پاکستان

پاکستان نے سعودی عرب کو ایک ارب ڈالر کیوں لوٹائے؟

جموں و کشمیر کے محاذ پر سعودی عرب کی طرف سے تازہ جھٹکا لگنے اور سلطنت کو ایک ارب ڈالر واپس کرنے کے بعد پاکستان کی عمران خان حکومت اندرون ملک اپوزیشن کی زبردست تنقید کی زد میں آ گئی ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

اسلام آباد: جموں و کشمیر کے محاذ پر سعودی عرب کی طرف سے تازہ جھٹکا لگنے اور سلطنت کو ایک ارب ڈالر واپس کرنے کے بعد پاکستان کی عمران خان حکومت ادرون ملک اپوزیشن کی زبردست تنقید کی زد میں آ گئی ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جیو نیوز کو ایک انٹرویو میں حکومت کی پوزیشن ٹھوس طور پر واضح کرنے کے بجائے یہ کہہ کر قصہ تمام کرنے کی کوشش کی ہے کہ ’ہم (سعودی عرب پر) اپنی جان دینے کو تیار ہیں لیکن انہیں بھی ہمارے عوام کی خواہش کو ذہن میں رکھنا چاہیے‘۔

Published: 08 Aug 2020, 2:33 PM IST

جموں کشمیر کے رُخ پر کل پاکستان کو اس وقت ایک جھٹکا اور لگا تھا جب سعودی عرب نے ایک بار پھرکشمیر کے تعلق سےاسلامی تنظیم برائے تعاون (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کی ہنگامی اجلاس کی پاکستانی درخواست مسترد کردی تھی۔پاکستانی روزنامہ ڈان کی اطلاع کے مطابق یہ درخواست وزیر اعظم عمران خان نے کی تھی جسے سعودی عرب نے مسترد کردیا۔

Published: 08 Aug 2020, 2:33 PM IST

وزرائے خارجہ کی کونسل کے انتظامات کے لئے او آئی سی 9 فروری کو جدہ میں اپنے اعلی عہدیداروں کی میٹنگ کر رہی ہے۔ سعودی عرب کے رویہ سے ناخوش پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پچھلے دنوں ایک انٹرویو میں یہ کہہ دیا تھا کہ اگرکشمیر پر او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس نہ بلایا گیا تو پاکستان کشمیر پر دوست ممالک کا اجلاس بلانے پر مجبور ہو جائے گا۔

Published: 08 Aug 2020, 2:33 PM IST

اس تیور کا پاکستان میں اپوزیشن خاص طور پر مسلم لیگ نون نے جیسے ہی اپنے حق میں فائدہ اٹھانے کی کوشش کی مسٹر قریشی نے جیو سے بات چیت کے ذریعہ حکومت کی ساکھ بچانے کی کوشش میں آج کہا کہ ’سعودی عرب ہمارا محسن ہے، ہمیں احساس ہے کہ کتنے پاکستانی وہاں ہیں، ہمیں اس چیز کا بھی احساس ہے کہ انہوں نے آڑے وقتوں میں ہمارا ساتھ دیا، اس زمین کی حفاظت کے لیے ہم اپنی جان دینے کو تیار ہیں لیکن انہیں ہماری عوام کی خواہش کو ذہن میں رکھنا چاہیے‘۔

Published: 08 Aug 2020, 2:33 PM IST

پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کو ایک ارب ڈالر واپس کرنے کے سوال پر شاہ محمود قریشی نے بس یہ وضاحت کی کہ ’کورونا وائرس کی وجہ سے سعودیہ کی معیشت پر کافی دباؤ آیا ہے۔ اپوزیشن کا بہرحال کہنا ہے کہ عمران خان حکومت اپنی ناعاقبت اندیشیوں سے پاکستان کو خارجہ میدان میں تنہائی کا شکار کر رہی ہے اور خارجہ محاذ پر ملک کے نازک معاملات کو اپنی حماقت یا پھر کسی دانستہ ایجنڈے کے تحت زک پہنچا رہی ہے۔ واضح رہے پاکستان نے شور مچا رکھا تھا کہ اُس نے کشمیر کے رخ پر او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے لئے سعودی عرب کو راضی کر لیا ہے لیکن سعودی ذمہ داران نے اس سے لا علمی ظاہر کہ پاکستان کو ایسی کوئی یقین دہانی کرائی گئی۔

Published: 08 Aug 2020, 2:33 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 08 Aug 2020, 2:33 PM IST