پاکستان

پاکستان: 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل سمیت دیگر مقدمات میں عمران خان کو عدالت سے ملی راحت، ضمانتیں منظور

عمران خان آج جب اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے تو ساتھ میں ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی لاہور سے آئی تھیں جو کہ دوران سماعت گاڑی میں موجود رہیں۔

عمران خان، تصویر آئی اے این ایس
عمران خان، تصویر آئی اے این ایس 

190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں احتساب عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی 19 جون تک ضمانت منظور کر لی ہے۔ اس تعلق سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر عمران خان احتساب عدالت اسلام آباد پہنچے اور ضمانت کی درخواست دائر کی۔ اس درخواست پر جج محمد بشیر نے سماعت کی۔ سماعت کے دوران عدالت نے سوال کیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیا حکم دیا ہے؟ عمران خان کے وکیل خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے 3 دن کا وقت دیا ہے کہ متعلقہ عدالت سے رجوع کریں۔ پھر جج محمد بشیر نے کہا کہ ’’تو آپ نے آج ہی درخواست دائرکر دی؟‘‘ وکیل نے کہا کہ عمران خان کی درخواست ضمانت تیار رکھی تھی کہ ضرورت پڑی تو آج ہی دائر کر دیں گے۔‘‘ بعد ازاں احتساب عدالت نے 5 لاکھ کے مچلکوں کے عوض عمران خان کی 19 جون تک کی ضمانت منظور کر لی۔

Published: undefined

اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں عمران خان کی عبوری ضمانت میں 3 دن کی توسیع کرتے ہوئے انہیں احتساب عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔ عمران خان درخواست ضمانت میں پیشی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے تھے اور اس موقع پر عدالت اور اطراف میں سخت سیکورٹی کے انتظامات کیے گئے تھے۔ عمران خان کے ساتھ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی لاہور سے آئی تھیں جو کہ دوران سماعت گاڑی میں موجود رہیں۔

Published: undefined

عمران خان کی 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں درخواست ضمانت پر سماعت  جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی سربراہی میں ڈویژن بینچ نے کی۔ عدالت نے عمران خان کی عبوری ضمانت میں 3 دن کی توسیع کرتے ہوئے 3 دن میں احتساب عدالت سے رجوع کرنے کا حکم دے دیا تھا۔ عمران خان کے وکلا نے 8 جون تک عبوری ضمانت میں توسیع کی استدعا کی تھی۔ عدالت نے عمران خان کی درخواست ضمانت ہدایات کے ساتھ نمٹا دی، عدالت کا کہنا تھا کہ احتساب عدالت  سے رجوع نہ کرنےکی صورت میں پیرکو عبوری ضمانت غیر مؤثر ہو جائے گی۔

Published: undefined

دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے مقدمے میں ضمانت میں 10 دن کی توسیع:

عمران خان کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر تھانہ مارگلہ میں درج مقدمے میں ضمانت کی درخواست کی سماعت بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوئی۔ درخواست کی ضمانت جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب  نے کی۔ عدالت نے عمران خان کی عبوری ضمانت میں 10دن کے لیے توسیع کرتے ہوئے انہیں تھانہ مارگلہ میں شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا۔

Published: undefined

 9مئی کے واقعات کے بعد درج مقدمات، ضمانت میں 10 دن کی توسیع:

اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کی 9 مئی کے واقعات کے بعد درج مقدمات میں گرفتاری سے روکنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ ہم ایف ایٹ نہیں جا سکتے، اس کورٹ سے ضمانت لینا چاہ رہے ہیں، ہم اس کیس میں سیکورٹی خدشات کی بناء پر کچہری کے بجائے یہاں دلائل دینا چاہتے ہیں۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ کچہری 6 جون سے نئے کمپلیکس میں شفٹ ہو جائے گی۔

Published: undefined

عدالت نے ہدایت کی کہ اگر ایف ایٹ کچہری نئے کمپلیکس میں شفٹ نہ ہو تو جوڈیشیل کمپلیکس میں کیس سنا جائے، اگر کچہری نئے کمپلیکس میں شفٹ ہوگئی تو کیس کی سماعت وہاں ہوگی۔ عدالت کے استفسار  پر اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ عمران خان کے خلاف 9 مئی کے بعد 6 مقدمات درج کیے گئے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کو  6 مقدمات میں گرفتاری سے روکنے کے حکم میں توسیع کر دی۔ عدالت نے عمران خان کے خلاف 9 مئی کے بعد درج  مقدمات میں 10 دن کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی اور 10 روز میں متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined