
جون ایلیا جیسا شاعر پیدا ہونا نامکن نہیں تو مشکل ضرور ہے۔ بقول ان کے
یہ ہے اک جبر اتفاق نہیں
جون ہونا کوئی مذاق نہیں
۔۔۔۔
میں جو ہوں جون ایلیا ہوں جناب
اس کا بے حد لحاظ کیجئے گا
Published: undefined
جون ایلیا نہ صرف اپنے نام اور کلام کے حوالے سے یکتائے زمانہ رہے بلکہ اپنی جسمانی ساخت، وضع قطع اور پڑھنے کے انداز کے معاملے میں بھی یکتا تھے۔ ہر شاعر اپنا کلام پڑھتا ہے۔ الفاظ کے اتار چڑھاؤ کا خیال رکھتا ہے لیکن جون ایلیا جس طریقے سے اپنے کلام کی گہرائی اور گیرائی کو محسوس کرکے شعر پڑھتے تھے تو بسا اوقات ان کی آواز گلو گیر ہو جاتی تھی۔ فرط جذبات سے سر کو جھٹک دیتے تھے۔ سر پر ہاتھ مارتے تھے۔ بال بکھیر لیتے تھے یہ سب وہ اسٹیج پر ڈرامائی صورتحال پیدا کرنے کے لئے نہیں کرتے تھے بلکہ ان کا وہ عمل بے اختیارانہ ہوتا تھا۔ وہ اس کیفیت میں ڈوب جاتے تھے جو وہ اپنے اس شعر کے حوالے سے محسوس کرتے تھے۔ جون ایلیا زبان کا بہت خیال رکھتے تھے۔ ان کا لہجہ کلاسیکیت والا ہے۔ بیشتر کلام سہل ممتنع ہے۔ ان کے یہاں سادگی بھی ہے اور پرکاری بھی۔ محاوروں کا برمحل استمال بھی۔ بیان میں تلخی بھی ہے اور شوخی بھی۔ یہی وہ محاسن ہیں جو جون ایلیا کو جون ایلیا بناتے ہیں۔ جون نے اپنے کلام کی جو کائنات چھوڑی ہے وہ ہے۔ شاید، یعنی، گمان، لیکن، گویا اور فرمود۔ منفرد حلیہ بشرے اور منفرد لب و لہجہ کا یہ شاعر اکہتر برس کی عمر میں 8 نومبر 2002 کو جہان فانی سے کوچ کرگیا۔ اور اپنے پیچھے ایسا خلا چھوڑ گیا جس کا پر ہونا ناممکن ہے۔
Published: undefined
آخری بار آہ کرلی ہے
میں نے خود سے نباہ کرلی ہے
۔۔۔۔
اپنے سر اک بلا تو لینی تھی
میں نے وہ زلف اپنے سر لی ہے
۔۔۔۔۔
دل برباد کو آباد کیا ہے میں
آج مدت میں تمہیں یاد کیا ہے میں نے
۔۔۔۔۔
اک ہنر ہے جو کرگیا ہوں میں
سب کے دل سے اتر گیا ہوں میں
۔۔۔۔۔
کیا بتاؤں کہ مر نہیں پاتا
جیتے جی جب سے مرگیا ہوں میں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اس گلی نے یہ سن کے صبر کیا
جانے والے یہاں کے تھے ہی نہیں
۔۔۔۔۔۔۔
اور کیا چاہتی ہے گردش ایام کہ ہم
اپنا گھر بھول گئے ان کی گلی بھول گئے
۔۔۔۔۔
کتنی دل کش ہو تم کتنا دلجو ہوں میں
کیا ستم ہے کہ ہم لوگ مر جائیں گے
۔۔۔۔۔۔۔
ایک ہی حادثہ تو ہے اور وہ یہ کہ آج تک
بات نہیں کہی گئی بات نہیں سنی گئی
۔۔۔۔۔۔۔
کون اس گھر کی دیکھ بھال کرے
روز اک چیز ٹوٹ جاتی ہے
۔۔۔۔۔۔۔
ہم کو یاروں نے یاد بھی نہ رکھا
جون یاروں کے یار تھے ہم تو
۔۔۔۔۔۔۔
مجھ کو اب کوئی ٹوکتا بھی نہیں
یہی ہوتا ہے خاندان میں کیا
۔۔۔
بولتے کیوں نہیں میرے حق میں
آبلے پڑ گئے زبان میں کیا
۔۔۔۔
یہ مجھے چین کیوں نہیں پڑتا
ایک ہی شخص تھا جہان میں کیا
۔۔۔۔۔۔۔
اب نہیں کوئی بات خطرے کی
اب سبھی کو سبھی سے خطرا ہے
۔۔۔۔۔۔
ہم نے کئے گناہ تو دوزخ ملی ہمیں
دوزخ کا کیا گناہ کہ دوزخ کو ہم ملے
۔۔۔۔
ہنسی آتی ہے مجھ کو مصلحت کے ان تقاضوں پر
کہ اب اک اجنبی بن کر اسے پہچاننا ہوگا
۔۔۔۔۔۔۔
آئینہ کہتا ہے کہنا تو ہمیں چاہئے تھا
تو زندہ ہے۔ رہنا تو نہیں چاہئے تھا
۔۔۔۔۔۔۔
ترک الفت سے کیا ہوا حاصل
تب بھی مرتا تھا اب بھی مرتا ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز