اسلام آباد: خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر مشترکہ آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں کالعدم تحریک طالبان کے 6 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ ڈان نیوز کے مطابق لکی مروت پولیس کے ترجمان شاہد حمید نے بتایا کہ پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی نے مختلف بم حملوں اور دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث دہشت گردوں کی تھانہ ڈاڈیوالہ کی حدود میں موجودگی کی اطلاع پر کاروائی کی۔
Published: undefined
ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ دہشت گرد چوکی عباسہ پر حملے کا منصوبہ بنا رہے ہیں، جس پر لکی مروت پولیس اور سی ٹی ڈی بنوں کی ٹیم دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر آپریشن کے لیے پہنچی تو دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر کئی اطراف سے فائرنگ شروع کر دی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس نے بھی جوابی فائرنگ شروع کی، کافی دیر تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، فائرنگ رکنے پر پولیس نے تلاش شروع کی تو 6 دہشت گرد مارے جا چکے تھے، جن کے پاس سے اسلحہ، گولہ بارود اور دستی بم بھی ملے۔
Published: undefined
پولیس ترجمان کے مطابق مارے گئے 6 مبینہ دہشت گردوں میں چار کی شناخت ضیا اللہ عرف کوچی ولد داود، صفت اللہ عرف ڈرون ولد حیات اللہ، محیب اللہ ولد شریف اور کلیم اللہ عرف فقیر ولد امیرنواز سے ہوئی، جبکہ باقی ہلاک 2 دہشت گردوں کی شناخت کی جا رہی ہے۔ پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد پولیس پر حملوں اور دہشت گردی کے واقعات میں لکی مروت پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی کو مطلوب تھے، جو کالعدم ٹی ٹی پی کے سر گرم ارکان تھے۔ واضح رہے گزشتہ سال نومبر میں اسی علاقے میں دہشت گردوں نے چوکی عباسہ کی پولیس موبائل گاڑی پرحملہ کیا تھا جس میں پولیس کے 6 جوان شہید ہو گئے تھے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز